1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملالہ کو ’بچوں کا نوبل‘ انعام بھی مل گیا

ندیم گِل30 اکتوبر 2014

نوبل امن انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی کو سویڈن میں ورلڈز چلڈرنز پرائز برائے 2014ء دیا گیا ہے۔ اس ایوارڈ کے لیے دنیا بھر میں لاکھوں بچوں کے ووٹ کے ذریعے وہ اس انعام کی حقدار ٹھہریں۔

https://p.dw.com/p/1DeDb
تصویر: Reuters//Anders Wiklund/TT News Agency

اس ایوارڈ کے منتظم ادارے کا کہنا ہے کہ ملالہ کو یہ انعام لڑکیوں کی تعلیم کے حق کے لیے ایک خطرناک لڑائی کا حصہ بننے اور ان کے حوصلے کے لیے دیا گیا ہے۔ انہیں قبل ازیں رواں ماہ ہی نوبل امن انعام بھی دیا گیا، جسے پانے والی وہ کم عمر ترین شخصیت ہیں۔

ورلڈز چلڈرنز پرائز کو ’چلڈرنز نوبل‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ انعام وصول کرنے پر انہوں نے سویڈن کے نشریاتی ادارے ایس وی ٹی کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہاکہ یہ ان کے لیے انتہائی اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا: ’’یہ ایوارڈ محض ملالہ کہلانے والی ایک لڑکی کے لیے نہیں ہے، یہ ایوارڈ بالخصوص ان بچوں کے لیے ہے جو اسکول جانے سے محروم ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا: ’’میں بہت خوش ہوں اور یہ میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے کہ اس مرتبہ یہ انعام مجھے بچوں کی طرف سے ملا ہے، بچوں نے میرے لیے ووٹ دیے۔‘‘

Malala Yousafzai Freiheitsmedaille in USA
ملالہ کو متعدد اعزازت سے نوازا جا چکا ہےتصویر: Reuters/Tom Mihalek

اس کے ساتھ ہی ملالہ نے اس انعام کی نقد رقم پچاس ہزار ڈالر غزہ میں اقوام متحدہ کے اسکولوں کی تعمیر نو کے لیے دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ بات فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے نے بتائی ہے۔

یونائیٹڈ نیشنز ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) نے ایک بیان میں بتایا کہ ملالہ اس انعام کی ساری رقم اس ادارے کو دیں گی۔

اس ایجنسی نے ملالہ کے حوالے سے کہا: ’’معصوم فلسطینی بچوں نے طویل عرصے سے بہت دُکھ سہے ہیں۔‘‘

اس بیان کے مطابق ملالہ نے مزید کہا: ’’ہم سب کو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرنا ہو گا کہ فلسطینی لڑکے لڑکیاں، اور ہر جگہ سبھی بچے ایک محفوظ ماحول میں معیاری تعلیم پائیں۔‘‘

خیال رہے کہ رواں ماہ ہی ملالہ کو لبرٹی میڈل بھی دیا گیا۔ انہوں نے اس ایوارڈ کی نقد رقم اپنے آبائی وطن پاکستان میں تعلیم کے لیے وقف کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لبرٹی میڈل امریکا میں نیشنل کانسٹیٹیوشن سینٹر (این سی سی)کا سالانہ انعام ہے۔ این سی سی کے مطابق انہیں یہ اعزاز مصیبت کے سامنے حوصلے اور پھر سے اٹھ کھڑے ہونے کی طاقت کے لیے دیا گیا ہے جس کی بدولت وہ ان لوگوں کے لیے ایک طاقتور آواز بن کر ابھریں جنہیں ان کے بنیادی انسانی حقوق اور آزادیوں سے محروم رکھا گیا ہے۔