1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مفتی محمد سعید نے حلف اٹھا لیا

افسر اعوان1 مارچ 2015

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں علیحدگی پسند گروپوں کے ساتھ ہمدردی رکھنے والی سیاسی جماعت پی ڈی پی کے سربراہ مفتی محمد سعید نے بی جے پی کے ساتھ مخلوط حکومت قائم کرتے ہوئے بطور وزیراعلیٰ اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1EjUS
Mufti Mohammed Sayeed
تصویر: picture-alliance/dpa/Singh

یہ پہلا موقع ہے کہ بھارت میں حکمران ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے پاکستان اور بھارت میں متنازعہ علاقے جموں و کشمیر کے اس حصے میں اتحادی حکومت قائم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے جو بھارت کے زیر انتظام ہے۔

بھارتی زیر انتظام کشمیر ملک بھر میں مسلم اکثریت والا واحد علاقہ ہے۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق اس خطے میں بھارت سے علیحدگی کے لیے پرتشدد تحریک چلتی رہی ہے جو 1980ء کی اواخر میں اپنے عروج پر تھی۔

کشمیر کی علاقائی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ مفتی محمد سعید نے بطور وزیر اعلیٰ جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما نرمل سنگھ نے بطور نائب وزیراعلیٰ آج اتوار یکم مارچ کو اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ اس سلسلے میں منعقد کی گئی خصوصی تقریب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی شریک ہوئے۔

حلف برداری کی تقریب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی شریک ہوئے
حلف برداری کی تقریب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی شریک ہوئےتصویر: picture alliance/AP Photo/Anand

بھارتی زیر انتظام جموں اور کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے مرحلہ وار ہونے والے انتخابات کے نتائج کا اعلان 23 دسمبر کو کیا گیا تھا۔ ان انتخابات میں کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت نہیں مل سکی تھی۔ کشمیر کی زیادہ خود مختار حیثیت کی حامی جماعت پی ڈی پی نے مسلم اکثریت والے علاقے کشمیر میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو جموں کے علاقے میں کامیابی ملی جہاں ہندوؤں کی اکثریت ہے۔ یہ بھی پہلا موقع ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو اس علاقے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

ڈی پی اے کے مطابق جموں وکشمیر میں مخلوط حکومت بنانے والی ان دونوں جماعتوں کے درمیان سنجیدہ نوعیت کے اختلافات موجود ہیں۔ ان میں سے ایک وہ قانون بھی ہے جس کے تحت ملکی مسلح فورسز کو مجرمانہ مقدمات کے خلاف استثنیٰ حاصل ہے۔ پی ڈی پی اس قانون کا خاتمہ چاہتی ہے۔

دوسری طرف بے جی پی جموں اور کشمیر کو آئین میں دی گئی خصوصی حیثیت کے خاتمے کی متمنی ہے۔ اس خصوصی حیثیت کی بدولت علاقائی ریاستی اسمبلی کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ زمین کی ملکیت جیسے معاملات پر اپنی مرضی کے قوانین بنا سکتی ہے۔ تاہم بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ مخلوط حکومت قائم کرنے والی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے خلاف ہے۔