1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

معاون پائلٹ نےشدید ڈپریشن کو چھپایا: جرمن تفتیش کار

عابد حسین27 مارچ 2015

فرانسیسی پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہونے والے جرمن وِنگز کے ہوائی جہاز کے معاون پائلٹ آندریاس لُوبِٹس کے بارے میں جرمن اخبار بِلڈ نے رپورٹ کیا ہے کہ وہ شدید ڈپریشن کا شکار تھا۔

https://p.dw.com/p/1EyPv
فیس بُک سے اٹھائی گئی اندریاس لُوبِٹس کی تصویرتصویر: picture alliance/AP Photo

اخبار کی رپورٹ کے مطابق سن 2009 میں گہرے ڈپریشن کے کا شکار ہونے کے بعد اُس نے ماہرٍ نفسیات کی مدد بھی حاصل کی تھی۔ اخبار کے مطابق وہ ابھی تک ماہر نفسیات کی معاونت حاصل کیے ہوئے تھا۔ معاون پائلٹ کے بارے میں انکشاف، جرمن اخبار نے جرمنی میں ہوائی ٹرانسپورٹ کی نگرانی کرنے والے ادارے LBA کی دستاویزات کے مطالعے کے بعد کیا ہے۔ اِسی دوران جرمن تفتیش کاروں نے بتایا ہے کہ اندریاس لُوبِٹس نے ملازمت کے وقت اپنی ڈیپریشن کو چھپائے رکھا تھا۔

مغربی جرمن قصبے مونٹاباور کے رہنے والے معاون پائلٹ آندریاس لُوبِٹس کے بارے میں جرمن اخبار کے نئے انکشاف سے کئی سوال کھڑے ہو گئے ہیں کہ اگر وہ شدید ڈپریشن کا مریض تھا تو پائلٹ بننے کا اہل کیسے قرار دیا گیا۔

بلڈ کے مطابق آندریاس لُوبٹس مسلسل اور باقاعدگی کے ساتھ نفسیاتی عارضوں کے معالج کے ساتھ علاج کی غرض سے انفرادی میٹنگز کرتا چلا آ رہا تھا۔ اخباری رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ سستی ہوائی کمپنی جرمن وِنگز پر ملکیت رکھنے والی ایئر لائن لفتھانزا نے آندریاس لُوبِٹس کے بارے میں یہ معلومات جرمنی میں ہوائی ٹرانسپورٹ کی نگرانی کرنے والے ادارے LBA کو روانہ کی تھیں۔ لفتھانزا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کارسٹن سپوہر نے اِس کی تصدیق کی ہے کہ لُوبِٹس نے سن 2008 میں اپنی پائلٹ بننے کی تربیت کچھ عرصے کے لیے معطل کر دی تھی۔ سپوہر کے مطابق بعد میں اُس نے تربیتی عمل مکمل کر کے سن 2013 میں ایئر بس کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

Montabaur Wohnort Andreas Lubitz Durchsuchung Polizei
مونٹاباور میں لُوبِٹس کے والدین کے گھر پر پولیس کا چھاپاتصویر: picture alliance/dpa/von Erichsen

جرمن اخبار نے لُوبِٹس کے ٹریننگ کو معطل کرنے کو ڈپریشن اور ہیجانی کیفیت (anxiety) کے ساتھ نتھی کیا ہے۔ جرمن تفتیش کار اور فرانزک ماہرین بھی معاون پائلٹ کے ریکارڈ کی چھان بین کر کے اپنی معلومات باضابطہ طور پر فرانسیسی تفتیش کاروں کو فراہم کریں گے۔ جرمن پولیس ڈسلڈورف میں پائلٹ کے اپارٹمنٹ اور اُس کی گرل فرینڈ کے حوالے سے دستیاب معلومات پر فوکس کیے ہوئے ہے۔ اسی طرح مونٹا باور میں لُوبِٹس کے والدین کے گھر کی بھی پولیس نے تلاشی لی ہے۔

فرانسیسی تفتیش کاروں کے مطابق جرمن وِنگز کی پرواز کا پائلٹ کاک پٹ سے باہر ٹوائلٹ استعمال کرنے کے لیے گیا تو معاون پائلٹ نےکاک پٹ کو اندر سے لاک کر دیا تھا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ پائلٹ کی واپسی پر معاون پائلٹ نے کاک پٹ کا دروازہ کھولنے سے انکار کر دیا۔ جرمن اخبار بلڈ کے مطابق پائلٹ نے کاک پٹ کے دروازے کو کلہاڑی سے بھی کھولنے کی کوشش کی جو کامیاب ثابت نہ ہو سکی۔ جرمن ونگز کے ترجمان کے مطابق کلہاڑی ایمرجنسی صندوق میں رکھنا ایک معیاری طریقہ ہے۔ اسی دوران اقوام متحدہ کے عالمی شہری ہوابازی کے ادارے نے تمام پائلٹوں کے دماغی اور جسمانی چیک اپ کو باقاعدگی سے کروانے کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔