1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مریم مرزا خانی ’ریاضی کا نوبل انعام‘ حاصل کرنے والی پہلی خاتون

13 اگست 2014

ایران سے تعلق رکھنے والی ریاضی دان مریم مرزا خانی وہ پہلی خاتون بن گئی ہیں جنہوں نے ریاضی کا مؤقر ترین ایوارڈ ’فیلڈز میڈل‘ حاصل کیا ہے۔ اس اعزاز کو عرف عام میں ’ریاضی کے نوبل انعام‘ کا درجہ حاصل ہے۔

https://p.dw.com/p/1CtQK
تصویر: Reuters

مریم مرزا خانی ہارورڈ یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ ہیں اور اس وقت بطور پروفیسر کیلیفورنیا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے منسلک ہیں۔ مرزا خانی ان چار افراد میں شامل ہیں جن کی کامیابی کا اعلان آج بدھ کے روز انٹرنیشنل کانگریس آف میتھیمیٹکس (ICM) کی جانب سے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں ہونے والی اپنی ایک کانفرنس کے دوران کیا گیا۔

بے ترتیب اشکال کی جیومیٹری کی ماہر کے طور پر انہوں نے بے قاعدہ اور خمیدہ یا مڑی ہوئی سطحوں کا حجم معلوم کرنے کا ایک نیا طریقہ مرتب کیا ہے۔ ICM کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق، ’’مریم غیر معمولی طور پر ریاضی کی مختلف النوع تکنیکوں کی ماہر ہیں۔ وہ حیران کن ٹیکنیکل صلاحیت کی حامل، جرآت مندانہ عزم، دور رس وژن اور سیکھنے کی گہری لگن رکھتی ہیں۔‘‘

بے ترتیب اشکال کی جیومیٹری کی ماہر کے طور پر انہوں نے بے قاعدہ اور خمیدہ یا مڑی ہوئی سطحوں کا حجم معلوم کرنے کا ایک نیا طریقہ مرتب کیا ہے
بے ترتیب اشکال کی جیومیٹری کی ماہر کے طور پر انہوں نے بے قاعدہ اور خمیدہ یا مڑی ہوئی سطحوں کا حجم معلوم کرنے کا ایک نیا طریقہ مرتب کیا ہےتصویر: BilderBox

مرزا خانی 1977ء میں ایرانی دارالحکومت تہران میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے 2004ء میں ہارورڈ یونیورسٹی سے اپنی پی ایچ ڈی مکمل کی۔ قبل ازیں وہ 2009ء میں بلومن تھال ایوارڈ Blumenthal Award برائے ’ایڈوانسڈ ریسرچ ان پیور میتھیمیٹکس‘ جبکہ 2013ء میں سَیٹر پرائز Satter Prize آف امیریکن میتھیمیٹیکل سوسائٹی بھی حاصل کر چکی ہیں۔

فیلڈز میڈل ہر چار سال بعد دیا جاتا ہے۔ عام طور پر یہ اعزاز ایک سے زائد ایسے ماہرین کو دیا جاتا ہے جن کی عمر 40 برس سے زائد نہ ہو۔ اس برس فلیڈز میڈل حاصل کرنے والے تین دیگر ماہرین فرانس کے آرتھر آویلا Artur Avila، پرنسٹن یونیورسٹی ان نیو جرسی کے مَنجُل بھرگوا Manjul Bhargava اور برطانیہ کی یونیورسٹی آف واروِک کے مارٹن ہیئرر Martin Hairer ہیں۔

چونکہ ریاضی ایک ایسا شعبہ ہے جس میں نوبل انعام نہیں دیا جاتا اس لیے فیلڈز میڈل کو اس شعبے کا اعلیٰ ترین ایوارڈ اور اہمیت میں نوبل پرائز کا ہم پلہ قرار دیا جاتا ہے۔ رواں برس یہ میڈل جنوبی کوریا کی پہلی خاتون صدر پارک گُن شے کی جانب سے دیے گئے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا، ’’میں تمام جیتنے والوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ مریم مرزا خانی کے لیے خصوصی تالیاں، جن کی لگن اور محنت نے انہیں ایسی پہلی خاتون بنا دیا ہے جس نے اس شعبے میں فیلڈز میڈل حاصل کیا ہے۔‘‘

آج بدھ کے روز ہونے والی اس تقریب سے قبل 52 افراد کو اس اعزاز سے نوازا جا چکا ہے اور وہ تمام کے تمام مرد ریاضی دان تھے۔ اس موقع پر اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی طرف سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز میں مرزا خانی کا کہنا تھا، ’’یہ بہت زیادہ عزت افزائی ہے۔ مجھے بہت خوشی ہو گی اگر میری یہ کامیابی نوجوان خواتین سائنس دانوں اور ریاضی دانوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتی ہے تو۔ مجھے یقین ہے کہ آنے والے برسوں میں بہت زیادہ خواتین اس طرح کے ایوارڈ حاصل کریں گی۔‘‘

مرزا خانی ریاضی کےمیدان میں عالمی سطح پر اس وقت نمودار ہوئیں جب انہوں نے 1994ء اور 1995ء میں مسلسل دو برس ’’انٹرنیشنل میتھ اولمپیاڈ‘‘ میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ وہ 2008ء میں اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں میتھیمیٹکس کی پروفیسر مقرر ہوئیں اور اس وقت اپنے شوہر اور تین سالہ بیٹی کے ساتھ رہتی ہیں۔