1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مردہ پیدا ہونے والے بچے میڈیکل لانڈری پہنچا دیے گئے

مقبول ملک4 مارچ 2015

امریکی شہر لاس ویگاس میں ایک ہسپتال کے عملے نے حادثاتی اسقاط حمل کے نتیجے میں مردہ پیدا ہونے والے دو بچوں کو غلطی سے دھلائی کے لیے ہسپتال کی گندی چادروں کے ساتھ ایک لانڈری میں بھیج دیا۔

https://p.dw.com/p/1El3J
Wiko Waescherei

امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی بدھ چار مارچ کے روز لاس ویگاس سے ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ہسپتال سے آنے والے گندوں کپڑوں میں شامل چادروں میں لپٹی حمل کی مدت پوری ہونے سے قبل ہی رحم مادر میں انتقال کر جانے والے دو بچوں کی لاشیں دیکھ کر متعلقہ لانڈری کے کارکن شدید دھچکے کی کیفیت میں آ گئے، جس پر فی الفور شہر کی پولیس کا اطلاع کر دی گئی۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ دونوں مردہ انسانی جنین شہر کے اسپرنگ ویلی ہسپتال سے کل منگل کے روز شہر کے مضافات میں ہینڈرسن کے مقام پر واقع میڈیکل لانڈری کمپنی ’انجیلیکا‘ پہنچے تھے۔

Wiko Waescherei
’دونوں مردہ جنین فوری طور پر لانڈری سے واپس ہسپتال پہنچا دیے گئے‘

ہینڈرسن پولیس کی ایک خاتون ترجمان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے اس لانڈری میں پہنچ کر جو چھان بین کی، اس کے نتیجے میں واضح ہو گیا کہ یہ واقعہ اسپرنگ ویلی ہسپتال کے عملے کی غلطی کا نتیجہ تھا اور اس میں کسی مشکوک مجرمانہ کارروائی کا کوئی اندیشہ نہیں تھا۔

لاس ویگاس کے اس ہسپتال کی ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ دونوں مردہ بچے ایک ایسی خاتون کے تھے جو کل ہی ایک ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچی تھی اور جسے اس کے بقول حادثاتی طور پر اسقاط حمل کا سامنا کرنا پڑ گیا تھا۔ ہسپتال کی ترجمان کے بقول جب اس مریضہ کو اسپرنگ ویلی ہسپتال لایا گیا، تو دونوں مردہ جنین چادروں میں لپٹے اس کے ساتھ ہی ایمرجنسی میں لائے گئے تھے۔ ہسپتال کی ترجمان گریچن پاپیز کے مطابق یہ پتہ چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ یہ غلطی کس طرح ہوئی اور دونوں مردہ جنین میڈیکل لانڈری کمپنی پہنچ گئے۔ ’’یہ دونوں مردہ جنین فوری طور پر لانڈری سے واپس ہسپتال پہنچا دیے گئے اور اس سلسلے میں ہسپتال کی انتظامیہ مریضہ کے اہل خانہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔‘‘