1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’لَوّ جہاد‘ سے ہندو مسلم کشیدگی بڑھتی ہوئی

امجد علی25 اکتوبر 2014

بھارت میں کٹر ہندوؤں کا دعویٰ ہے کہ ملک بھر میں درجنوں مسلمان نوجوان ہندو لڑکیوں کو اغوا کرنے کے بعد اُنہیں اپنی محبت کے جال میں پھنسا رہے ہیں اور یہ کہ اُن کا واحد مقصد اُنہیں ہندو سے مسلمان بنانا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Dc2D
DW Reihe Love Jihad
تصویر: Aletta Andre

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی نے اپنے ایک تازہ جائزے میں لکھا ہے کہ حال ہی میں قومی میڈیا پر شمالی ریاست اُتر پردیش کی ایک بیس سالہ ہندو لڑکی کو دکھایا گیا، جس کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے اور جو یہ بتا رہی تھی کہ اُسے اغوا کرنے اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد زبردستی اسلام قبول کرنے پر مجبور کیا گیا۔ اگرچہ گزشتہ ہفتے اس خاتون نے ہنگامہ خیز انداز میں اپنے تمام تر الزامات یہ کہتے ہوئے واپس لے لیے کہ اُس کے گھر والوں نے اُس پر دباؤ ڈال کر اُسے یہ ساری کہانی گڑھنے کے لیے کہا تھا تاہم میڈیا کی اس طرح کی رپورٹوں نے کٹر ہندو قوم پرستوں کے ان خدشات کو ہوا دی ہے کہ مسلمان نوجوان ’لَوّ جہاد‘ کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دائیں بازو کے انتہا پسند ہندو اپنی وَیب سائٹس پر اور پمفلٹس کی صورت میں ہندو اکثریت کو ’لَوّ جہاد‘ کے ’خطرے‘ سے خبردار کر رہے ہیں جبکہ ایک سرکردہ حکومتی وزیر نے دونوں جانب کے مذہبی قائدین پر زور دیا ہے کہ وہ ’مکالمت کے ذریعے اس مسئلے کا حل تلاش کریں‘۔

مشہور فلمی ستارے سیف علی خان نے ایک مسلمان ہوتے ہوئے ایک ہندو اداکارہ کرینہ کپور سے شادی کر رکھی ہے
مشہور فلمی ستارے سیف علی خان نے ایک مسلمان ہوتے ہوئے ایک ہندو اداکارہ کرینہ کپور سے شادی کر رکھی ہےتصویر: dapd

تقریباً ایک ارب پچیس کروڑ کی آبادی کے حامل بھارت میں مسلمانوں کی تعداد 150 ملین کے لگ بھگ ہے اور کٹر ہندوؤں کا الزام یہ ہے کہ مسلمان اپنی اس خفیہ مہم کے ذریعے سیکولر بھارت کو ’اپنا‘ ملک بنانا چاہتے ہیں۔

میڈیا میں پہلے الزامات عائد کرنے والی اور پھر اپنے الزامات واپس لے لینے والی ہندو لڑکی کے حوالے سے انتہا پسند جماعت وشوا ہندو پریشد کے ایک ترجمان ونود بنسال نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’یقینی طور پر اس لڑکی کو غلط بیانات دینے پر مجبور کیا جا رہا ہے‘۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ وہ صرف نئی دہلی ہی میں ’لَوّ جہاد‘ کے کم از کم دَس کیسوں سے واقف ہیں، بنسال کا کہنا تھا:’’ہمارا پولیس کا نظام اتنا کمزور ہے کہ خواتین کے لیے آگے آ کر کھلے عام یہ بتانا مشکل ہوتا ہے کہ کیسے مسلمان مرد اُنہیں جبر و تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔‘‘

اے ایف پی نے اپنے جائزے میں لکھا ہے کہ جب سے وزیر اعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی بائیں بازو کی اعتدال پسند جماعت کانگریس پارٹی کے دَس سالہ اقتدار کو ختم کرتے ہوئے اس سال مئی کے انتخابات کے نتیجے میں برسرِ اقتدار آئی ہے، بنسال جیسے کارکنوں کے حوصلے بڑھ گئے ہیں۔

نئی دہلی کا ایک خوش و خرم جوڑا، روہنی کا تعلق ایک ہندو گھرانے سے ہے جبکہ طارق ایک مسلمان ہے، وہ دونوں ’لَوّ جہاد‘ کے بارے میں خبروں کو مبالغہ آمیز قرار دیتے ہیں
نئی دہلی کا ایک خوش و خرم جوڑا، روہنی کا تعلق ایک ہندو گھرانے سے ہے جبکہ طارق ایک مسلمان ہے، وہ دونوں ’لَوّ جہاد‘ کے بارے میں خبروں کو مبالغہ آمیز قرار دیتے ہیںتصویر: Aletta Andre

اگرچہ انتہا پسند ہندو تنظیم آر ایس ایس (راشٹریہ سیونگ سَنگھ) کے ساتھ مودی کے بھی دیرینہ روابط ہیں تاہم اقتدار میں آنے کے بعد وزیر اعظم نے ان خدشات کو غلط ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ اُن کی دائیں بازو کی حکومت میں مذہبی اقلیتوں کو پیچھے دھکیل دیا جائے گا۔

اگرچہ خود اعتدال پسند ہندو بھی ’لَوّ جہاد‘ کو ایک مضحکہ خیز سازشی نظریہ قرار دیتے ہوئے مسترد کرتے ہیں تاہم ماہرین خبردار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کٹر عناصر کی عوام کو مذہبی بنیادوں پر منقسم کرنے کی کوششوں کے نتیجے میں مختلف مذاہب کے درمیان کشیدگی کو ہوا مل سکتی ہے۔

’لَوّ جہاد‘ کی اصطلاح 2009ء میں اُس وقت ابھر کر سامنے آئی تھی، جب ایک ہندو انتہا پسند تنظیم نے دعویٰ کیا تھا کہ ریاست کرناٹک میں تقریباً تیس ہزار خواتین کو مسلمان بنا لیا گیا ہے۔

بھارتی فلم نگری کے مشہور ستارے سیف علی خان نے ایک مسلمان ہوتے ہوئے ایک ہندو اداکارہ کرینہ کپور سے شادی کر رکھی ہے۔ حال ہی میں اُنہوں نے ایک قومی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ میں اپنے ایک بے حد سراہے جانے والے مضمون میں ’لَوّ جہاد‘ کو مسترد کرتے ہوئے کہا:’’جب مَیں نے اور کرینہ نے شادی کی تھی، ہمیں بھی اسی طرح قتل کی دھمکیاں ملی تھیں اور انٹرنیٹ پر لوگ لَوّ جہاد کے بارے میں عجیب و غریب باتیں لکھ رہے تھے۔ شادی جہاد نہیں ہے۔ بین المذاہب شادی ہی انڈیا ہے۔ انڈیا ایک مِکس ہے۔‘‘