1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’لائف اسٹائل بیماریاں‘ قبل از وقت موت کا سبب

عابد حسین19 جنوری 2015

عالمی ادارہٴ صحت کے مطابق مختلف انسانی رویوں سے جڑی بیماریاں لاکھوں انسانوں کی قبل از وقت موت کا سبب بن رہی ہیں۔ ان مضر صحت عادات میں شراب نوشی اور سگریٹ نوشی اہم ہیں۔

https://p.dw.com/p/1EMcc
تصویر: Fotolia/Photosebia

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے دائمی امراض سے بچاؤ اور مینیجمنٹ کی رپورٹ کا اجراء آج پیر کے روز کیا گیا ہے۔ رپورٹ مرتب کرنے والے ریسرچرز کی قیادت شانتی مینڈس کر رہی تھیں۔ اِس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سن 2012 تک اُن بیماریوں سے ہلاکتوں کی تعداد 38 ملین کے لگ بھگ تھی، جن میں امراضِ قلب، ذیابیطُس یا شُوگر، نظام تنفس اور مختلف سرطان کی قسمیں شامل ہیں۔ شانتی مینڈس نے اِس صورت حال کو ’’لائف اسٹائل بیماریوں کی وبا‘‘ سے تعبیر کیا ہے۔

خاتون ریسرچرز نے عالمی ادارے اور حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ انسانی زندگی کا تعاقب کرنے والی ایسی سُست رو موت کے خلاف ایکشن پلان متعارف کروانا وقت کی اشد ضرورت ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بیان کیا گیا کہ لائف اسٹائل بیماریوں کا تعلق حقیقت میں انسانوں کے معاشرتی رابطوں، رویوں اور عادات کے ساتھ جڑا ہے۔ اِن میں دوستوں کی محفلوں میں شوقیہ انداز میں شروع کی جانے والی سگریٹ نوشی اور پھر اُس کا عادت میں تبدیل ہو جانا، فیشن ایبل اور رنگین محفلوں میں شریک ہو کر مے نوشی اور پھر روزانہ کی بنیاد پر شراب پینے کا شغل کرنا، مرغن غذاؤں کا کثرت سے استعمال اور عام معمولات میں نمک اور میٹھے کا غیر ضروری استعمال عام طور پر دیکھا گیا ہے۔

اِن عادات پر مسلسل عمل پیرا ہونے سے وہ بیماریاں جنم لیتی ہیں جو انجام کار موت کا سبب بنتی ہیں۔ سن 2012 کے دوران ایسی بیماریوں سے جو 38 ملین افراد ہلاک ہوئے تھے، ان میں 16 ملین وہ لوگ تھے جن کی عمریں 70 برس سے کم تھیں۔

E-Cigarettes Elektrische Zigarette
مضر صحت عادات میں شراب نوشی اور سگریٹ نوشی اہم ہیںتصویر: Getty Images

شانتی مینڈس کا رپورٹ کی اجراء کے لیے وقف تقریب سے قبل ذرائع ابلاغ کے نمائدوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لائف اسٹائل بیماریوں کی وبا سے عالمی سطح پر ہلاکتیں ہزاروں میں نہیں بلکہ لاکھوں میں ہو رہی ہیں۔ ہر روز تیس برس سے لے کر ساٹھ سال کی عمر کے مختلف لوگ مختلف ملکوں میں اپنی زندگیاں ہار رہے ہیں۔ مینڈس کے مطابق ایسی اموات کی اتنی زیادہ شرح اُن کے لیے ناقابلِ یقین ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ زندگی کے مختلف رویوں سے منسلک اِن مختلف بیماریوں سے 82 فیصد ہلاکتیں غریب اور متوسط طبقے کے حامل ملکوں میں دیکھی گئی ہیں۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ریسرچر کے مطابق ایسے لوگوں کو مرنے سے بچانا کوئی مشکل کام نہیں بلکہ تھوڑے سے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

عالمی ادارہٴ صحت کی سربراہ مارگریٹ چَن کا کہنا تھا کہ عالمی برادری تھوڑی سے توجہ سے ایسی غیر اعلانیہ اور غیر اطلاعاتی بیماریوں سے ہونے والی ہلاکتوں میں کمی پیدا کر سکتی ہے اور اِس کے لیے اگلی دہائی کے دوران عالمی سطح پر صرف 11.2 بلین سالانہ بنیادوں پر خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔ رپورٹ نے تجویز کیا کہ اِس رقم سے ساری دنیا کے ملکوں میں صحت مندانہ عادات کو فروغ دینے کی مہم کو فوری طور پر چلانا از حد ضروری ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ عالمی سطح پر تجویز کردہ کُل رقم میں سے ایک سے تین ڈالر فی کس خرچ آئے گا لیکن لاکھوں انسانوں کو قبل از وقت موت سے بچایا جا سکے گا۔