1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قیدی جیل میں نہیں، پولیس کے ساتھ شراب خانے میں تھے

مقبول ملک31 مارچ 2015

بھارت کے تجارتی مرکز ممبئی میں پولیس کے دو ایسے اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے، جن پر الزام ہے کہ وہ ڈیوٹی پر موجود ہونے کی بجائے دو قیدیوں کے ساتھ شہر کے ایک شراب خانے میں رات بھر مے نوشی کرتے رہے تھے۔

https://p.dw.com/p/1F0C8
تصویر: Fotolia/Oleg Zhukov

مغربی بھارتی شہر ممبئی سے ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق ان دو مقامی پولیس اہلکاروں کو اس لیے معطل کیا گیا کہ انہیں جن قیدیوں کی نگرانی کرنا تھی، ان میں سے دو کو ساتھ لے کر وہ ممبئی کی ایک بار میں کم از کم بھی سات گھنٹے تک بیئر پیتے رہے تھے۔

ممبئی کے ڈپٹی پولیس کمشنر ایس جے کمار نے آج منگل، 31 مارچ کے روز بتایا کہ ان پولیس اہلکاروں نے دو قیدیوں کو تفتیش کا بہانہ کر کے جیل سے باہر نکالا اور کچھ ہی دیر بعد وہ چاروں ایک بار میں بیٹھے شراب نوشی کر رہے تھے۔

Symbolbild Alkoholismus Alkohol
تصویر: Fotolia/Africa Studio

ڈپٹی پولیس کمشنر کے مطابق ان قیدیوں کے نگران اہلکاروں کے ساتھ رات بھر جیل سے باہر رہنے کا پتہ اگلی صبح پولیس کے روزنامچے میں درج کردہ تفصیلات سے چلا، جس پر دونوں پولیس افسران کو معطل کر دیا گیا۔ ایس جے کمار کے بقول گزشتہ مہینے پیش آنے والے پولیس ہی کی طرف سے قانون شکنی کے اس واقعے کی داخلی چھان بین کی جا رہی ہے۔

اے ایف پی نے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ حالیہ دنوں کے دوران ممبئی میں یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے، جس میں پولیس اہلکاروں کو قیدیوں کے ساتھ ’برادرانہ اخوت‘ کا مظاہرہ کرتے پایا گیا۔

گزشتہ ہفتے ممبئی ہی کے جسم فروشی کے لیے مشہور ایک علاقے میں چھاپے کے دوران پانچ ایسے افراد پکڑے گئے تھے، جن میں سے چار پولیس افسران تھے اور پانچواں ایک ایسا سزا یافتہ قاتل جسے پولیس اہلکاروں کے ساتھ ریڈ لائٹ ایریا میں ہونے کی بجائے انہی کی نگرانی میں جیل میں ہونا چاہیے تھا۔