1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا ون: سنگاپور گراں پری ميں لوئس ہيملٹن کی کاميابی

عاصم سليم22 ستمبر 2014

ايشيائی ملک سنگاپور ميں ہونے والی گراں پری ريس ميں کاميابی حاصل کرتے ہوئے مرسڈيز ٹيم کے برطانوی ڈرائيور لوئس ہيملٹن فارمولا ون کی عالمی رينکنگ ميں پہلی پوزيشن پر آ گئے ہيں۔ رواں سيزن ميں اب پانچ ریسیں باقی ہيں۔

https://p.dw.com/p/1DGcp
تصویر: Reuters/Tim Chong

مرينا بے اسٹريٹ سرکٹ پر اتوار اکيس ستمبر کے روز منعقدہ سنگاپور گراں پری ریس ميں مرسڈيز ٹيم کے لوئس ہيملٹن نے کاميابی حاصل کر لی ہے۔ ہيملٹن نے ريس کا آغاز پول پوزيشن سے کيا اور وہ ريس کے زيادہ تر دورانيے ميں اپنی سبقت قائم رکھنے ميں کامياب رہے۔ بعد ازاں کچھ دير کے ليے ريڈ بُل ٹيم کے جرمن ڈرائيور سباستيان فيٹل ان سے آگے نکلنے ميں کامياب ہو گئے تاہم ريس کے اختتام سے سات ليپ پہلے ہيملٹن دوبارہ پہلی پوزيشن پر آ گئے اور يوں ريس اُنہوں نے جيت لی۔

لوئس ہيملٹن کی يہ لگاتار دوسری اور رواں سيزن کی ساتويں کاميابی تھی، جس کے بعد اُن کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 241 ہو گئی ہے اور وہ فارمولا ون کے ڈائيورز کی درجہ بندی ميں پہلی پوزيشن پر آ گئے ہيں۔ ريس ميں مرسڈيز ٹيم کے دوسرے رکن اور ہيملٹن کے ساتھی جرمنی سے تعلق رکھنے والے نيکو روزبرگ اپنی گاڑی ميں تکنيکی نقص کے باعث اپنی ريس ختم نہ کر سکے۔ يہ امر اہم ہے کہ رينکنگ ميں روزبرگ 238 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزيشن پر براجمان ہيں۔

سباستيان فيٹل ريس کے اختتام پر دوسرے اور ڈينيل ريکيارڈو تيسرے نمبر پر رہے
سباستيان فيٹل ريس کے اختتام پر دوسرے اور ڈينيل ريکيارڈو تيسرے نمبر پر رہےتصویر: Getty Images/Dan Istitene

ريس کے بعد بات چيت کرتے ہوئے ہيملٹن کا کہنا تھا، ’’يہ کھيل کا وقت ہے اور يہ کھيل شکار کی مانند ہے۔ ميں يہ نہيں سمجھتا کہ ميں چيمپئن شپ جيت رہا ہوں۔ ابھی بھی پانچ ريسيں باقی ہيں اور ميں وہی کروں گا، جو ميں پچھلی دو ريسوں ميں کرتا آيا ہوں اور وہ ہے ہر سيشن ميں حملہ۔‘‘

سنگاپور گراں پری کے دوران کچھ وقت کے ليے ايسا لگ رہا تھا کہ گزشتہ تين برس سے اس ريس کو جيتنے والے جرمن ڈرائیور سباستيان فيٹل اس بار بھی بازی لے جائيں گے تاہم ريس کے اختتام پر وہ دوسرے نمبر پر رہے۔ تيسری پوزيشن پر ريڈ بُل ٹيم کے ڈينيل ريکيارڈو، چوتھی پوزيشن پر فيراری کے فرنانڈو اولانسو جبکہ وليمز ٹيم کے فليپے ماسا پانچويں نمبر پر رہے۔

سنگاپور گراں پری کے اختتام پر فارمولا ون ڈرائيورز رينکنگ ميں مرسڈيز ٹيم کے لوئس ہيملٹن 241 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، مرسڈيز ٹيم ہی کے نيکو روزبرگ 238 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ريڈ بُل ٹيم کے آسٹريليا سے تعلق رکھنے والے ڈينيل ريکيارڈو تيسرے نمبر پر ہيں۔ فيراری ٹيم کے ہسپانوی ڈرائيور فرنانڈو اولانسو 133 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی اور ريڈ بُل ٹيم کے جرمن ڈرائيور سباستيان فيٹل 124 پوائنٹس کے ساتھ پانچويں پوزيشن پر ہيں۔