1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاپتہ اسرائيلی فوجی کے بارے ميں کوئی اطلاع نہيں، حماس

عاصم سليم2 اگست 2014

فلسطينی تنظيم حماس کی طرف سے کہا گيا ہے کہ تنظيم کے پاس لاپتہ اسرائيلی فوجی کے بارے ميں کوئی معلومات دستياب نہيں ہيں اور ممکن ہے کہ فوجی مسلح تصادم ميں ہلاک ہوگيا ہو۔

https://p.dw.com/p/1Cnih
تصویر: Mahmud Hams/AFP/Getty Images

امريکی دارالحکومت واشنگٹن ميں جمعہ يکم اگست کے روز ايک پريس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے باراک اوباما نے کہا کہ غزہ پٹی ميں جنگ بندی مشکل ہے کيونکہ وہاں اس وقت بہت زيادہ غم و غصہ پايا جاتا ہے۔

پريس کانفرنس کے دوران امريکی صدر نے فائر بندی کے قيام کے ليے وزير خارجہ جان کيری کی کوششوں کا دفاع کيا، جو تاحال کوئی رنگ نہیں لا سکی ہيں۔ کيری اس ہفتے اسرائيل ميں شديد تنقيد کی زد ميں رہے، جہاں چند دھڑوں کا کہنا ہے کہ ان کی کوششيں حماس کے زير استعمال سرنگوں کو ختم کرنے کے ليے جاری اسرائيلی آپريشن ميں رکاوٹيں ڈال رہی ہيں۔

صدر اوباما نے حماس اور ديگر فلسطينی دھڑوں پر زور ديا کہ کشيدگی ميں کمی کے ليے وہ اغواء کیے جانے والے اسرائيلی فوجی کو رہا کريں۔ انہوں نے کہا، ’’اگر وہ اس تنازعے کے حل کے ليے سنجيدہ ہيں، تو اس فوجی اہلکار کو غير مشروط اور فوری طور پر رہا کر ديا جانا چاہيے۔‘‘

گزشتہ روز اسرائيلی بمباری کے نتيجے ميں ستر مزيد فلسطينی مارے گئے
گزشتہ روز اسرائيلی بمباری کے نتيجے ميں ستر مزيد فلسطينی مارے گئےتصویر: picture-alliance/AP

ادھر ترک وزير خارجہ احمد داؤد اوگلو نے کہا ہے کہ اغواء شدہ اسرائيلی فوجی کی بازيابی کے ليے وہ ہر ممکن کوشش کريں گے۔ استنبول ميں رپورٹروں سے بات چيت کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’اہم يہ ہے کہ جنگ بندی بحال ہو۔ اس بات کو يقينی بنانے کے ليے ہم سب ايک ساتھ ايسے اقدامات کر سکتے ہيں کہ فوجی کی رہائی کا معاملہ حل ہو۔‘‘ اس موقع پر داؤد اوگلو کا مزيد کہنا تھا، ’’اگر جنگ بندی صرف اس ليے روک دی گئی کيونکہ ايک اسرائيلی فوجی کو اغواء کر ليا گيا، تو کسی نہ کسی کو ان 70 فلسطينيوں کے ليے بھی جواب دہ ہونا پڑے گا، جنہيں گزشتہ روز ہلاک کر ديا گيا۔ ہماری نظر ميں تمام انسان برابر ہيں۔‘‘

اقوام متحدہ کے سربراہ بان کی مون نے بھی اسرائيلی فوجی کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس ہی کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی۔

غزہ سے ہفتے کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق حماس کے عسکری ونگ کی طرف سے کہا گيا ہے کہ اسے اسرائيلی فوجی کے بارے ميں کچھ علم نہيں ہے اور ممکن ہے کہ يہ فوجی مسلح تصادم ميں مارا گيا ہو۔

دريں اثناء غزہ ميں اسرائيلی کارروائی جاری ہے اور گزشتہ روز غزہ کے جنوبی حصے رفاع سے ايک اسرائيلی فوجی کے اغواء کے بعد سے اب تک 90 سے زائد فلسطينی ہلاک ہو چکے ہيں۔ آج ہفتے کی صبح تازہ بمباری کے نتيجے ميں رفاع ہی ميں انيس مزيد فلسطينی ہلاک ہوئے جبکہ گزشتہ روز ہلاک ہونے والے فلسطينيوں کی تعداد ستّر تھی۔

غزہ سے اسرائيل کی طرف راکٹ حملوں کے جواب ميں آٹھ جولائی کو اسرائيلی کارروائی کے آغاز سے اب تک 1,574 فلسطينی ہلاک اور سات ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہيں۔ اس دوران اسرائيل کے بھی تريسٹھ فوجی اور تين شہری ہلاک ہو چکے ہيں۔ اسرائيلی فوج کے بھی چار سو سے زائد فوجی زخمی ہوئے ہيں۔