1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی سطح پر اوسط انسانی عمر میں اضافہ

افسر اعوان18 دسمبر 2014

دنیا بھر میں اوسط انسانی عمر 2013ء میں 71.5 برس تک پہنچ گئی۔ آج جمعرات 18 دسمبر کو جاری کی جانے والی ایک اسٹڈی رپورٹ کے مطابق 1990ء میں قریب چھ برس اضافہ ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1E6aC
تصویر: picture alliance / Bildagentur-o

اس رپورٹ کے مطابق 1990ء میں اوسط انسانی عمر 65.3 برس تھی۔ برطانوی طبی جریدے ’دی لینسٹ‘ میں شائع ہونے والی اس اسٹڈی کے مطابق 1990 سے 2013ء کے درمیان عالمی سطح پر مردوں کی اوسط عمر میں 5.8 برس جبکہ خواتین میں 6.6 برس اضافہ ہوا۔

اوسط عمر میں اضافے کی بڑی وجہ کینسر اور دل کے امراض کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں بڑی کمی کو قرار دیا گیا ہے۔ اس عرصے کے دوران دنیا کے ہائی انکم یا متوسط علاقوں میں کینسر کے سبب ہونے والی اموات کی شرح میں 15 فیصد جبکہ دل کی بیماریوں کے سبب ہونے والی اموات کی شرح میں 22 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ جبکہ دنیا کے نسبتاﹰ کم آبادی والے علاقوں میں اوسط عمر میں اضافے کی وجہ اسہال کی وجہ سے، اور سانس کی بیماریوں کے باعث ہونے والی اموات کی شرح میں کمی کو قرار دیا گیا ہے۔

اوسط عمر میں اضافہ دنیا کے صرف ایک علاقے میں ممکن نہیں ہو سکا اور یہ سب صحارا کے افریقی ممالک ہیں جہاں ایچ آئی وی اور ایڈز کے باعث ہونے والی اموات کے سبب اوسط عمر میں پانچ برس تک کمی واقع ہوئی ہے۔

Mutter mit Säugling beim Kinderarzt
انسانی زندگی کی اوسط عمر میں اضافے کی وجہ مختلف بیماریوں کے علاج میں کامیابی سے ممکن ہوا ہےتصویر: picture-alliance/Joker

اس اسٹڈی کے مصنف اعلیٰ ڈاکٹر کرسٹوفر مرے کے مطابق، ’’مختلف طرح کی بیماریوں اور انجریز کے خلاف ہونے والی بہتری بہت اچھی بلکہ حیران کن ہے، لیکن ہم اس میں مزید بہتری لا سکتے ہیں اور ہمیں لانی چاہیے۔‘‘ ڈاکٹر کرسٹوفر مرے واشنگٹن یونیورسٹی کے شعبہ گلوبل ہیلتھ میں پروفیسر ہیں۔

تاہم اس اسٹڈی کے مطابق بعض بیماریوں کے سبب ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جن میں پیپاٹائٹس سی کے سبب ہونے والے جگر کے کینسر )1990 کے مقابلے میں 125 فیصد اضافہ)، نشہ آور ادویات کے سبب ہونے والی بیماریوں (63 فیصد اضافہ)، گردوں کی بیماریاں (37 فیصد اضافہ) ذیابیطس (نو فیصد) اور لبلبے کا کینسر (سات فیصد اضافہ) وغیرہ شامل ہیں۔

’’دی گلوبل برڈن آف ڈیزیز اسٹڈی 2013‘‘ کے لیے فنڈز بِل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی طرف سے فراہم کیے گئے تھے۔ اس اسٹڈی کے مطابق دنیا کے بعض دیگر کم آمدنی والے ممالک کے علاوہ بھارت میں بھی اوسط عمر میں اضافہ ہوا ہے۔ 1990ء کے بعد سے بھارت میں مردوں کی اوسط عمر میں سات برس جبکہ عورتوں کی اوسط عمر میں 10 برس سے زائد اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ تاہم بھارت میں خودکشی کے رجحان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس اسٹدی کے مطابق دنیا بھر میں ہونے والی خودکشیوں کی نصف تعداد صرف بھارت اور چین میں ہوتی ہیں۔