1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طویل خشک سالی میں زندہ رہنے والے پودوں کا تجربہ

10 مارچ 2015

زراعتی ماہرین اور محققین کا کہنا ہے کہ خشک سالی کی شکار زمین پر ایسی فصلوں کی کاشت کی جانی چاہیے جو خشک سالی کے دور کو برداشت کرنے کی اہل ہوں۔

https://p.dw.com/p/1Eo6C
تصویر: picture-alliance/dpa

طویل خشک سالی محض فصلوں کو تباہ نہیں کر سکتی بلکہ یہ صحرائی خطوں کے کنارے پر بسنے والے انسانوں کو زراعت کے پیشے سے بھی مکمل طور پر محروم کر دیتی ہے۔ اس طرح ان علاقوں میں زندگی بسر کرنے والوں کی روزی روٹی کا ذریعہ تباہ ہو کر رہ جاتا ہے۔

اس صورت حال میں لوگوں کا آخری سہارا بھیڑوں اور بکریوں کو پال کر اسے اپنا ذریعہ معاش بنانا ہی رہ جاتا ہے تاہم ان مویشیوں کو پالنے کے لیے بھی انہیں چارے کی ضرورت ہوتی ہے۔ خشک سالی کے شکار علاقوں میں ان جانوروں کو جہاں کہیں کوئی باقی سبز چیز نظر آتی ہے وہ اُسے کھا جاتے ہیں۔ اس سب کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ایسے علاقوں کی زمین مکمل طور پر تباہ یا بنجر ہو کر رہ جاتی ہے۔

Trockenstress- und Salzresistente Pflanzen
نمک کے خلاف مزاحم پودوں کا تجربہتصویر: Janina Federau

زمین کا بہتر استعمال

دنیا کے ایسے خطے جہاں پانی کی کمی یا خشک سالی پائی جاتی ہے وہاں کے رہائشیوں کو گو ناگوں مسائل کا سامنا رہتا ہے جس کے سبب وہ اپنے علاقوں کو چھوڑ کر کسی قریبی زرخیز علاقے کی طرف نقل مکانی کی کوشش کرتے ہیں۔ اس سے دنیا کی ایک بڑی اراضی کے برباد ہو جانے کے امکانات بڑھتے جا رہے ہیں۔ زراعت کے شعبے کے ماہرین ان مسائل کا حل ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ خشک سالی کی شکار زمین کا کوئی نا کوئی استعمال نکالا جا سکے اور ایسے علاقوں کے مکینوں کے لیے زمین چھوڑ کر جانے کی بجائے اپنی ہی زمین پر کسی ذریعے سے معاش کا بندوبست کرنے کا موقع فراہم ہو سکے۔

اس سلسلے میں زراعتی ماہرین اور محققین کا کہنا ہے کہ خشک سالی کی شکار زمین پر ایسی فصلوں کی کاشت کی جانی چاہیے جو خشک سالی کے دور کو برداشت کرنے کی اہل ہوں اور اس کے گزر جانے کے بعد کچھ فائدہ دے سکیں۔

Wirtschaft Ägypten Landwirtschaft Viehzucht
بہت سے صحرائی علاقوں میں مویشی پال کر لوگ اپنا گزر بسر کرتے ہیںتصویر: Mohammed Hossam/Afp/Getty Images

جرمن شہر بون کی یونیورسٹی کے کاشت کاری کے تحقیقی شعبے کے سربراہ پروفیسر ژینز لیون اس بارے میں کہتے ہیں کہ پودوں کی ایسی بہت سی اقسام ہیں جو انتہائی خُشکی میں بھی خراب نہیں ہوتیں تاہم یہ ہمیشہ مفید ثابت نہیں ہوتے ہیں۔ پروفیسر ژینز کے بقول،"دنیا بھر میں پائے جانے والے پودوں کی بہت سی مختلف اقسام ہوتی ہیں۔ پھل دار، دیر تک زندہ رہنے والے، جلد مرجھا جانے والے یا پھر جنگلی پودے۔ نہایت دلچسپ عمل پودوں کی نئی جینیاتی اقسام کی تلاش ہے۔ خاص طور سے ایسے پودے جو خُشک سالی میں بھی زندہ رہنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔‘‘

پیوند کاری کے ذریعے نئے پودے

پروفیسر ژینز لیون اور دنیا بھر میں زراعتی تحقیقات کے شعبے سے منسلک اُن کے دیگر ساتھی پودوں کی کراس پلانٹیشن یا پیوند کاری کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ایسے نئے اقسام کے پودے پیدا ہونے لگیں جو خشک سالی کے دور کا مقابلہ کرنے کی صالاحیت رکھتے ہوں اور جن کی صحرائی علاقوں میں شجر کاری کی جا سکے اور یہ خراب نہ ہوں۔ اس تجربے میں ماہرین ایک جنگلی اور یک عام پودے کی کراس پلانٹیشن یا کرکے اس کی کاشت صحرائی علاقوں میں کرنا چاہتے ہیں تاکہ خشک سالی کے علاقے میں بھی کچھ ہریالی نظر آئے۔ دوسرے یہ کہ اس طرح کی کراس پلانٹیشن سے ممکنہ طور پر ایسے پودے نکل سکتے ہیں جو خُشک سالی کا موسم ختم ہونے کے بعد بارآور ثابت ہو سکیں۔

پروفیسر ژینز کہتے ہیں،"اگر ہم اس تجربے میں کامیاب ہو گئے اور ہم نے اس مکینیزم کے تحت ان پودوں کا ڈی این اے DNA مارکر یا ڈی این اے اقسام کا مطالعہ کر لیا تو ہم مستقبل میں مختلف پودوں کی خصوصیات اور اُن کے مابین ربط کے مطابق ان کی شجر کاری کریں گے۔ یہ صحرائی علاقوں میں خشک سالی کو بھی جھیلنے کے اہل ہوں گے اور خشک سالی کا دور گزرنے کے بعد یہ شاید ثمر بار بھی ثابت ہو سکیں گے"۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید