1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صدر کے سر پر آم مارنے کا نتیجہ، ’نئے گھر کا وعدہ‘

مقبول ملک26 اپریل 2015

وینزویلا میں ملکی صدر نکولاس مادُورو کے سر پر آم مارنے والی ایک خاتون کو اس کی اس حرکت کا معاوضہ یہ ملا ہے کہ صدر نے ناراض ہونے کے بجائے اس خاتون کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے اسے ایک نیا گھر مہیا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1FF5w
تصویر: Fotolia/DragonImages

وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس سے ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق بظاہر یہ واقعہ کوئی من گھڑت داستان معلوم ہوتا ہے لیکن یہ ایک ایسا سچ ہے جس کی اس وقت پورے وینزویلا میں دھوم مچی ہوئی ہے۔ روئٹرز نے اس واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا ہے کہ وینزویلا کے 52 سالہ صدر نکولاس مادُورو گزشتہ ویک اینڈ پر ملک کے وسطی صوبے آراگُوآ میں بس چلاتے ہوئے ایک بڑے ہجوم سے گزر رہے تھے کہ کسی نے ان کے سر پر ایک آم دے مارا۔

اس آم پر ہاتھ سے لکھا تھا، ’’ہو سکے تو مجھے فون کریں۔‘‘ بعد ازاں صدر مادُورو نے، جو ایک سابق بس ڈرائیور ہیں، یہی آم ایک انٹرویو کے دوران ٹیلی وژن پر دکھایا بھی۔ تب وینزویلا کے عوام نے اپنے گھروں پر ٹیلی وژن کی سکرینوں پر دیکھا کہ اس آم پر اسے پھینکنے والی خاتون نے اپنا نام اور ٹیلی فون نمبر بھی لکھا تھا۔

صدر مادُورو نے کہا، ’’اس خاتون کا نام مارلینی اولیوو ہے اور انہیں اپنے گھر کی وجہ سے کئی مشکلات کا سامنا تھا۔ سرکاری اہلکاروں نے انہیں فون کیا تو پہلے تو وہ ڈر گئیں۔ پھر انہیں یقین ہی نہ آیا کہ انہیں ایک نیا فلیٹ مہیا کیے جانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔‘‘

Maduro in Panama
نکولاس مادُورو وینزویلا میں 2013ء میں انتقال کر جانے والے صدر اُوگو چاویز کے پس رو بنے تھےتصویر: picture-alliance/dpa/Ernesto

ایک مجبور خاتون شہری کی اس ‌حرکت اور اپنے سر پر لگنے والے آم کے بارے میں صدر نکولاس مادُورو نے بعد ازاں کہا کہ مارلینی اولیوو کو گرینڈ وینزویلا ہاؤسنگ مشن کے ایک رہائشی منصوبے میں ایک فلیٹ مہیا کیا جائے گا اور ان کی طرف سے پھینکا گیا آم وہ خود کھائیں گے۔

روئٹرز کے مطابق صدر مادُورو کے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ وینزویلا کے شہریوں کے درمیان سوشل میڈیا پر بھی انتہائی حد تک زیر بحث آیا۔ کسی نے اس کو مثالی قرار دیا اور کسی نے شہرت حاصل کرنے کا عوامیت پسندانہ انداز۔ ایک ویب سائٹ نے تو یہاں تک لکھ دیا کہ اگر آم مارنے پر نیا فلیٹ مل سکتا ہے تو فلیٹ سے زیادہ بڑے انعام کے کسی بھی خواہش مند کو اگلی مرتبہ کوئی بڑا انناس مارنا چاہیے۔

نکولاس مادُورو وینزویلا میں 2013ء میں انتقال کر جانے والے صدر اُوگو چاویز کے پس رو بنے تھے۔ مادُورو بھی چاویز کی طرح ملک کے مختلف حصوں کے دورے کرتے ہوئے عوام سے رابطے میں رہتے ہیں اور شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے ان کی بہت سی درخواستیں ذاتی طور پر وصول کرتے ہیں۔ یہ درخواستیں کاغذ پر لکھی یا پرنٹ کی ہوئی ہوتی ہیں اور ’آم پر لکھی گئی درخواست صدر کو مارنے‘ کا واقعہ بہرحال اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تھا۔

روئٹرز کے مطابق وینزویلا کے ایک شہری نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے، ’’اگر بہت سے لوگ نیا گھر حاصل کرنے کے لیے قطار بنا کر صدر کو آم مارنے لگے تو ملک میں آموں کی قلت ہو جائے گی۔‘‘