1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شیشے میں اپنا آپ اکثر برا لگنا بھی بیماری ہے

مقبول ملک17 مارچ 2015

دن میں کسی بھی وقت شیشہ دیکھنا، اپنی شخصیت کا جائزہ لینا قطعی معمول کی بات ہے۔ لیکن اگر آپ شیشے کے سامنے خود کو اکثر برا اور بدصورت محسوس کریں، اپنی شخصیت سے غیر مطمئن ہوں تو یہ ایک نفسیاتی بیماری بھی ہو سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Es6X
تصویر: Fotolia/evgenyatamanenko

اکثر ایسا بھی ہوتا ہے کہ بہت سے لوگ خود کو شیشے میں دیکھ کر پریشان ہو جاتے ہیں، وہ پوری طرح اس تصور کے قائل ہو جاتے ہیں کہ وہ بہت برے دکھائی دے رہے ہیں۔ ایسی صورت میں خرابی آپ کی شخصیت یا چہرے کی جاذبیت میں نہیں ہوتی بلکہ یہ ایک ایسی نفسیاتی بیماری یا سنڈروم کا نتیجہ ہوتا ہے، جو آپ کو یہ یقین دلا دیتا ہے کہ آپ بدصورت نظر آ رہے ہیں اور اس کے خلاف آپ کو کچھ نہ کچھ کرنا ہی چاہیے۔

Spiegelbild Frau Lippenstift
تصویر: picture alliance / Bildagentur-online/Begsteiger

نفسیاتی ماہرین اس بیماری کو باڈی ڈِسمورفِک ڈِس آرڈر یا اپنے جسم کے بے ڈھنگا ہونے سے متعلق نفسیاتی خلل کا نام دیتے ہیں جو کسی بھی انسان کے ذہن میں اپنی ذات میں نقص یا عدم تحفظ کے بہت چھوٹے سے احساس کو بھی غیر معمولی حد تک شدید بنا سکتا ہے۔ اس سنڈروم کے شکار افراد میں اپنے ظاہر کو بدلنے کی ایک ایسی قابو میں نہ آنے والی خواہش پیدا ہو جاتی ہے، جس کا نتیجہ بہت سے ذہنی اور جسمانی نقصانات حتیٰ کہ موت کی صورت میں بھی نکل سکتا ہے۔

جرمن شہر فرینکفرٹ کی یونیورسٹی کی معروف ماہر نفسیات وکٹوریہ رِٹّر کہتی ہیں کہ اسی احساس کے نتیجے میں بہت سے لوگ مسلسل تشویش کا شکار ہو جاتے ہیں، جس کے بعد وہ نہ صرف خود سے ہمیشہ ناخوش رہتے ہیں بلکہ ایسے مرد اور خواتین ہر دم یہی سوچنے میں لگے رہتے ہیں کہ وہ اپنی شخصیت کو ظاہری طور پر زیادہ جاذبِ نظر اور پرکشش کیسے بنا سکتے ہیں۔

ماہر نفسیات وکٹوریہ رِٹّر کے مطابق ایسے اکثر متاثرہ افراد اس سے کہیں زیادہ پرکشش شخصیات کے مالک ہوتے ہیں، جتنا کہ وہ خود کو سمجھتے ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ’’ایسے افراد شیشے میں اپنا جو عکس دیکھتے ہیں، اس کا اس شخصیت سے حقیقی تعلق نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے، جس کے وہ دراصل مالک ہوتے ہیں۔‘‘

Symbolbild Depression
تصویر: Artem Furman - Fotolia.com

فرینکفرٹ یونیورسٹی کی یہ معروف سائیکالوجسٹ نہ صرف Body Dysmorphic Disorder کے مریضوں کا مطالعہ کرتی ہیں بلکہ ان کا ممکنہ تھیراپی کے ذریعے علاج بھی کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سنڈروم کے شکار افراد تقریباﹰ ہمیشہ ہی اپنی شخصیت کے جمالیاتی پہلوؤں اور اعضاء کے متناسب ہونے کے حوالے سے بہت گہرے لیکن تنقیدی رویوں کے مالک ہوتے ہیں اور اسی لیے انہیں انتہائی معمولی سا فرق بھی بہت بڑا اور بدنما بنا دینے والا نظر آتا ہے۔

فرینکفرٹ ہی کے ایک سائیکو تھیراپسٹ شٹیفان برُن ہوئبر کے مطابق اس بیماری کے مریض جب کسی ماہر معالج سے مدد لینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو تب تک وہ اپنی شخصیت کے نقص کا شکار ہونے سے متعلق انتہائی منفی سوچ کے راستے پر بہت آگے تک جا چکے ہوتے ہیں۔

شٹیفان برُن ہوئبر کہتے ہیں کہ Body Dysmorphic Disorder ایک ایسا سنڈروم ہے جو اکثر انسانوں کو ان کے بچپن اور جوانی کے درمیانی سالوں میں متاثر کرتا ہے، جب وہ جسمانی طور پر بلوغت کے مرحلے سے گزر رہے ہوتے ہیں۔ ایسے مریض اپنی بدصورتی کے احساس پر قابو پانے کے لیے بیوٹی کلینکس، فٹنس سینٹرز یا پھر پلاسٹک سرجری کرنے والے ڈاکٹروں تک کا رخ کرتے ہیں، حالانکہ انہیں ضرورت صرف نفسیاتی رہنمائی اور سوچ کی اصلاح کی ہوتی ہے۔

Bildergalerie Neue Persische Wörter
تصویر: Dmitriy Melnikov - Fotolia

ڈاکٹر وکٹوریہ رِٹّر کا کہنا ہے، ’’اگر کوئی محض اپنے آپ کو زیادہ خوبصورت بنانے کے لیے روزانہ ایک گھنٹے سے بھی زائد کا وقت صرف کرے، بار بار اپنے آپ کو شیشے میں، کسی شیشے کی کھڑکی میں یا اپنے موبائل کی اسکرین پر دیکھے، یا دوسروں سے اکثر یہ پوچھتا پھرے کہ وہ کیسا نظر آ رہا ہے تو یہ رویہ خطرے کی گھنٹی ہو سکتا ہے۔‘‘ ڈاکٹر رِٹّر کے بقول ایسے افراد کو یا ان کے اہل خانہ کو فوری طور پر کسی نفسیاتی معالج سے رابطہ کرنا چاہیے۔

سائیکو تھیراپسٹ برُن ہوئبر کا کہنا ہے کہ اس مرض کی پہلی مرتبہ تشخیص سو سال پہلے ہو گئی تھی۔ تبھی اسے اس کا موجودہ نام دیا گیا تھا۔ اصل بات کسی بھی متاثرہ لڑکے، لڑکی، مرد یا عورت کو اس کے جسمانی ظاہر کے حوالے سے سچ تک لے کر جانا ہوتی ہے۔ اسی لیے ایسے کسی ذہنی رویے کا علم ہو جانے کے بعد نفسیاتی ماہرین سے مشاورت میں تاخیر نہیں کی جانی چاہیے۔