1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی ہالینڈ میں بجلی بند، ایمسٹرڈم ایئر پورٹ غیر فعال

مقبول ملک27 مارچ 2015

ہالینڈ کے شمالی حصے کو آج جمعے کے روز نیشنل گرڈ میں بہت بڑی خرابی کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور صدر مقام ایمسٹرڈم بھی بری طرح متاثر ہوا۔ ایمسٹرڈم ایئر پورٹ سے آنے جانے والی تمام پروازیں بھی منسوخ کرنا پڑ گئیں۔

https://p.dw.com/p/1EyQt
تصویر: Getty Images/AFP/O. Kraak

نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق ڈچ نیشنل پاور گرڈ کے آپریٹر ادارے Tennet نے بتایا کہ یہ بہت بڑا پاور بریک ڈاؤن بجلی کی ترسیل کے نظام پر پڑنے والے غیر معمولی دباؤ کا نتیجہ ہے۔ اس بریک ڈاؤن کے نتیجے میں شمالی ہالینڈ کے صوبے کے وسیع تر علاقے متاثر ہوئے۔

ایمسٹرڈم سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق شہر کے نواح میں Diemen کے مقام پر ایک پاور اسٹیشن میں یہ خرابی ہائی وولٹیج لائنوں میں ایک تکنیکی نقص کے ساتھ شروع ہوئی، جس کے بعد ملک کے سب سے بڑے شہر اور شمالی ہالینڈ کے وسیع تر علاقوں کو بجلی کی فراہمی بند ہو گئی۔ اس بریک ڈاؤن نے Hilversum کے نشریاتی مرکز کو بھی متاثر کیا۔

روئٹرز نے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ اس بریک ڈاؤن کے بعد ٹَینَٹ نامی ادارے کی طرف سے فوری طور پر اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا کہ بجلی کی فراہمی میں یہ انتہائی غیر معمولی تعطل کب تک ختم ہو سکے گا۔

ڈچ پبلک ٹیلی وژن چینل NOS نے بتایا ہے کہ جمعے کو قبل از دوپہر تک بہت سے ہسپتال اپنے ایمرجنسی پاور سسٹم استعمال کر رہے تھے لیکن ملک کے مختلف حصوں کو جانے والی بہت سی ریل گاڑیوں کی آمد و رفت بھی منسوخ کر دی گئی۔

Niederlande Stromausfall bei Tennet Flughafen Schiphol
اس پاور بریک ڈاؤن نے ہزار ہا مسافروں کو متاثر کیاتصویر: Getty Images/AFP/O. Kraak

اسی دوران ایمسٹرڈم کے Schiphol ایئر پورٹ کو، جو یورپ کا چوتھا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہے، اس خرابی کے بعد بجلی کی فراہمی کے اپنے ہنگامی نظام پر انحصار کرنا پڑا۔ لیکن یہ متبادل نظام بھی زیادہ دیر تک فعال نہ رہ سکا اور کچھ ہی دیر بعد ایئر پورٹ کی انتظامیہ کو وہاں اترنے والی اور وہاں سے رخصت ہونے والی تمام مسافر پروازیں منسوخ کرنا پڑ گئیں۔

شِپّول ایئر پورٹ کی انتظامیہ کے بقول وہاں تمام مسافر پروازوں کی منسوخی کے بعد آنے والی فلائٹس کو دیگر علاقائی ہوائی اڈے استعمال کرنے کے لیے کہا جا رہا ہے جبکہ وہاں سے روانہ یونے والی فلائٹس ابھی تک معطل ہیں۔

ایئر پورٹ کی ایک خاتون ترجمان نے روئٹرز کو بتایا، ’’ہمیں بجلی کے اس بریک ڈاؤن کی وجہ سے بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‘‘ ایمسٹرڈم کے صرف اس ایک ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمد و رفت معطل ہونے سے ہزا ہا مسافر متاثر ہوئے ہیں۔

جمعے کو بعد دوپہر ملنے والی رپورٹوں کے مطابق شِپّول ایئر پورٹ کی انتظامیہ نے بتایا کہ دن کے بارہ بجے کے بعد اس ہوائی اڈے کو بجلی کی فراہمی بحال ہو گئی۔