1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شاہد آفریدی، ٹی ٹوئنٹی کے کپتان

امجد علی16 ستمبر 2014

پاکستان کرکٹ بورڈ نے منگل 16 ستمبر کو اعلان کیا کہ شاہد آفریدی 2016ء تک پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ آئندہ برس مجوزہ ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت مصباح الحق کریں گے۔

https://p.dw.com/p/1DDFE
شاہد آفریدی
شاہد آفریدیتصویر: dapd

آفریدی محمد حفیظ کی جگہ کپتان بنے ہیں، جو رواں سال بنگلہ دیش میں ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی میں اپنی غیر مؤثر کارکردگی کی وجہ سے اپنے عہدے سے دستبردار ہو گئے تھے۔

آفریدی 2009ء سے لے کر 2011ء تک اُنیس ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔ ان میں سے پاکستانی ٹیم آٹھ میچ جیت سکی جبکہ گیارہ میچوں میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

2010ء میں پاکستان کی جو ٹیم ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب رہی تھی، اُس کی قیادت بھی شاہد آفریدی ہی کر رہے تھے۔ شاہد آفریدی کو 2010ء میں ہی پی سی بی کے اُس وقت کے چیئرمین اعجاز بٹ کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے کپتان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

مصباح الحق آئندہ برس مجوزہ ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کریں گے
مصباح الحق آئندہ برس مجوزہ ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کریں گےتصویر: T. Saeed

مقامی نجی ٹی وی چینل جیو کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان محمد یوسف نے کہا، ’’ٹی ٹوئنٹی میچوں میں آفریدی کی باؤلنگ بہت اچھی رہی ہے اور ہمیں اُس کا ساتھ دینا چاہیے۔ اُسے بس یہ کرنا ہے کہ اپنی ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلے۔‘‘

شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی میچوں میں تیسرے ایسے کھلاڑی ہیں، جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ یعنی 77 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ یہ ستتّر وکٹیں اُنہوں نے 74 میچوں میں حاصل کیں۔ اُن کی وکٹوں کی یہ تعداد سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی سعید اجمل سے، جو اپنے مشکوک ایکشن کی وجہ سے آج کل معطل ہیں، آٹھ کم ہے جبکہ دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بالر عمر گل سے چھ وکٹیں کم ہے۔

مصباح الحق اب تک 74 وَن ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں، جن میں سے 40 میں پاکستان کو فتح نصیب ہوئی جبکہ 31 میں اُسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

آئندہ برس فروری میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں شرکت سے پہلے پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات میں آٹھ وَن ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

ان میچوں میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اکتوبر میں کھیلا جانے والا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ بھی شامل ہے۔ اکتوبر ہی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین وَن ڈے میچ بھی کھیلے جائیں گے۔ دسمبر کے مہینے میں پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی اور پانچ وَن ڈے میچ کھیلے گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید