1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیاہ کاربن پیدا کرنے والے چولہے بلڈ پریشر میں اضافے کا باعث، تحقیق

عاطف توقیر26 اگست 2014

ایک تازہ تحقیق میں ماہرین کا کہنا ہے کہ چین میں ایسی خواتین میں بلڈپریشر کے زیادہ خطرات دیکھے گئے ہیں، جو کھانا پکانے کے دوران چولہے سے پیدا ہونے والی آلودگی کا سامنا کرتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1D18z
تصویر: picture-alliance/Lehtikuva/Hehkuva

پروسیڈنگز آف دا نیشنل اکیڈمی آف سائنسز میں شائع ہونے والی اس رپورٹ میں بلند فشار خون میں سیاہ کاربن کے کردار کو موضوع بنایا گیا ہے۔ سیاہ کاربن، کاربن ڈائی آکسائیڈ کے بعد انسانی سرگرمیوں کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلیوں کا باعث بننے والا دوسرا اہم ترین کیمیائی مادہ سمجھا جاتا ہے۔

سیاہ کاربن لکڑی، کوئلے اور معدنی ایندھن جلانے سے پیدا ہوتا ہے۔ محققین کے مطابق چین میں نصف سے زائد گھروں میں اب بھی چولہوں میں لکڑی اور کوئلہ جلایا جاتا ہے۔

اس تحقیق میں شمال مغربی چینی صوبے یونان میں رہنے والی 280 خواتین کو شامل کیا گیا، جن کی اوسط عمر 52 برس تھی۔ تحقیق کے آغاز میں ان میں سے 18 فیصد زیادہ وزن اور چار فیصد موٹاپے کا شکار تھیں، جب کہ تحقیق میں ان چولہوں کے استعمال کی وجہ سے ان کی صحت پر پڑنے والے اثرات کا مطالعہ کیا گیا۔

Protest Hevsel Gärten Türkei
’کھلی فضا میں جلائے جانے والے چولہوں سے سیاہ کاربن انسانی جسم پر کم اثرات مرتب کرتی ہے‘تصویر: DW/J. Hilton

ان خواتین کو ہوا کے نمونے جمع کرنے والے آلات پہنائے گئے تھے، جن کے ذریعے ہوا میں موجود دو اعشاریہ پانچ مائیکرو میٹر سائز کے ذراتی مادوں (PM) کی جانچ کی گئی۔ واضح رہے کہ اسی حجم کے ذرات کو انسانی صحت پر زیادہ مضر اثرات کا حامل قرار دیا جاتا ہے۔

محققین کے مطابق اس تحقیق سے معلوم ہوا کہ ان خواتین میں بلڈپریشر کی سب سے اہم وجہ سیاہ کاربن سے ان کا سامنا تھا۔

مک گِل یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر اور اس تحقیقی رپورٹ کے مصنف جیل باؤم گاٹنر کے مطابق، ’ہم نے دیکھا کہ سیاہ کاربن میں پانے جانے والے آلودہ مادے خواتین میں بلڈ پریشر اور عارضہ قلب سے براہ راست تعلق رکھتے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا، ’دیگر چولہوں کے مقابلے میں سیاہ کاربن پیدا کرنے والے چولہوں کی وجہ سے انسانی صحت پر دوگنا زیادہ اثرات مرتب ہوتے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ کسی ہائی وے کے دو سو میٹر کے فاصلے کے اندر اندر رہنے والوں میں بلند فشار خون کے خطرات ہائی وے سے زیادہ فاصلے پر رہنے والوں سے کئی گنا زیادہ ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل لاطینی امریکا میں کی گئی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ایسی معمر خواتین، جو کھلی فضا میں یا زیادہ ہوا کی موجودگی میں چولہے کا استعمال کرتی ہیں، چمنی والے چولہوں کا استعمال کرنے والے خواتین کے مقابلے میں کم بلڈ پریشر کی حامل ہوتی ہیں۔