1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سپر سیریز کپ: پاکستان ہاکی ٹیم کا اعلان

طارق سعید، لاہور 25 اپریل 2015

رواں ہفتے شروع ہونے والے دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی اٹھارہ رکنی قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ٹیم میں دو نئے کھلاڑیوں فیصل قادر اور رضوان علی کو شامل کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1FEsi
تصویر: DW/T. Saeed

پاکستانی ہاکی ٹیم کا اعلان سنیچر کی شام نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ایک روزہ ٹرائلز کے بعد چیف سلیکٹر اصلاح الدین اور ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے کیا۔ چیمپئنز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد راشد اور رضوان سینئر ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے۔ فل بیک محمد عمران کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ سابق کپتان طاہر زمان کو ٹیم کا نیا کوچنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا ہے۔

اصلاح الدین کے مطابق ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور آسٹریلیا کا دورہ اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاریوں میں معاون ثابت ہو گا۔

Pakistan Islahuddin und Shenaz Sheikh
ٹیم کا اعلان سلیکٹر اصلاح الدین اور ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے کیاتصویر: DW/T. Saeed

اصلاح الدین جن کی قیادت میں پاکستان نے انیس سو اٹھہترمیں ورلڈ کپ جیتا تھا بتایا کہ آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں ہونے والی سپر سیریز میں پاکستان اور آسٹریلیا کے علاوہ نیوزی لینڈ اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں بھی شریک ہونگی۔ ٹورنامنٹ کی ابتدا دو مئی کو تسمانیہ میں ہو گی۔

دسمبر میں میں بھونیشور چیمپئنز ٹرافی میں رنرز اپ رہنے والی پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اصلاح الدین کے بقول رضوان سینئر اور محمد راشد ہالینڈ میں لیگ کھیلنے کی وجہ سے ٹیم میں دستیاب نہیں تاہم مستقبل میں ان پر سلیکشن کے دروازے بند نہیں کیے جائیں گے۔ راشد کی جگہ فیصل قادر اور رضوان سینئر کی جگہ رضوان علی کی شمولیت ہوئی ہے۔

ٹیم میں دو گول کیپرز عمران بٹ اور امجد علی کے علاوہ تین فل بیکس، چھ ہاف بیکس اور سات فاروڈز شامل ہیں۔ اصلاح الدین کے مطابق منتخب ٹیم اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ ریو اولمپکمس کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ بیس جون سے پانچ جولائی تک بیلجیم میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بھی شریک ہونگی۔

Pakistan Mohammmad Imran
فل بیک محمد عمران کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہےتصویر: DW/T. Saeed

کوچ شہناز شیخ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان اٹیکنگ ہاکی کھیلنے پر یقین رکھتا ہے اور سپر سیریز میں وہ تمام ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جو جارحانہ کھیلنے کے لے مشہور ہیں، اس لیے شائقین کو پرکشش ہاکی دیکھنے کو ملے گی۔

پاکستان ہاکی ٹیم گزشتہ برس عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی تھی تاہم شہناز شیخ پر امید ہیں کہ پاکستانی ٹیم سپر سیریز ہوبارٹ اور اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔

اصلاح الدین کے مطابق دورہ آسٹریلیا کے نصف اخراجات حکومت پنجاب ادا کر رہی ہے جبکہ باقی رقم پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ادھار لینا پڑی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فیڈریشن کا کوئی عہدیدار یا سلیکٹر ٹیم کے ہمراہ آسٹریلیا نہیں جائے گا۔

اٹھارہ رکنی پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ عمران بٹ اور امجد علی (گول کیپرز )، محمد عمران، محمد عرفان اور کاشف شاہ ( فل بیکس)، تصورعباس، زوہیب اشرف، محمد رضوان جونیر، محمد توثیق، عماد شکیل بٹ اور فیصل قادر( ہاف بیکس )، وقاص شریف، ارسلان قادر، شفقت رسول، محمد عمر بھٹہ، محمد دلبر، علی شان اور رضوان علی( فاورڈز )۔