1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سولہ سال سے بےاولاد پاکستانی جوڑا، پانچ جڑواں بچوں کی پیدائش

مقبول ملک18 ستمبر 2014

پاکستان میں ایک خاتون نے اپنے ہاں بچوں کی پیدائش کی شدید خواہش کے باوجود سولہ سال تک بے اولاد رہنے کے بعد پانچ جڑواں بچوں کو جنم دیا ہے۔ ایک بچی پیدائش کے بعد انتقال کر گئی۔ تین بیٹیاں، ایک بیٹا اور ماں خیریت سے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1DF0F
تصویر: DW/D. Baber

کراچی سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اس بے اولاد پاکستانی جوڑے کے ہاں ان پانچ جڑواں بچوں کی پیدائش جنوبی پاکستان کے اسی بندرگاہی شہر میں ہوئی۔ اس خاتون کے شوہر ظاہر خان نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ ان کی شادی سولہ سال قبل ہوئی تھی۔ ظاہر خان اور ان کی اہلیہ کی خواہش تھی کہ وہ بھی والدین بنیں لیکن شادی کے سولہ سال بعد تک ان کے ہاں کوئی اولاد پیدا نہ ہوئی۔

پھر جب ظاہر خان کی اہلیہ حاملہ ہوئیں تو ان کی خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی۔ ظاہر خان نے ڈی پی اے کو بتایا، ’’ہمارے ہاں بدھ 17 ستمبر کے روز پانچ جڑواں بچے پیدا ہوئے۔ ان میں سے چار بیٹیاں تھیں اور ایک بیٹا۔‘‘

Geburten in Pakistan
تصویر: DW/D. Baber

کراچی کے اس ہسپتال کی گائنی کالوجسٹ حنا تیمور کے مطابق زچہ کی عمر 30 اور 40 سال کے درمیان ہے اور وہ اپنے ہاں ان بچوں کی پیدائش پر بے تحاشا خوش ہے۔ ڈاکٹر حنا تیمور نے بتایا کہ نومولود بچوں میں سے ایک لڑکی پیدائش کے فوراﹰ بعد انتقال کر گئی تاہم باقی تین لڑکیوں، ایک لڑکے اور ان کی والدہ کی حالت مستحکم ہے اور ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔

ظاہر خان نے آج جمعرات 18 ستمبر کے روز کراچی میں بتایا کہ اس کا تعلق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے ہے اور وہ جڑواں بچوں کی پیدائش کے دوران اپنی اہلیہ کو کسی قسم کی طبی پیچیدگی سے بچانے اور علاج کی بہتر سہولیات کے لیے کوئٹہ سے کراچی لایا تھا۔ ظاہر خان نے کہا، ‘‘میں اور میری بیوی اتنے خوش ہیں کہ بہت کم لوگ ہماری خوشی کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ سولہ سال تک بے اولاد رہنے کے بعد اتنے جڑواں بچوں کے والدین بن جانا ایک ناقابل بیان احساس ہے۔‘‘

پاکستان میں گزشتہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں یہ دوسرا واقعہ ہے کہ کسی خاتون نے بیک وقت پانچ بچوں کو جنم دیا ہے۔ پچھلے سال اکتوبر میں شمال مغربی پاکستان کے علاقے مالاکنڈ میں بھی ایک خاتون کے ہاں پانچ جڑواں بچے پیدا ہوئے تھے، جن میں سے تین بیٹیاں تھیں اور دو بیٹے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید