1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنگاپور میں ماحولیات کے موضوع پر ’ٹرپل سمٹ‘

5 جون 2014

سنگاپور میں ماحولیات کے موضوع پر تین عالمی سربراہی کانفرنسوں کا انعقاد جاری ہے، جن میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے بیس ہزار افراد سنگاپور پہنچے ہیں۔ ان کانفرنسوں میں شہروں کی پائیدار ترقی کے موضوع پر بھی بحث کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/1CCZa
Singapore Luftverschmutzung durch Brände in Indonesien
تصویر: Reuters

پانچ مئی کو عالمی یوم ماحولیات منایا جاتا ہے اور اسی اعتبار سے دنیا کے متعدد ممالک میں اس موضوع کی سنجیدگی کو سامنے رکھتے ہوئے کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اسی تناظر میں سنگاپور میں بھی ورلڈ سٹی کانفرنس، سنگاپور واٹر ویک اور کلین انوائیرو سمٹ جاری ہیں۔ ایک جیسے موضوعات پر منعقدہ تین بڑے اہم اجلاس ایک ہی جگہ منعقد کیے جانے کی وجہ سے اس ٹرپل سمٹ کا نام بھی دیا جا رہا ہے۔ ان کانفرنسوں میں شرکت لیے دنیا بھر سے شہری پالیسی ساز، ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف کام کرنے والے ادارے اور دنیا بھر میں پانی کے مسائل کا جائزہ لینے والے ماہرین کے علاوہ اہم کاروباری شخصیات سنگاپور پہنچی ہوئی ہیں۔ ان کانفرنس میں شہروں کی منصوبہ بندی کے مستقبل پر بات چیت جاری ہے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے خبردار کیا جا چکا ہے کہ سن 2050ء تک دنیا بھر میں شہروں میں بسنے والے افراد کی تعداد دوگنی ہو کر ساڑھے چھ بلین تک پہنچ جائے گی۔

China Umweltverschmitzung 03.05.2014
تصویر: Reuters

سنگاپور کی وزارت ماحولیات اور آبی وسائل کے مستقل سیکرٹری چوئی شنگ کووک نے عالمی شہری سمٹ میں خبردار کرتے ہوئے کہا، ’جب تک ہم زندگی گزارنے سے متعلق اپنے رویوں میں ٹھوس تبدیلیاں نہیں لاتے، دنیا ایک خطرناک صورتحال کی جانب بڑھتی رہے گی۔‘

ان کانفرنسوں میں زیربحث موضوعات میں ماحولیاتی استحکام اور نچلی سطح تک ماحولیات کے حوالے سے اقدامات میں شفافیت کے لیے مقامی حکومتی اور کمیونٹیز کے درمیان رابطوں میں بہتری شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے آئی پی ایس کے مطابق اقتصادی و سماجی ترقی کے اعتبار سے سنگاپور دنیا میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ عالمی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق مجموعی قومی پیداوار کے لحاظ سے سنگاپور دنیا کا تیسرا امیر ترین ملک ہے، جس کا جی ڈی پی سن 2012ء میں 274.7 بلین ڈالر رہا۔

جنوب مشرقی ایشیائی جزیرہ نما ریاست سنگاپور ماحولیاتی پالیسیوں کے تناظر میں دنیا بھر میں آگے دکھائی دیتی ہے۔ واضح رہے کہ سنگاپور تیسری دنیا سے پہلی دنیا کے ملکوں میں شامل ہونے کا طویل فاصلہ چند ہی برسوں میں طے کرنے پر ہمیشہ فخر کرتا ہے۔

اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق اگلی تین دہائیوں میں دنیا بھر میں 96 فیصد شہری ترقی پہلے سے ترقی یافتہ ممالک میں ہو گی۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ شہروں کے نواح میں واقع کچی آبادیوں میں مقیم افراد کی تعداد سن 1990ء میں ساڑھے چھ ملین تھی، جو سن 2012ء میں بڑھ کر 863 ملین ہو گئی اور اس میں سے زیادہ تر ایشیا میں بستی ہے۔