1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سماعت سے محروم افراد کا کرکٹ ٹی ٹونٹی ایشیا کپ

طارق سعید۔ لاہور21 اپریل 2015

پاکستان کے شمال مشرقی شہر لاہور میں ان دنوں ڈیف ٹونٹی ٹونٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جاری ہے۔ ان مقابلوں میں میزبان پاکستان، بھارت، سری لنکا اور افغانستان کے سماعت اور قوت گویائی سے محروم کرکٹرز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1FBkZ
تصویر: DW/T. Saeed

قذافی اسٹیڈیم سے متصل ایل سی سی اے گراونڈ پر منگل کی تپتی دوپہر میں بھارت نے سری لنکا کو شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کی۔ بھارتی ٹیم کے کوچ بڑودہ کے سابقہ فرسٹ کلاس کرکٹر نتیندر سنگھ ہیں، جن کا کہنا تھا کہ ڈیف ایشیا کپ کا انعقاد خطے کے ممالک میں دوریاں ختم کرنے کے ساتھ ساتھ محروموں کو ان کے حقوق دلوانے کا بھی ذریعہ بنے گا۔

لاہور میں ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے نتیندر سنگھ کا کہنا، ’’ پاکستان اور بھارت کے آئین میں مرد، عورت اور معذروں کو مساوی حقوق حاصل ہیں مگر اس کی پاسداری کہاں تک ہورہی ہے، یہ ہم سب جانتے ہیں۔‘‘ نتیندر کے بقول بھارتی ڈیف ٹیم کے کپتان عمران شیخ باصلاحیت آل راونڈر ہیں لیکن انہیں بڑودہ کی انڈر نائنٹین ٹیم میں صرف اس لیے شامل نہ کیا گیا کیونکہ وہ گونگے بہرے تھے، ’’عمران شیخ سیاست دان یا فوجی بن کر تو ملک کے لیے نہیں لڑسکتا لیکن آج وہ لاہور میں ہندوستان کو ایک کرکٹ میچ میں کامیابی دلوانے پر خوش ہے۔‘‘

Asian T20 Cricket Cup Indien Sri Lanka
پہلے میچ میں بھارت نے سری لنکا کو شکست دے دی ہےتصویر: DW/T. Saeed

نتیندر کے بقول ڈیف کرکٹرز بھی میں صحت مند انسانوں کی طرح اپنے وطن کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ نتیندر سنگھ جو ماضی میں بھارت کا مشہور فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ رانجھی ٹرافی کھیل چکے ہیں کہتے ہیں کہ سن 1947 سے اب تک پاکستان اور بھارت کے نارمل لوگوں نے تو امن کی کوششِں کر کے دیکھ لیا، اب دونوں ملکوں کی ڈیف کمیونٹی نے کرکٹ کے ذریعہ قربتیں پیدا کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

ایشیا کپ ٹونٹی ٹونٹی کا یہ پہلا ایڈیشن ہے، جس کی میزبانی پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوی ایشن، پاکستان کرکٹ بورڈ کے اشتراک سے کر رہی ہے ۔ پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدرعبداسلام کو ملک میں ڈیف کرکٹ کا بانی سمجھا جاتا ہے۔ ایسوی ایشن کے سکریٹری عرفان معراج نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ اس وقت ملک کے چھیالیس شہروں میں دو ہزار رجسٹرڈ ڈیف کھلاڑی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور یہ تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔

عرفان معراج نے بتایا کہ پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کا دو ہزار چھ میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے الحاق ہوا تھا، ’’ پی سی بی ہماری مالی مدد کر رہا ہے تاہم زیادہ تر ڈیف کرکٹرز اب بھی بے روزگار ہیں اور اپنی مدد آپ کے تحت کھیل لے رہے ہیں۔‘‘ نتیندر سنگھ کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی پی سی بی کے نقش قدم پر چل کر ڈیف کرکٹ کی سرپرستی کرنے کی ضرورت ہے۔

اس سے پہلے دو ہزار سات اور دو ہزار بارہ میں پچاس اوورز کا ڈیف ایشیا کپ ہو چکا ہے، جس میں پاکستان نے کا میابیاں سمیٹی تھیں۔ موجودہ ٹورنامنٹ میں بھی پاکستان نے پہلے روز با آسانی افغانستان کو ہرا دیا۔ پاکستان ڈیف کرکٹ ٹیم کے کپتان ذکاء احمد ہیں، جنہیں ڈیف کرکٹ کی تاریخ کی پہلی ڈبل سنچری بنانے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ ذکاء نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ورلڈ کپ دیکھ کر ڈیف کرکٹرز میں بھی کھیلنے کا جذبہ اجاگر ہوا ہے۔

ذکاء نے بتایا کہ پاکستان ڈیف کرکٹ ٹیم کی کامیابیوں کا اب تک اعتراف نہیں کیا گیا اور کھلاڑیوں کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، ’’ہمیں پی سی بی کی طرف سے سینٹرل کانٹریکٹ کی مد میں صرف تین ہزار روپے ملتے ہیں جو ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہیں۔‘‘ ذکاء نے گلہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہار کر بھی لاکھوں میں کھیلتے ہیں جبکہ جیتنے پر بھی ہمارا کوئی پرسان حال نہیں۔