1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ساس کی قبر کے کتبے نے داماد کی جان لے لی

مقبول ملک1 اپریل 2015

امریکی ریاست پینسلوانیا میں ایک بزرگ شہری ایسٹر کے مسیحی تہوار سے قبل اپنی ساس کی قبر کے کتبے کی تزئین کرتے ہوئے اس وقت انتقال کر گیا جب قریب پانچ من وزنی یہ پتھر اسی کے اوپر آن گرا۔

https://p.dw.com/p/1F19x
تصویر: picture-alliance/chromorange

بدھ یکم اپریل کو واشنگٹن سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اخبار سکرَینٹن ٹائمز ٹریبیون نے لکھا کہ یہ واقعہ ریاست پینسلوینیا کے شمال مشرق میں لیکاونّا کاؤنٹی میں پیر 30 مارچ کے روز پیش آیا۔ اس امریکی شہری کا نام اسٹیفن وائےٹَیک بتایا گیا ہے، جس کی عمر 74 برس تھی۔

اسٹیفن اپنی اہلیہ لُوسی کے ساتھ سال میں کئی مرتبہ مقامی سینٹ جوزف قبرستان جایا کرتا تھا۔ گزشتہ پیر کے روز، ایسٹر کے مقدس تہوار سے قبل وہ اپنی ساس کی قبر کے کتبے کی صفائی اور تزئین میں مصروف تھا کہ قریب 400 پاؤنڈ یا 180 کلوگرام وزنی یہ بہت بڑا پتھر اُسی کے اوپر آ گرا۔

پولیس کے مطابق اس کی وجہ یہ بنی کہ سردیوں کے اختتام پر بہار کے مقابلتاﹰ گرم موسم کی وجہ سے قبر کے اردگرد کی گیلی مٹی نرم پڑ گئی تھی۔ جب اسٹیفن اپنی ساس کی روح کی خوشی کے لیے قبر کے سرہانے قریب بیٹھے ہوئے کتبہ سجا رہا تھا تو عدم توازن کی وجہ سے یہ پتھر گرا اور اسٹیفن اس کے نیچے دب گیا۔

جب گرینائٹ پتھر کا بنا یہ کتبہ اسٹیفن کے اوپر گرا تو اس کی بیوی بھی اس کے پاس ہی کھڑی تھی۔ لُوسی نے فوری طور پر قبرستان کے نگران کو بلایا مگر دونوں مل کر بھی اسٹیفن کو پتھر کے نیچے سے نکالنے میں ناکام رہے۔

پھر جب تک پولیس موقع پر پہنچی، اسٹیفن منوں وزنی کتبے کے نیچے دم توڑ چکا تھا۔ قبرستان کے نگران کُوبیلس کے مطابق جس طرح اسٹیفن کا انتقال ہوا، وہ ناقابل یقین ہے۔ لُوسی نے، جس کی اسٹیفن سے شادی 46 برس قبل ہوئی تھی، اس حادثے کے بارے میں کہا، ’’سب کچھ بہت اچانک ہوا۔ اسٹیفن میری والدہ سے بہت پیار کرتا تھا۔‘‘