1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سائنس اور ٹیکنالوجی کی دنیا سے حیرت انگیز

افسر اعوان27 مئی 2015

تصویر میں روشنی کی چمک اب کوئی مسئلہ نہیں، موبائل فون بیٹری کی چارجنگ محض دو منٹ میں، ایس ایس ڈی ڈرائیو لگائیے اور اپنے لیپ ٹاپ کی اسپیڈ بڑھائیے اور اس کے علاوہ اب آپ کے لیے نوبل انعام خریدنے کا موقع۔

https://p.dw.com/p/1FX2e
تصویر: Fotolia/freshidea

تصویر سے روشنی کی چمک ہٹانے والا سافٹ ویئر

اگر آپ اپنی کھڑکی کے شیشے سے باہر موجود کسی چیز کی تصویر لیتے ہیں تو اس بات کا بہت امکان ہے کہ اس تصویر میں شیشے کی وجہ سے مختلف عکس اور روشنی کی چمک بھی نظر آ رہی ہو جبکہ جس چیز کی تصویر آپ بنانا چاہتے تھے وہ واضح ہی نہیں ہو۔ تاہم اب امریکی ماہرین نے اس کا علاج بھی تلاش کر لیا ہے۔ بوسٹن میں واقع ایم آئی ٹی یا میساچیوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے ایک ایسا سافٹ ویئر تیار کیا ہے جو اس طرح کی گلیئر اور ریفلیکشن کو ختم کر دیتا ہے۔

یہ سافٹ ویئر ڈیجیٹل کیمرے سے لی گئی تصویر میں شیشے کی چمک یا گلیئر کو پہچان سکتا ہے اور اسے ختم کر سکتا ہے۔ ابتدائی ٹیسٹوں میں اس سافٹ ویئر نے 197 ایسی مختلف تصاویر میں سے 96 میں سے یہ گلیئر ختم کر دی۔ ماہرین کے مطابق وہ دن دور نہیں جب یہ پیشرفت اسٹینڈرڈ فوٹو ایڈیٹنگ سافٹ ویئر کا حصہ بن جائے گی۔

اس سافٹ ویئر کے بارے میں مزید تفصیلات آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں: http://dpaq.de/1G6se

دو منٹ چارج کریں اور دو گھنٹے اسمارٹ فون استعمال کریں

Bildergalerie Mobile World Congress Barcelona Spain
تصویر: Getty Images/JOSEP LAGO

چین کی ایک اسمارٹ فون تیار کرنے والی کمپنی اوپو Oppo نے اسمارٹ فونز کی بیٹری کو تیزی سے چارج کرنے والی ٹیکنیک تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر آپ محض پانچ منٹ اپنے فون کی بیٹری چارج کرتے ہیں تو یہ دو گھنٹے تک فون استعمال کرنے کے لیے کافی ہو گی۔ اوپو کے نائب سربراہ سکی لی Ski Li کے مطابق، ’’اس سے ہمیں دنیا بھر میں سبقت مل گئی ہے۔‘‘

اس چارجر کو VOOC کا نام دیا گیا جو اس کمپنی کے تیار کردہ نئے فونز R7 اور R7 پلس میں دستیاب ہو گا تاہم اسے بعد میں اس کمپنی کے تمام سیٹوں میں فراہم کیا جائے گا۔

ایس ایس ڈی ڈرائیو لگائیے، لیپ ٹائپ کی اسپیڈ بڑھائیے

زیادہ تر لیپ ٹاپس میں ایک مِنی پی سی آئی ای کنکشن ساکٹ موجود ہوتی ہے۔ یہ ساکٹ کبھی کبھار ایک اور وائرلیس کنکشن کے لیے استعمال ہوتی ہے تاہم عام طور پر یہ خالی ہی رہتی ہے۔ مگر کمپیوٹر ماہرین کے مطابق اس میں آپ mSATA فارمٹ کی مِنی سالِڈ اسٹیٹ ڈرائیو mSSD لگا سکتے ہیں۔

اس SSD ڈرائیو کو آپریٹنگ سسٹم اور پروگرامز کو محفوظ کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے جس سے آپ کے لیپ ٹاپ کی مرکزی ہارڈ ڈسک پر بڑی جگہ فارغ ہو جائے گی۔ تاہم ایک بات یاد رکھنے کی ہے کہ اگر آپ آپریٹنگ سسٹم اس SSD ڈرائیو پر رکھنا چاہ رہے ہیں تو پھر پہلے آپ اپنے کمپیوٹر کی BIOS میں جا کر اس ایس ایس ڈی ڈرائیو کو مرکزی یا مین ڈرائیو کے طور پر منتخب کر لیں۔

نوبل انعام برائے فروخت

Nobelpreis Medaille mit dem Konterfrei von Alfred Nobel
تصویر: picture-alliance/dpa

ایک امریکی ماہر طبیعات نے 1988ء میں ملنے والا اپنا نوبل انعام فروخت کے لیے پیش کر دیا ہے۔ شکاگو سے تعلق رکھنے والے لیون لیڈرمن کے اس میڈل کے لیے بولی کی کم سے کم رقم 325,000 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ 92 سالہ ماہر طبیعات کا کہنا ہے کہ یہ ایوارڈ سالہا سال سے محض الماری میں سجا ہے اور اس کی فروخت ہی منطقی دکھائی دیتی ہے۔

لیڈرمن نے یہ نوبل انعام دو دیگر سائنسدانوں کے ساتھ مل کر سب اٹامک پارٹیکل کی دریافت پر حاصل کیا تھا جسے مون نیوٹرینو muon neutrino کا نام دیا گیا تھا۔ لیڈر من نے ایلینوئے Illinois میں واقع ’فرمی نیشنل ایکسلریٹر لیبارٹری‘ سے 2012ء میں ریٹائرمنٹ لی تھی۔