1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روسی صدر کی پُراسرار خاندانی زندگی کے بعض پہلُو

عابد حسین30 جنوری 2015

روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی عائلی زندگی برسوں سے ایسے صیغہٴ راز میں رکھی جا رہی ہے جیسے وہ کوئی ملکی راز ہوتا ہے۔ اب اُن کی ایک بیٹی کا ذکر اُس کے ایک جعلی نام سے روسی ذرائع ابلاغ پر سامنے آیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1ETVj
سن 2000 میں پوٹن اپنی اہلیہ لُڈیمیلا کے ساتھ تاج محا کے دورے کے دورانتصویر: Reuters

ولادی میر پوٹن کی ازدواجی زندگی کا اختتام گزشتہ برس ہوا تھا۔ تیس برسوں تک رہنے والی شادی انجام کار طلاق پر ختم ہوئی۔ طلاق کے بعد اُن کی بیوی لُڈیمیلا کہاں اور کس حال میں ہے، کوئی نہیں جانتا، اُن کی دو بیٹیاں ایکٹیرینا اور ماریا ہیں۔ کس صورت شکل کی ہیں، اس بارے میں بہت ہی کم لوگ آگاہ ہیں۔ سن 2013 میں پیدا ہونے والے اختلافات کے بعد گزشتہ برس اپریل میں لُڈیمیلا کے ساتھ طلاق کا معاملہ مکمل ہوا تھا۔ ایسی رپورٹیں بھی سامنے آئی تھیں کہ پوٹن سن 1983 میں پیدا ہونے والی خوبرو ایتھلیٹ علینا کابائیفا کے ساتھ شادی کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ اِس بارے میں اٹھنے والی تمام خبروں کی تردید پوٹن نے خود ہی کر دی تھی۔

Putin und seine Frau Ljudmila geschieden
روسی صدر اپنی اہلیہ کے ہمراہ ایک چرچ کی دعائیہ تقریب میںتصویر: Reuters

روسی صدر پوٹن کی بڑی بیٹی ماریا 29 برس اور چھوٹی بیٹی ایکٹیرینا 28 سال کی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ماریا گزشتہ برس تک ہالینڈ میں مقیم تھی۔ اُسے ہالینڈ تب چھوڑنا پڑا تھا جب ایک ولندیزی شہر کے میئر نے اُس کی ملک بدری کا مطالبہ کیا تھا۔ یہ مطالبہ ملائیشین ایئر لائنز کی پرواز ایم ایچ ستّرہ کو مار گرانے کے بعد سامنے آیا تھا۔ اِس واقعے میں ہالینڈ کے متعدد شہری ہلاک ہوئے تھے۔ بعد میں میئر نے ماریا کی ملک بدری کا مطالبہ واپس بھی لے لیا تھا۔ اب وہ کس ملک میں مقیم ہیں، اِس بارے بھی مصدقہ معلُومات میسر نہیں ہیں۔

روسی صدر کی چھوٹی بیٹی کے حوالےسے تازہ خبریں ایک آزاد ملٹی میڈیا ایجنسی کی جانب سے ماسکو اسٹیٹ یونیورسٹی میں جاری اربوں ڈالر کے ایک پراجیکٹ کی نگران خاتون کاٹرینا ولادیمیروفنا تِخونوفا (Katerina Vladimirovna Tikhonova) کے حوالے سے سامنے آئی ہیں۔ اِسی خاتون کی اصل شناخت کے بارے میں اپوزیشن لیڈر اور بلاگر الیکسی ناوالنی نے اپنے فیس بُک پیج پر تفصیل جاری کی ہے۔ ناوالنی نے آر بی سی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صدر پوٹن کی بیٹی کو ماسکو اسٹیٹ یونیورسٹی کی سائنٹیفک کونسل میں تلاش کر لیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ ماسکو اسٹیٹ یونیورسٹی کے ایک اہلکار نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر تصدیق کی ہے کہ تِخونوفا صدر پوٹن کی صاحبزادی ہیں۔

Russland Putin mit Tochter Maria Parlamentswahlen 2. Dezember 2007
ولادیمیر پوٹن اپنی بڑی بیٹی ماریا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئےتصویر: Getty Images/AFP

آر بی سی ایک ٹیلی وژن چینل، اخبار اور انٹرنیٹ پورٹل کا حامل ادارہ ہے۔ اِس نے اپنی رپورٹ میں سوال اٹھایا تھا کو ماسکو اسٹیٹ یونیورسٹی کے بڑے توسیعی پراجیکٹ کی نگرانی کس کے ہاتھ میں ہے۔ اِسی رپورٹ میں خاتون کاٹرینا ولادیمیروفنا کا تذکرہ سامنے آیا۔ رپورٹ کے مطابق پراجیکٹ میں پوٹن کے دوست کئی بڑے ارب پتی تاجر بھی شریک ہیں۔ آر بی سی نیٹ ورک کے مطابق تِخونوفا نے انٹرویو کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق یہی خاتون ایک ادارے اِنوپراکٹیکا (Innopraktika) کی سربراہ بھی ہیں اور یونیورسٹی پراجیکٹ کی تکمیل میں یہ پیش پیش ہیں۔ اِنوپراکٹیکا نے بھی رپورٹ پر جوابی ردِ عمل ظاہر کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ روس کے مرکزی بینک کے سابق اعلیٰ اہلکار اور پوٹن اپوزیشن کے رہنما سرگئی الیکساشینکو کا کہنا ہے کہ اگر یہ خبر درست ہے تو پھر صدر پوٹن نے اُس حد کو عبور کر لیا ہے، جس کے تحت وہ رشتہ داروں کو نوازنے کی حوصلہ شکنی کرتے رہے ہیں۔

ماسکو حکومت کے ترجمان سے جب تِخونوفا کے بارے میں پوچھا گیا تو اُس نے کہا کہ یہ کون خاتون ہے۔ کریملن حکام پوٹن سے متعلق سوالات کے جواب دینے کو رد کر دیتے ہیں۔ ایک مرتبہ ماسکو حکومت کے ترجمان دیمتری پیسکوف سے صدر کی بیٹیوں کے بارے میں پوچھا گیا تو اُنہوں نے صاف صاف کہہ دیا کہ وہ ان کے بارے میں کوئی معلُومات نہیں رکھتے اور ویسے بھی وہ صدر کے ساتھ منسلک ہیں ناکہ صدر کے بچوں سے۔