1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس میں سنوڈن کی سیاسی پناہ کا ایک سال

Gero Schließ / امجد علی31 جولائی 2014

اکتیس جولائی کو امریکی انٹیلیجنس کے مفرور ایجنٹ ایڈورڈ سنوڈن کو روس میں سیاسی پناہ حاصل کیے ایک سال پورا ہو رہا ہے۔ سوال یہ ہے کہ اب آگے کیا ہو گا؟ غالباً سنوڈن آج کل اپنی وطن واپسی کے سلسلے میں سودے بازی کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Cmth
امریکی انٹیلیجنس ایجنسی این ایس اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن
امریکی انٹیلیجنس ایجنسی این ایس اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈنتصویر: picture alliance/AP Photo

واشنگٹن سے ڈوئچے ویلے کے نمائندے گیرو شلیس لکھتے ہیں کہ یوکرائن کے بحران کی وجہ سے امریکی صدر باراک اوباما کا دائرہء عمل محدود ہو کر رہ گیا ہے اور امریکا میں بھی سنوڈن کے کیس میں دلچسپی کم ہوئی ہے۔

وہ لکھتے ہیں کہ حقیقت پسندی سے دیکھا جائے تو نہ تو روس امریکی انٹیلیجنس ایجنسی این ایس اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن کو امریکا کے حوالے کرے گا اور نہ ہی وہ خود رضاکارانہ طور پر واپس اپنے وطن جائیں گے۔

کانگریس کے رکن چارلی ڈَینٹ، جن کا تعلق ری پبلکن پارٹی سے ہے، واشنگٹن میں ڈوئچے ویلے کے گیرو شلیس کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے
کانگریس کے رکن چارلی ڈَینٹ، جن کا تعلق ری پبلکن پارٹی سے ہے، واشنگٹن میں ڈوئچے ویلے کے گیرو شلیس کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئےتصویر: DW/G.Schliess

اکتیس جولائی کو روس میں سنوڈن کی سیاسی پناہ کی مدت ختم ہو رہی ہے اور اُنہوں نے اس مدت میں توسیع کی درخواست دے رکھی ہے۔ کسی کو بھی اس بارے میں شک و شبہ نہیں ہے کہ روسی حکومت اس درخواست کا مثبت جواب دے گی، امریکی صدر اوباما کو بھی نہیں، جو گزشتہ ایک سال سے ماسکو حکومت سے سنوڈن کو امریکا کے حوالے کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

سینٹر فار امیریکن پراگریس سے وابستہ کَین گیُوڈ نے ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے سنوڈن کی امریکا واپسی کے امکانات کے بارے میں کہا:’’مَیں یہ تو نہیں کہوں گا کہ ایسا کبھی نہیں ہو سکتا لیکن میرے خیال میں اس بات کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں کہ سنوڈن واپس امریکا آ جائے گا۔‘‘

گیُوڈ نے بہرحال اس امر کی تصدیق کی کہ رواں سال کے اوائل میں اوباما انتظامیہ اور سنوڈن کے نمائندوں کے درمیان سنجیدہ بات چیت ہوئی تھی اور امریکا میں اس موضوع پر کھل کر گفتگو ہو رہی ہے کہ آیا سنوڈن کو اُس کی خواہش پر معافی دے دی جائے۔ گیُوڈ کے مطابق اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ سنوڈن کے ملک سے فرار کے ایک سال بعد بھی امریکی حکومت کو پوری طرح سے نہیں معلوم کہ وہ اپنے ساتھ کتنا کچھ مواد لے کر گیا ہے۔

اس بات کے امکانات موجود ہیں کہ صدر باراک اوباما اپنی مدتِ صدارت ختم ہونے سے کچھ پہلے سنوڈن کے لیے معافی کا اعلان کر دیں گے تاکہ اُن کے بعد آنے والے صدر کو کم مسائل کا سامنا کرنا پڑے
اس بات کے امکانات موجود ہیں کہ صدر باراک اوباما اپنی مدتِ صدارت ختم ہونے سے کچھ پہلے سنوڈن کے لیے معافی کا اعلان کر دیں گے تاکہ اُن کے بعد آنے والے صدر کو کم مسائل کا سامنا کرنا پڑےتصویر: Saul Loeb/AFP/Getty Images

کانگریس کے رکن چارلی ڈَینٹ کا تعلق ری پبلکن پارٹی سے ہے۔ اُن کے خیال میں سنوڈن کی امریکا واپسی خارج از امکان ہے:’’میرے خیال میں سنوڈن رضاکارانہ طور پر امریکا واپس نہیں آئے گا۔ مجھے اس بارے میں بھی شک ہے کہ امریکی حکومت اُس کے ساتھ واقعی سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات بھی کرے گی۔‘‘

چارلی ڈَینٹ نے ڈی ڈبلیو کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ اوباما کو سنوڈن کی حوالگی کا معاملہ ایک بار پھر زیادہ پُر زور انداز میں اٹھانا چاہیے کیونکہ سنوڈن نے اپنے انکشافات سے امریکا کو ذلیل اور شرمسار کیا ہے اور دنیا بھر میں امریکی فوجیوں کو خطرے سے دوچار کیا ہے۔

سنوڈن کی وطن واپسی کا ایک ہی راستہ ہے کہ اوباما اُنہیں معافی دے دیں تاہم آج کل کے حالات میں یہ بات بھی ناقابلِ تصور لگتی ہے۔ یہ البتہ ضرور ممکن ہے کہ اوباما اپنے دورِ صدارت کے بالکل آخر میں جا کر ایسا کر دیں تاکہ اُن کے بعد آنے والے صدر کو اس حوالے سے کم مسائل کا سامنا کرنا پڑے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید