1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رانی ’مردانی‘ کے ساتھ پولینڈ میں

امجد علی29 جنوری 2015

بالی وُڈ کی فلم ’مردانی‘ پانچ فروری سے پولینڈ کے سینماؤں میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔ بدھ 28 فروری کو اس فلم کا پریمیئر شو دارالحکومت وارسا میں ہوا، جس میں فلم کی ہیروئن رانی مکھر جی بھی شریک ہوئیں۔

https://p.dw.com/p/1ESnW
بھارتی اداکارہ رانی مکھر جی
بھارتی اداکارہ رانی مکھر جیتصویر: picture-alliance/dpa

یہ فلم ایک ایکشن تھرلر ہے، جس میں چھتیس سالہ رانی مکھر جی نے ایک ایسی پولیس افسر کا کردار ادا کیا ہے، جو نوعمر لڑکیوں کے اغوا اور اُن کو جسم فروشی پر مجبور کرنے کے دھندے کے خلاف جنگ کرتی ہے۔

رانی مکھر جی اس فلم شو پر ناظرین کا پُرجوش ردعمل دیکھ کر بہت خوش ہوئیں۔ اپنے ایک بیان میں اُنہوں نے کہا:’’یہ ایک بہت ہی خاص دن تھا۔ پولستانی شہریوں کی جانب سے فلم پر جو ردعمل ظاہر کیا گیا، اُس نے میری شام کو اور بھی خاص بنا دیا۔ اس سے یہ بات ایک بار پھر واضح ہوتی ہے کہ ایک اچھی فلم کی زبان کوئی بھی ہو، اُسے دنیا کے کسی بھی حصے میں ناظرین مل سکتے ہیں۔ مجھے آج پولینڈ میں جو محبت اور تحسین ملی ہے، وہ ہمیشہ میرے دل میں رہے گی۔‘‘

بھارتی اداکارہ رانی مکھر جی کی شادی 2014ء کے اوائل میں ممتاز فلمساز ادتیہ چوپڑہ کے ساتھ انجام پائی
بھارتی اداکارہ رانی مکھر جی کی شادی 2014ء کے اوائل میں ممتاز فلمساز ادتیہ چوپڑہ کے ساتھ انجام پائیتصویر: UNI

اس فلم کے فلمساز رانی مکھر جی کے شوہر ادتیہ چوپڑا ہیں، جن کے ساتھ اُن کی شادی گزشتہ برس ہوئی تھی۔ بھارت میں فلم ’مردانی‘ رانی مکھر جی اور ادتیہ چوپڑا کی شادی کے بعد ریلیز ہوئی تھی۔ وارسا میں اس فلم کے پریمیئر شو میں پولینڈ کے کیمرہ مین آرتھر زوراوسکی نے بھی اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ شرکت کی۔ واضح رہے کہ آرتھر زوراوسکی اس فلم میں فوٹوگرافی کے شعبے کے ڈائریکٹر تھے۔ اس فلم کے ڈائریکٹر پردیپ سرکار تھے۔

پاکستان میں سنسر بورڈ کی طرف سے کچھ مناظر پر اعتراضات کیے گئے تھے تاہم فلمسازوں کا موقف تھا کہ ان مناظر کی قطع و برید فلم کی کہانی کو متاثر کرے گی، جس کے بعد یہ فلم پاکستان میں نمائش کے لیے پیش نہیں کی گئی۔ ایک اندازے کے مطابق اس فلم نے دَس ملین ڈالر کے مساوی بزنس کیا ہے۔

ساٹھ ویں فلم فیئر ایوارڈز کے لیے رانی مکھر جی کو اِسی فلم میں اُن کی عمدہ کارکردگی پر بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جا چکا ہے۔ بھارتی نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ وارسا میں اس فلم کے شو کی اسکریننگ کے دوران رانی مکھر جی کی والدہ کرشنا بھی اُن کے ہمراہ تھیں۔