1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کا پہلا تھری ڈی پرنٹڈ راکٹ لانچنگ کے مرحلے میں

مقبول ملک14 اکتوبر 2014

برطانوی نوجوانوں کی ایک ٹیم ہیلیم گیس کے غبارے کی مدد سے اور ایندھن کے طور پر بیئر استعمال کرتے ہوئے اپنی نوعیت کا دنیا کا پہلا تھری ڈی پرنٹڈ راکٹ خلاء میں بھیجنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/1DVCM
ایک تھری ڈی پرنٹر انسانی جسم کا ایک چھوٹا سا ماڈل پرنٹ کرتے ہوئےتصویر: Getty Images

جدید طرز کا یہ راکٹ ایک عام انسان کے قد کے برابر ہے اور برطانوی دارالحکومت لندن کے وسطی حصے میں قائم اپنے دفتر میں اس راکٹ کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے لَیسٹر ہینز نے کہا کہ اس منصوبے پر عمل درآمد کی راہ میں کئی تکنیکی چیلنج آئے ہیں۔ لَیسٹر ہینز The Register نامی ایک ٹیکنالوجی میگزین کے اسپیشل پروجیکٹس بیورو کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایروناٹکس کی دنیا میں 3D یا تھری ڈائمینشنل پرنٹنگ کا مستقبل بڑا روشن ہے۔

ہینز نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ آپ تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے ایسی بہت پیچیدہ شکلیں بھی تیار کر سکتے ہیں جنہیں کسی بھی دوسری طرح بنانا عملی طور پر آسان نہیں ہوتا۔ یہ کہتے ہوئے لَیسٹر ہینز نے کسی بھی تجربہ گاہ میں استعمال ہونے والا جو سفید کوٹ پہن رکھا تھا، اس پر لاطینی زبان میں اس پروجیکٹ کا موٹو لکھا تھا، جس کا مطلب ہے: ’ستاروں کی طرف اور شراب خانے کی طرف‘۔

یہ برطانوی ٹیم لندن میں جس منصوبے پر کام کر رہی ہے، پہلی مرتبہ تو وہ بظاہر ’بیئر اور راکٹ کے ملاپ‘ کی وجہ سے کوئی غیر سنجیدہ سا پروجیکٹ محسوس ہوتا ہے۔ لیکن لَیسٹر ہینز کا کہنا ہے کہ امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کی طرف سے پہلے ہی راکٹوں کے دھاتی پرزوں کی تھری ڈی پرنٹنگ کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کے لیے تعاون جرمنی کی ایک data analysis کمپنی ایکساسول Exasol کی طرف سے کیا جا رہا ہے۔

USA Schuh aus dem 3D Drucker
تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے تیار کیا گیا ایک جوتاتصویر: imago

اس منصوبے کی تجویز ’دا رجسٹر‘ نامی ٹیکنالوجی میگزین کے قارئین نے پیش کی تھی۔ سائنسی اصطلاح میں اس منصوبے کو Low Orbit Helium Assisted Navigator یا مختصراﹰ LOHAN کا نام دیا گیا ہے۔ اس راکٹ کی تیاری میں جس ٹیم نے حصہ لیا، اس کے ارکان کی تعداد 30 تھی اور ان میں کئی ایسے انجینئرز بھی شامل تھے، جنہوں نے ایروناٹیکل انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔ انہوں نے اس تھری ڈی پرنٹڈ راکٹ کی تیاری پر چار سال تک کام کیا۔

لَیسٹر ہینز کے بقول اس پروجیکٹ میں سب سے بڑا چیلنج یہ تھا کہ کسی راکٹ میں استعمال ہونے والی عام موٹرکو اس قابل کیسے بنایا جائے کہ وہ بہت زیادہ اونچائی پر بھی کام کرتی رہے۔ یہ ٹیم اس راکٹ کو اِسی سال نومبر یا دسمبر میں کسی وقت امریکی ریاست نیو میکسیکو میں Spaceport America سے لانچ کرنا چاہتی ہے۔ اس مقصد کے لیے یہ نوجوان آج کل 15 ہزار برٹش پاؤنڈ یا 19 ہزار یورو کے برابر مالی وسائل جمع کرنے میں مصروف ہیں کیونکہ اس راکٹ کی روانگی یا ٹیک آف پر اتنی ہی لاگت آئے گی۔

پروگرام کے مطابق یہ راکٹ پہلے تو ایک بہت بڑے ہیلیم غبارے کی مدد سے 20 ہزار میٹر کی بلندی تک لے جایا جائے گا، پھر اس راکٹ میں لگا GPS اس کے انجن کو سٹارٹ کرے گا اور یوں اس راکٹ کی رفتار قریب ایک ہزار میل یا 1610 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائے گی۔

لَیسٹر ہینز کا کہنا ہے کہ تین کلو گرام وزنی اس راکٹ کو پرنٹ کرنے پر چھ ہزار پاؤنڈ لاگت آئی ہے۔ جب یہ راکٹ خلاء میں پہنچ جائے گا تو اس پر نصب آٹو پائلٹ سسٹم واپس زمین کی طرف اس کی رہنمائی کرے گا۔ اس راکٹ کے سفر کی تمام تفصیلات اس پر نصب ایک ویڈیو کیمرہ مسلسل ریکارڈ بھی کرتا جائے گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید