1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بھر میں جرمن سیکھنے والوں کی تعداد میں پھر اضافہ

مقبول ملک21 اپریل 2015

بین الاقوامی سطح پر جرمن زبان کی مقبولیت میں دوبارہ اضافہ ہو رہا ہے۔ اس وقت دنیا کے مختلف ملکوں میں ڈیڑھ کروڑ کے قریب مقامی باشندے جرمن سیکھ رہے ہیں۔ یہ بات جرمن وزارت خارجہ کے ایک تازہ مطالعے کے نتیجے میں سامنے آئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1FBtW
تصویر: picture-alliance/dpa/T. Brakemeier

وفاقی جرمن دارالحکومت برلن سے موصولہ نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق وفاقی دفتر خارجہ نے آج منگل 21 اپریل کے روز بتایا کہ پانچ سال سے زائد عرصہ قبل 2009ء میں مختلف براعظموں میں باقاعدہ طور پر جرمن زبان سیکھنے والوں کی تعداد 14.5 ملین تھی۔ آج یہی تعداد ایک ملین کے اضافے کے ساتھ قریب 15.5 ملین ہو چکی ہے۔

جرمن فارن آفس کی جاری کردہ سرکاری رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا میں جہاں کہیں بھی مقامی باشندے جرمن زبان سیکھ رہے ہیں، ان میں سے 87 فیصد نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ہیں جو ہزاروں مختلف اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔

جرمن دفتر خارجہ نے ’دنیا بھر میں غیر ملکی زبان کے طور پر جرمن‘ کے نام سے اپنے بین الاقوامی مطالعے کا سلسلہ 1985ء میں شروع کیا تھا۔ تب سے ہر پانچ سال بعد جرمن دفتر خارجہ کی طرف سے ایسی ہی ایک رپورٹ جاری کی جاتی ہے۔

اس سلسلے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق 2000ء میں بین الاقوامی سطح پر جرمن زبان سیکھنے میں دلچسپی اپنی انتہا کو پہنچ گئی تھی۔ تب عالمی سطح پر جرمن سیکھنے والے افراد کی تعداد 20.1 ملین ریکارڈ کی گئی تھی۔

Infografik Anzahl der deutsch lerneneden Weltweit

رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں کے دوران جرمن زبان کی تعلیمی مقبولیت کے حوالے سے سب سے زیادہ تبدیلی ترقی پذیر ریاستوں میں دیکھنے میں آئی۔ چین میں جرمن زبان سیکھنے والوں کی تعداد پچھلے پانچ سال میں دگنی ہو کر ایک لاکھ 17 ہزار ہو چکی ہے۔ اسی طرح برازیل میں اس وقت ایک لاکھ 35 ہزار افراد جرمن سیکھ رہے ہیں۔ برازیل میں 2010ء کے مقابلے میں یہ تعداد قریب ایک تہائی زیادہ ہے۔

یورپی ریاستوں میں جرمن زبان سیکھنے والوں کی سب سے بڑی تعداد کا تعلق پولینڈ سے ہے۔ وہاں اس وقت قریب دو لاکھ 30 ہزار افراد جرمن سیکھ رہے ہیں۔ روس میں عوامی سطح پر جرمن زبان سیکھنے کے عمل میں کمی ہوئی ہے۔ اس وقت قریب 1.5 ملین روسی شہری جرمن سیکھ رہے ہیں، 2010ء میں یہ تعداد 2.3 ملین تھی۔

جرمن فارن آفس کی اس رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر یورپ میں آج بھی قریب 9.4 ملین باشندے جرمن سیکھ رہے ہیں اور یہ شرح جرمن زبان سیکھنے والے غیر ملکیوں کی مجموعی تعداد کا 61 فیصد بنتی ہے، جس میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران کوئی کمی بیشی نہیں ہوئی۔

دفتر خارجہ نے اپنی یہ تازہ ترین رپورٹ بیرون ملک جرمن زبان و ثقافت کی ترویج کا کام کرنے والے ملکی ادارے گوئتھے انسٹیٹیوٹ، تعلیمی تبادلے کی جرمن تنظیم DAAD اور انتظامی امور کے وفاقی دفتر کے تعاون سے مشترکہ طور پر تیار کی۔