1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنيا کا چکر لگانے کی کوشش کرنے والا پاکستانی نژاد نوجوان ہلاک

عاصم سليم24 جولائی 2014

سترہ سالہ امريکی نوجوان حارث سليمان اپنے پاکستانی نژاد والد بابر سليمان کے ہمراہ ايک چھوٹے سے ہوائی جہاز ميں دنيا کے گرد چکر لگانے کی کوشش کرتے ہوئے ہلاک ہو گئے ہيں۔

https://p.dw.com/p/1Chlq
تصویر: RICHARD WAINWRIGHT/AFP/Getty Images

سليمان خاندان کی ايک ترجمان نے بتايا کہ طيارہ امريکن سماوا ميں پاگو پاگو کے مقام سے اڑنے کے کچھ ہی دير بعد منگل کی رات سمندر ميں گر کر تباہ ہو گيا۔ حادثے کے وقت طيارے ميں سترہ سالہ حارث سليمان اور پاکستان ميں پيدا ہونے والے ان کے والد بابر سليمان موجود تھے۔ امدادی کارکنوں کے مطابق حارث کی لاش تلاش کر لی گئی ہے جبکہ ان کے والد کے ليے ابھی تلاش جاری ہے۔

Bildergalerie ILA 2004
تصویر: Presse

امريکی فيڈرل ايوی ايشن ايڈمنسٹريشن کے ترجمان اين گريگور کے مطابق ايک انجن والا Hawker Beechcraft نامعلوم وجوہات کی بناء پر سمندر ميں گر کر تباہ ہوا۔ FAA کے مطابق طيارے کی دم پر درج نمبر يا ’ٹيل نمبر‘ سے نشاندہی ہوتی ہے کہ سمندر ميں گرنے والا طيارہ امريکی رياست انڈيانا ميں رہنے والے بابر سليمان کا ہی تھا۔

امريکی کوسٹ گارڈز کی ترجمان مليسا مک کينزی نے بتايا کہ عينی شاہدين کے مطابق انہوں نے پاگو پاگو کے بين الاقوامی ہوائی اڈے سے اڑتے ہی قريب 1.61 کلوميٹر کے فاصلے پر ايک طيارے کو کريش ہوتے ہوئے ديکھا۔ طيارہ بحرالکاہل کے وسط ميں واقع امريکی رياست ہوائی کی طرف اڑ رہا تھا۔

حارث سليمان اپنے والد کے ہمراہ تيس دنوں کے اندر اندر دنيا کا چکر لگانے کے مقصد سے نکلے تھے۔ ان کے مقاصد ميں ايک انجن والے طيارے ميں سب سے کم دورانيے ميں دنيا کے گرد چکر لگانا اور ايسا کرنے والا سب سے کم عمر پائلٹ بننا شامل تھے۔ انہوں نے اپنے اس سفر کا آغاز 19 جون کو کيا تھا اور آئندہ اتوار کے روز انہيں اپنے گھر واپس پہنچنا تھا۔

يہ امر اہم ہے کہ اس سفر کے ذريعے حارث سليمان اور ان کے والد پاکستان ميں Citizens Foundation کے ليے فنڈ اکٹھا کرنے کے خواہشمند تھے۔ يہ غير سرکاری ادارہ پاکستان ميں ايسے اسکول تعمير کرتا ہے، جن ميں کم مالی وسائل سے تعلق رکھنے والے بچے تعليم حاصل کرتے ہيں۔