1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دس سیکنڈ ایک پاؤں پر کھڑے رہنا صحتمندی کی ضمانت

کشور مصطفیٰ30 مارچ 2015

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاؤں مناسب صحت کی بنیاد ہیں اور جسمانی ورزش کرتے وقت پاؤں کا خاص خیال رکھا جانا چاہیے۔

https://p.dw.com/p/1EziT
تصویر: Fotolia/ruigsantos

انسانی جسم میں پاؤں کی حیثیت وہی ہے جو کسی بھی عمارت کی بنیاد کی ہوتی ہے۔ انسان کی پوری جسمانی ساخت اور دماغی کارکردگی کا تعلق پاؤں کی مضبوطی اور صحت سے ہے۔ جسمانی ورزش کے دوران پاؤں کی حرکت کا خیال رکھنا نہایت ضروری ہوتا ہے۔

انسانی جسم میں کُل جتنی ہڈیاں ہوتی ہیں اُن کی تعداد کا ایک تہائی پاؤں اور ٹخنے میں ہوتا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاؤں مناسب صحت کی بنیاد ہیں اور جسمانی ورزش کرتے وقت پاؤں کا خاص خیال رکھا جانا چاہیے کیونکہ پاؤں انسانی اعضا کا ایک اہم حصہ ہے۔ ٹریڈ مِل پر کھڑے ہوکر ورزش کرنے والے اکثر افراد پاؤں کی کیفیت کو نظر انداز کر دیتے ہیں اُن پر غور ہی نہیں کرتے۔ اس اقدام کو فٹنس کے ماہرین غلط قرار دیتے ہیں۔

کیٹی باؤمین ایک بائیو میکینسٹ ہیں اور وہ ایک کتاب ''Whole Body Barefoot'' کی مصنفہ ہیں۔ باؤمین کے مطابق پاؤں پورے انسانی جسم میں سب سے زیادہ نظر انداز کیا جانے والا عضو ہے۔ کیٹی امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر سیئیٹل کے نزدیک قائم ’ریسٹوریٹیو ایکسرسائز انسٹیٹیوٹ‘ کی بانی اور ڈائرکٹر بھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاؤں کو مضبوط بنانے سے پورا جسم مستحکم اور متوازن ہو جاتا ہے۔

Menschen nutzen das freie Wi-Fi des Künstlers Kcho in Havanna
پاؤں کی ورزش کا اثرا براہ راست دماغ پر پڑتا ہےتصویر: Colourbox/George Dolgikh

امریکا کے ’ پوڈیئیٹرک میڈیکل ایسوسی ایشن کی 2014ء کے سروے رپورٹ کے مطابق امریکا میں ہر 10 میں سے 8 افراد کو پاؤں کی کسی نا کسی تکلیف کا سامنا ہوتا ہے۔ سروے سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ہر چار میں سے ایک بالغ فرد ورزش کرنے سے قاصر ہے کیونکہ اسے پاؤں کی کوئی نا کوئی تکلیف لاحق ہے۔

APMA کے ترجمان ڈاکٹر ہوورڈ اُسٹرمن کا کہنا ہے کہ پاؤں کی زیادہ تر تکلیف، یا چوٹ وغیرہ کی وجہ ان کا بیجا اور غلط استعمال ہوتا ہے۔ یا کم وقت اور محدود معاونت سے زیادہ سے زیادہ بوجھ پاؤں پر ڈالنے سے پیروں کی تکلیف جنم لیتی ہے۔ ڈاکٹر ہوورڈ اُسٹرمن کہتے ہیں،" ہماری انگلیوں اور پنجوں کو مضبوط پٹھوں کی ضرورت ہوتی ہے" ۔

ڈاکٹر ہوورڈ اوسٹرمین واشنگٹن کی ایک باسکٹ بال ٹیم کے پاؤں سے متعلقہ تکالیف کے طبیب بھی ہیں۔ وہ ٹیم کے کوچ کو تلقین کرتے رہتے ہیں کہ وہ اپنے کھلاڑیوں سے پابندی سے پاؤں کی ورزش کروایا کریں۔

Mexiko Symbolbild Fitness
ورزش کرتے وقت پاؤں کا خیال رکھنا چاہیےتصویر: picture-alliance/dpa/A.S. Cabrios

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاؤں کی مدد سے ایک چھوٹا تولیہ یا ماربل اُٹھانے کی کوشش کرنا یا دس سیکینڈ کے لیے ایک پیر پر کھڑے ہونے سے دماغ کو جو تقویت ملتی ہے اُس کا اندازہ ممکن نہیں۔ پاؤں کی ورزش براہ راست دماغی خلیوں کو متحرک کرتی ہے کیونکہ اس کی مدد سے جسم کا دوران خون مؤثر ہوتا ہے اور دماغ سے لے کر پاؤں تک خون کی گردش تیز ہو جاتی ہے۔ خاص طور سے معمر مریضوں کو پاؤں کی ورزش کروانا ضروری ہوتی ہے کیونکہ ایسے مریضوں کو فالج یا دیگر اعصابی بیماریوں کے حملے کا زیادہ خطرہ لاحق رہتا ہے۔

بائیو میکینسٹ کیٹی باؤمین کا کہنا ہے کہ پنجوں کو پھیلانے، انہیں ایک ایک کر کہ اوپر اُٹھانے اور پاؤں کے نیچے ٹینس بال رکھ کر اسے گُھمانے کی ہلکی ورزش اگر پابندی سے کی جائے تو اس کے اثرات پورے جسم کی صحت پر مثبت انداز میں مرتب ہوتے ہیں۔ ایک نارمل اور صحت مند شخص کے لیے طبی ماہرین کا مشورہ ہے کہ وہ ننگے پاؤں 15منٹ پاؤں کی ورزش کرے تو صحت مند رہ سکتا ہے۔