1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’خوبصورت دماغ‘ کار حادثے میں ہلاک

عاطف توقیر24 مئی 2015

نوبل انعام یافتہ ماہر ریاضی جون نیش ہفتے کے روز ایک ٹریفک حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ اوہام کی بیماری سے نیش کی جنگ کی کہانی آسکر انعام یافتہ فلم ’آ بیوٹیفل مائنڈ‘ یا ’ایک خوبصورت دماغ‘ کا موجب بنی تھی۔

https://p.dw.com/p/1FVrU
تصویر: picture alliance/United Archives/WHA

امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی کے مطابق جون نیش اتوار کے روز اپنی اہلیہ کے ہمراہ ایک ٹیکسی میں سفر کر رہے تھے کہ گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک کنارے نصب حفاظتی بند سے جا ٹکرائی۔ اے بی سی نے مقامی پولیس کے حوالے سے بتایا کہ ٹیکسی کو یہ حادثہ نیوجرسی میں پیش آیا۔

مقامی پولیس ترجمان گریگوری وِلیمز نے بتایا کہ اس حادثے کے نتیجے میں جون نیش اور ان کی اہلیہ گاڑی سے باہر جا گرے اور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

John Forbes Nash Jr. bei Autounfall gestorben
جون نیش کو سن 1994میں نوبل انعام دیا گیاتصویر: picture-alliance/dpa/ Norwegian Academy of Science

یہ بات اہم ہے کہ اس شہرہء آفاق ریاضی دان کو سن 1994ء میں معاشیات کا نوبل انعام دیا گیا تھا۔ انہوں نے گیم تھیوری اور فیصلہ سازی کی ریاضیات پر بے انتہا کام کیا۔

جون نیش نے اپنی زندگی کا ایک طویل عرصہ واہمے کی بیماری سے جنگ میں بھی صرف کیا اور اسی جدوجہد کی کہانی کو ہالی ووڈ کی فلم ’آ بیوٹیفل مائنڈ‘ یا ’ایک خوبصورت دماغ‘ میں پیش کیا گیا۔ اس فلم میں رسل کرو نے مرکزی کردار ادا کیا تھا اور اس فلم کو آسکر انعام ملا تھا۔

اس حادثے کی خبر سامنے آنے کے بعد کرو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وہ نیش اور ان کی اہلیہ ایلیسا کی ہلاکت کی خبر سن کو دھچکے میں آ گئے ہیں۔ ’ایک غیرمعمولی رفاقت، خوبصورت دماغ اور خوبصورت دل۔‘