1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حادثے کی وجوہات ضرور جانیں گے، ورجن گروپ کے سربراہ

عاطف بلوچ2 نومبر 2014

’ورجن گروپ‘ کے مالک رچرڈ برینسن نے عہد ظاہر کیا ہے کہ سیاحتی خلائی جہاز گیلکِٹک کی تباہی کی وجوہات ضرور معلوم کی جائیں گی۔ آزمائشی پرواز کے دوران یہ جہاز جمعے کے دن حادثے کا شکار ہوا تھا۔

https://p.dw.com/p/1DffL
ورجن گروپ کے مالک رچرڈ برینسنتصویر: picture alliance/dpa

خبر رساں ادارے روئٹرز نے بتایا ہے کہ ورجن گروپ کے مالک رچرڈ برینسن نے ہفتے کے دن کیلی فورنیا کے موجاؤ صحرا پہنچے، جہاں گیلکٹک کو حادثہ پیش آیا تھا۔ اس حادثے میں ایک پائلٹ ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا تھا۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاکہ اس حادثے کی وجوہات منظر عام پر آ سکیں۔ اس موقع پر برینسن نے اس تمنا کا اظہار بھی کیا کہ وہ خلاء کے لیے کمرشل پروازوں کی شروعات کے اپنے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اسی اثناء کیرن کاؤنٹی کی پولیس نے اس حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے پائلٹوں کی شناخت جاری کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے پائلٹ کا نام مائیکل ایلسبرے تھا، جن کی عمر انتالیس برس تھی۔ شدید زخمی ہونے والے پائلٹ کا نام پیٹر سیبولڈ بتایا گیا ہے۔ ان عمر تینتالیس برس ہے۔

Virgin Galactic SpaceShipTwo Absturz 31.10.2014
پولیس نے اس حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے پائلٹوں کی شناخت جاری کر دی ہے۔تصویر: Reuters/KNBC-TV

رچرڈ برینسن نے موجاؤ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ہمیں اپنے پائلٹوں کا قرض چکانا ہے۔ ہمیں معلوم کرنا ہے کہ کیا غلط ہوا۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر حادثے کی وجوہات معلوم کر کے اس میں بہتری پیدا کی جائے تو مستقبل میں خلاء کے لیے سیاحتی پروازیں ممکن ہیں۔

روئٹرز کے مطابق نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ کی ایک خصوصی ٹیم بھی جائے حادثہ پہنچ چکی ہے، جو اس حادثے کی تفصیلی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش کرے گی۔ اس ٹیم کے سربراہ کرسٹوف ہارٹ نے کہا، ’’یہ ایک آزمائشی پرواز تھی۔ تجرباتی پروازوں کی تمام تر تفصیلات اور متعلقہ ڈیٹا کو عمومی طور پر اچھے طریقے سے دستاویزی شکل دی جاتی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اسی ڈیٹا کی بنیاد پر تفتیشی عمل میں بہت زیادہ مدد ملنے کی توقع ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ’ورجن شپیس شپ ٹو‘ نامی اس جہاز کے حادثے کی تفتیش کے دوران راکٹ کے انجن پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی کیونکہ جمعے کے دن یہ پہلی مرتبہ ایک نئے قسم کے ایندھن کے ساتھ پرواز کر رہا تھا۔ یہ امر اہم ہے کہ یہ خلائی جہاز قبل ازیں دو مرتبہ کامیاب پرواز کر چکا تھا۔

ورجن گروپ کے اس منصوبے کا مقصد عام لوگوں کے لیے خلائی سیاحت کا کام شروع کرنا ہے۔ اس گروپ کی کوشش ہے کہ 2015ء میں سیاحوں کو خلاء میں لے جانے کا سلسلہ شروع کیا جائے۔ اب تک سات سو افراد نے اپنی نوعیت کی اس پہلی خلائی پرواز کے لیے بکنگ کرا رکھی ہے، جن میں ہالی وڈ کے معروف اداکار لیونارڈو ڈی کپیریو بھی شامل ہیں۔ اس ایک پرواز کی ٹکٹ ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر ہے۔ رچرڈ برینسن نے کہہ رکھا ہے کہ پہلی پرواز میں وہ بھی ایک مسافر کی حیثیت سے بیٹھیں گے۔