1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جیل کی سیر: چین میں کرپشن روکنے کا انوکھا طریقہ

امجد علی25 مئی 2015

چین میں بدعنوانی کے خلاف تنبیہ کے طور پر درجنوں حکومتی عہدیداروں اور ان کے اہل خانہ کو جیل کی سیر کروائی گئی ہے۔ اس دوران ان کی ملاقات کرپشن کے الزام میں قید بھگتنے والے سابقہ سرکاری عہدیداروں سے بھی کروائی گئی۔

https://p.dw.com/p/1FW2F
China Symbolbild Arbeitslager Umerziehungslager Gefängnis
چین کے ایک مشرقی صوبے کی جیل کا ایک منظر، جیل کے اس حصے میں خواتین قیدیوں کو رکھا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

نیوز ایجنسی روئٹرز نے شنگھائی سے اپنے ایک جائزے میں لکھا ہے کہ یہ بات چین کے سرکاری اخبار چائنہ ڈیلی نے ملک کی نظم و ضبط سے متعلق کمیٹی کے حوالے سےبتائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چین کے مشرقی صوبے ہوبائی میں کمیونسٹ پارٹی کے ستّر رہنما، سینیئر افسر اور اُن کے شریکِ حیات شہر کی مقامی جیل کی ’سیر‘ پر گئے، جہاں اُن کی ملاقات سابقہ اہلکاروں سے کروائی گئی۔ اخبار کے مطابق ایک طرح کی تعلیمی و تربیتی تنبیہ کے طور پر ان تمام افراد نے اپنا پورا دِن اس جیل میں گزارا۔

واضح رہے کہ دو سال سے زیادہ عرصہ قبل برسرِاقتدار آنے والے صدر شی جِن پنگ نے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کو اپنی اولین ترجیح بنا رکھا ہے۔ اس دوران متعدد سینیئر حکومتی اہلکاروں، فوجی افسروں اور کاروباری شخصیات کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ جیل کی سیر کے دوران سرکاری افسروں کو اُن کے اُن سابقہ ساتھیوں اور افسروں سے ملوایا جاتا ہے، جو رشوت خوری یا پھر اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں قید کاٹ رہے ہوتے ہیں۔ بیجنگ حکومت اس طرح کے دَوروں کو کرپشن کے خلاف سخت تنبیہ کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ چائنہ ڈیلی کے مطابق ’سیر‘ کے دوران جیل کی دیواروں پر ملزموں سے کی جانے والی تفتیش کی تصاویر بھی آویزاں ہوتی ہیں تاکہ دورے پر جانے والے افراد ان تصاویر کو دیکھ کر عبرت پکڑ سکیں۔

اس چینی روزنامے سے باتیں کرتے ہوئے جیل کی سیر کو جانے والے ایک حکومتی عہدیدار نے کہا:’’یہ بہت ہی متاثر کن منظر تھا، قید کی سزا بھگتنے والے سابقہ سرکاری افسروں کو اس حال میں دیکھنا کہ کیسے اُنہیں اپنے کیے پر سخت پچھتاوا ہے۔‘‘

China Gefängnis Flash-Galerie
جیل کی سیر کے دوران سرکاری افسروں کو اُن کے اُن سابقہ ساتھیوں اور افسروں سے ملوایا جاتا ہے، جو رشوت خوری یا اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں قید کاٹ رہے ہوتے ہیںتصویر: AP

چائنہ ڈیلی کے مطابق سینٹرل کمیشن آف ڈسپلنری انسپکشن نے کہا کہ اِن افراد کو جیلوں کی سیر کروانے کا مقصد اُنہیں خبردار کرنا ہے کہ وہ کوئی ایسا غلط کام نہ کریں، جس میں کسی بھی طرح سے بدعنوانی کا عنصر پایا جاتا ہو۔

رواں مہینے اس کمیشن کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چین کی مسلح افواج کے کچھ ارکان کرپشن یا بدعنوانی کے خلاف جنگ کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔ کچھ فوجی افسران کے مطابق بدعنوانی ملک کی رگوں میں اس حد تک سرایت کر چکی ہے کہ یہ چین کی جنگ کرنے کی صلاحیت کو کھوکھلا کر سکتی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید