1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جہادیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے، فرانس

ندیم گِل23 ستمبر 2014

فرانس نے تصدیق کی ہے کہ اس کے ایک شہری کو الجزائر میں اغوا کر لیا گیا ہے۔ پیرس حکام نے کہا ہے کہ شدت پسندوں کی یہ کارروائی اسلامی ریاست کے جہادیوں کے خلاف فرانس کے مشن کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔

https://p.dw.com/p/1DHDU
تصویر: Reuters/Osama Al-dulaimi

پیرس میں وزارتِ خارجہ نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ فرانس اسلامی ریاست کے شدت پسندوں کے خلاف امریکی قیادت میں قائم اتحاد کا حصہ رہے گا اور الجزائر میں فرانسیسی شہری کا اغوا اس اتحاد میں فرانس کی شرکت پر اثر انداز نہیں ہو سکتا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فرانس کے وزیر خارجہ لاراں فابیوس نے کہا: ’’ہم مغویوں کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کارروائی کریں گے۔ لیکن ایک دہشت گرد گروہ فرانس کا مؤقف تبدیل نہیں کر سکتا۔‘‘

فرانسیسی وزارتِ خارجہ کے مطابق اس کے شہری کو اتوار کو الجزائر کے ایک مشرقی علاقے سے اغوا کر لیا گیا۔ اغوا کاروں نے ایک ویڈیو جاری کی ہے کہ جس میں فرانس کو خبردار کیا گیا ہے کہ اس نے عراق میں مداخلت بند نہ کی تو مغوی فرانسیسی کو قتل کر دیا جائے گا۔

Symbolbild Algerien Geiselnahme Islamischer Staat Franzose
جہادی عراق اور شام کے متعدد علاقوں پر قابض ہیںتصویر: picture-alliance/AP

اسلامی ریاست کے شدت پسندوں سے منسلک ایک گروپ نے یہ ویڈیو پیر کو جاری کی ہے۔ اس میں ایک شخص کو دکھایا گیا جو اپنا نام ایروی گردیل، عمر پچپن سال اور تعلق فرانس کے جنوبی علاقے سے بتاتا ہے۔ اس گروپ نے یہ ویڈیو فرانس کی جانب سے اپنے شہری کے اغوا کی تصدیق پر مبنی بیان سامنے آنے کے فوراﹰ بعد انٹرنیٹ پر جاری کی۔ فرانس کی وزارتِ خارجہ نے بعدازاں اس ویڈیو کو مستند قرار دیا ہے۔

فرانس کے صدر فرانسوا اولانڈ کا کہنا ہے کہ انہوں نے الجزائر کے وزیر اعظم عبدالمالک سلال سے ٹیلی فون پر بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک مغوی کی بازیابی کے لیے ہر سطح پر تعاون کر رہے ہیں۔

الجزائر کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی ایس نے وزارتِ داخلہ کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے مغوی فرانسیسی شہری کے بارے میں بتایا ہے کہ وہ ایک ماؤنٹین گائیڈ ہے۔ اس کے مطابق وہ ایک گاڑی پر الجزائر کے شہریوں کے ساتھ سفر کر رہا تھا جب اسے اغوا کیا گیا۔

فرانس نے پیر کو ہی مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ میں اپنے تیس سفارت خانوں پر ممکنہ حملے کے خطرے کا درجہ بڑھا دیا ہے۔ اس نے جمعے کو عراق میں اسلامی ریاست کے اہداف پر پہلا فضائی حملہ کیا تھا۔ پیرس حکومت کا کہنا ہےکہ خطے کو اس گروہ سے پاک کرنے کےلیے ہر ممکن کارروائی کی جانی چاہیے۔