1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جوہری طاقت کا حامل ایران اسلامک اسٹیٹ سے بڑا خطرہ ہو گا، اسرائیلی وزیر اعظم

عاطف بلوچ30 ستمبر 2014

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ جوہری صلاحیت کا حامل ایران اسلامک اسٹیٹ کے مقابلے میں زیادہ بڑا خطرہ ثابت ہو گا۔ انہوں نے فلسطینی صدر کی طرف سے لگائے جانے والے ’قتل عام‘ کے الزامات کو بھی مسترد کر دیا۔

https://p.dw.com/p/1DNNF
تصویر: Reuters/B. McDermid

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے پیر کے دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ ایران کی طرف سے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی صلاحیت کو مکمل طور پر ختم کر دینا چاہیے۔ نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اگر ایران کے پاس جوہری ہتھیار آ گئے تو وہ دنیا کے لیے ایک انتہائی بڑا خطرہ بن جائے گا۔

نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا، ’’غلطی نہیں ہونا چاہیے۔ آئی ایس آئی ایس (اسلامک اسٹیٹ) کو شکست ضرور دینا ہوگی۔‘‘ نیتن یاہو نے اپنے خدشات کو بیان کرتے ہوئے البتہ کہا کہ جہادیوں کو شکست دینا اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی چھوٹ دینا دراصل ایک محاذ پر کامیابی جبکہ دوسرے پر شکست کے مترادف ہو گا۔

UN Vollversammlung 26.09.2014 - Mahmud Abbas
فلسطینی صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جمعے کو خطاب کیا تھاتصویر: Reuters/Mike Segar

اسرائیلی وزیر اعظم نے الزام عائد کیا کہ ایرانی صدر حسن روحانی اپنے جوہری پروگرام پر بین الاقوامی ڈیل کے خواہاں تو ہیں لیکن وہ ایٹم بم بنانے کی صلاحیت پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے عالمی برادری کو باور کرایا، ’جوہری ہتیھاروں کا حامل اسلامی جمہوریہ ایران، ہم سب کے لیے ایک سنگین خطرہ ہو گا‘۔

اسرائیل اور متعدد مغربی ممالک کو اندیشہ ہے کہ تہران حکومت اپنے متنازعہ جوہری پروگرام سے ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش میں ہے تاہم ایران ایسے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہتا ہے کہ اس کی جوہری سرگرمیاں پرامن مقاصد کے لیے ہیں۔ ایران کے اس دعوے کی صداقت کے لیے مغربی ممالک ایرانی جوہری ماہرین سے مذاکرات بھی کر رہے ہیں۔

جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ یہ کہنا کہ ایران دہشت گردی نہیں کرتا ایک سفید جھوٹ ہو گا، ’’کیا آپ آئی ایس آئی ایس کو یورنیم افزودہ کرنے کی اجازت دیں گے۔ کیا آپ آئی ایس آئی ایس کو بھاری پانیوں کے ری ایکٹر تعمیر کرنے دیں گے۔‘‘ عالمی برادری سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی تمام تر جوہری سرگرمیوں کو بند کرانا ہوگا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ عراق و شام میں فعال جہادی اُسی ریڈیکل نظریے کے پیروکار ہیں، جو غزہ میں قابض حماس کا ہے۔ انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس کے ایسے الزامات کو بھی ’ سفید جھوٹ‘ قرار دے دیا کہ حالیہ پچاس روزہ غزہ جنگ کے دوران ’فلسطینیوں کا قتل عام‘ کیا گیا۔ جمعے کے دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے محمود عباس نے اسرائیل پر قتل عام جیسے جرائم کا مرتکب ہونے کا الزام کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ اسرائیل مقبوضہ علاقوں کا قبضہ ختم کر دے۔