1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں پیگیڈا تحریک، یہودیوں کی جانب سے مسلم برادری کی حمایت

عدنان اسحاق20 دسمبر 2014

جرمنی میں ابھی حال ہی میں پیگیڈا کے نام سے ایک نئی تحریک شروع ہوئی ہے۔ اس کا مقصد تارکین وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد کو روکنا اور جرمنی میں اسلامائزیشن کے خطرے سے لوگوں کو آگاہ کرنا ہے۔

https://p.dw.com/p/1E7sV
تصویر: Reuters/H. Hanschke

پیگیڈا نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہر ہفتے ایک جلوس نکالے گی۔ جرمنی میں متعدد حلقے اس تحریک کی جانب سے تارکین وطن، اسلام اور سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کے خلاف نکالے جانی والی ریلیوں پر کڑی تنقید کر رہے ہیں۔ جرمنی میں یہودیوں کی مرکزی تنظیم کے سربراہ جوزیف شُسٹر نے مسلمانوں کے خلاف اس رویے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اخبار ڈی ویلٹ کو دیے جانے والے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ’’اسلامی دہشت گردی کے خوف سے کسی ایک مذہب کو بدنام کرنا کسی طرح بھی قابل قبول نہیں ہے۔‘‘

کئی ہفتوں سے مشرقی جرمن شہر ڈریسڈن میں اس طرح کے جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ پیر کو نکالی جانے والی ہفتہ وار ریلی میں 15 ہزار افراد شریک ہوئے تھے۔ شسٹر کے بقول اِنہیں غیر اہم تصور نہ کیا جائے اور اس معاملے پر انتہائی سنجیدگی سے غور کیا جائے کیونکہ یہ تحریک بہت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ، ’’ ان میں نیونازی اور انتہائی دائیں بازو کی جماعتیں بھی شامل ہو سکتی ہیں اور اس کے بعد انہیں غیر ملکیوں سے نفرت کے اپنے پراپیگینڈے کا پرچار کرنے میں کسی بھی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

Deutschland PEGIDA Dresden 8.12.
ڈریسڈن میں ’پیگیڈا‘ کا ایک اجتماعتصویر: Reuters/Hannibal Hanschke

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ جرمنی میں کرائے جانے والے ایک حالیہ جائزے کے مطابق جرمنوں کی ایک تہائی تعداد پیگیڈا کے مطالبوں کی حامی ہے۔ جرمنی کے متعدد حلقوں کامؤقف ہے کہ اس طرح ملک میں امتیازی سلوک کو پروان چڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انتہائی دائیں بازو کی ’پیگیڈا‘ جماعت کا مطلب ’’مغرب کی اسلامائزیشن کے مخالف محب وطن‘‘ ہے۔ برطانوی ادارے’ YouGov‘ کی جانب سے کرائے جانے والے سروے کے مطابق پیگیڈا کے بارے میں مشرقی اور مغربی جرمنی کے شہریوں کے رویوں میں بھی فرق پایا جاتا ہے۔ اس سروے میں شامل لوگوں سے جب پوچھا گیا کہ سیاسی پناہ دینے کے طریقہ کار میں موجود خامیوں اور اسلام کے خلاف شہریوں کی توجہ مرکوز کرانے کا پیگیڈا کا انداز کیا صحیح ہے؟ تو سابق کمیونسٹ مشرقی جرمنی سے تعلق رکھنے والے 36 فیصد جبکہ 33 فیصد مغربی جرمن شہریوں نے اس کی حمایت کی۔

اس سروے میں18 سال سے زائد عمر کے ایک ہزار پچیس جرمن شہریوں کو شامل کیا گیا۔ جرمن حکومتی اہلکار متعدد بار یہ دہرا چکے ہیں کہ پیگیڈا ایک دائیں بازو کی تحریک ہے اور جرمنی میں اسلا مائزیشن کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ان کے مطابق مسلمان جرمن آبادی کا صرف چار فیصد ہیں اور شام اور عراق سے جرمنی آنے والے پناہ گزین زیادہ تر مسیحی ہیں۔