1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی، امریکا کے ساتھ قریبی پارٹنرشپ رکھتا ہے: میرکل

عابد حسین23 اکتوبر 2014

جرمن چانسلر میرکل نے کل بدھ کے روز امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے ساتھ برلن میں ملاقات کی۔ چانسلر میرکل نے اِس میٹنگ میں واضح کیا کہ اُن کا ملک امریکا کے ساتھ مختلف بحرانوں کے حل کی کوششوں میں قریبی پارٹنر شپ رکھتا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Da5o
تصویر: Reuters/Thomas Peter

جرمن چانسلر اور امریکی وزیر خارجہ کی میٹنگ میں کئی اہم معاملات پر گفتگو کی گئی۔ تجزیہ کاروں کے خیال میں گزشتہ برس انگیلا میرکل اور جرمن کمیونیکیشنز نیٹ ورک کی جاسوسی کے بعد برلن حکومت کی جانب سے واشنگٹن پر ظاہر کی جانے والی ناراضگی کا تاثر کل بدھ کے روز امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کے بعد زائل ہو گیا ہے۔ اپنے دفتر میں چانسلر میرکل نے جان کیری کو خوش آمدید کہا۔ کل ہی جان کیری نے جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر سے بھی ملاقات کی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے منہدم شدہ دیوارِ برلن کے محفوظ ایک حصے پر مرحومین کی یاد میں پھول بھی رکھے۔

انگیلا میرکل نے ملاقات کے بعد واضح کیا کہ جرمنی، دنیا بھر میں پیدا شدہ مختلف بحرانوں کے حوالے سے امریکا کے ساتھ قریبی شراکتی تعلق قائم کیے ہوئے ہے۔ جرمن چانسلر نے اس تعاون کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں ایبولا وائرس کے انسداد سے لے کر عراق و شام میں پھیلتی اسلامک اسٹیٹ کے خلاف اتحادیوں کی مشترکہ کارروائیوں اور افغانستان ہو یا ایران کا جوہری پروگرام، یہ سب شامل ہیں۔ میرکل کے مطابق انہیں یہ کہنا اچھا لگتا ہے کہ امریکا کے ساتھ اِن بحرانی معاملات میں قریبی تعاون کا سلسلہ شروع ہے۔

Kerry und Merkel Bundeskanzleramt 22.10.2014
انگیلا میرکل اور جان کیریتصویر: Getty Images/Pool

امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا تھا کہ افغانستان کے معاملے پر جرمنی ایک کلیدی پارٹنر ہے اور افغان عوام کے بہتر مستقبل کے حوالے سے بھی برلن حکومت کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں۔ کیری کا حوالہ جرمنی کی جانب سے افغان فوج اور پولیس کی تربیت کا خصوصی پروگرام ہے۔ جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر کے ساتھ ملاقات کے بعد کیری نے یوکرائنی بحران کے حوالے سے جرمن کردار کی بھرپور انداز میں تعریف کی۔

کیری کا یہ بھی کہنا تھا کہ کریمیا پر روس کا مکمل کنٹرول اور پھر یوکرائن پر اُس کی سرحدی خود مختاری کو عبور کرنا اور مشرقی یوکرائن کی باغیوں کی حمایت کے حوالے سے پیدا ہونے والے بحران کے دوران بین الاقوامی کوششوں میں جرمنی نے مضبوط لیڈرشپ کا کردار ادا کیا ہے۔ کیری کے مطابق براعظم یورپ کی پرامن سلامتی کے لیے یوکرائنی بحران کا حل ہونا ازحد ضروری ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے مختلف یورپی ملکوں کی سرحدی سکیورٹی کی نگرانی کے لیے ٹیکنالوجی یا ڈرونز کے استعمال کو بھی تجویز کیا۔ کیری کے خیال میں یوکرائنی بحران کے حل کے لیے باغیوں کو غیر مسلح کرنے کے علاوہ روس اور یوکرائن کے درمیان بفر زون قائم کرنا بھی اہم قرار دیا۔