1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن کاریگر کا کمال: لکڑی سے بنا یاماہا موٹر سائیکل

امجد علی16 مئی 2015

ایک جرمن بڑھئی نے بارہ سال کا عرصہ صرف کرتے ہوئے اپنی پسندیدہ یاماہا موٹر سائیکل کا اصل سائز میں لکڑی کا ایک ماڈل تیار کر لیا ہے۔ اس ماڈل کی تیاری میں لکڑی کے پانچ ہزار سے زیادہ مختلف ٹکڑے استعمال کیے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1FQbd
جہاں اصل موٹر سائیکا کا وزن 160 کلوگرام ہے، وہاں لکڑی سے بنائے گئے اس کے ماڈل کا وزن ایک سو کلوگرام بنتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/C. Rehder

چھیالیس سالہ بڑھئی آندرے شلوسر کا تعلق شمالی جرمن صوبے شلیزوِک ہولشٹائن کے ایک گاؤں نیئن بورسٹل سے ہے۔ اُس نے بتایا کہ اُس کا منصوبہ اُس کی بیوی کی جانب سے کہی جانے والی ایک ’نہیں‘ سے شروع ہوا تھا۔ اُس کی پسندیدہ یاماہا موٹر سائیکل FZR 600R Aral Cup ایک طویل عرصے تک اُس کے زیرِ استعمال رہی تھی۔ ایک وقت آیا کہ اُس نے اس موٹر سائیکل پر سوار ہونا چھوڑ دیا۔ تب وہ اس کو ایک یادگار کے طور پر اپنے گھر کے ڈرائنگ روم میں رکھنا چاہتا تھا۔ بیوی کے انکار کے بعد اُن دونوں کا سمجھوتہ اس بات پر ہوا کہ اگر یہ موٹر سائیکل مکمل طور پر لکڑی کا بنا ہوا ہو تو وہ اسے ڈرائنگ روم میں رکھنا قبول کر لے گی۔

اب جب موٹر سائیکل کا یہ حیران کُن ماڈل مکمل طور پر تیار ہو چکا ہے تو آندرے شلوسر اسے صرف اپنے ڈرائنگ روم کی زینت بنا کر نہیں رکھنا چاہتا۔ اُس کی خواہش ہے کہ اور لوگ بھی اُس کے مکمل طور پر ہاتھ سے تیار کیے گئے اس شاہکار کو دیکھیں۔ اس مقصد کے لیے وہ اس ماڈل کو کسی عجائب گھر کے حوالے کرنے کے لیے بھی راضی ہے۔

اس چوبی ماڈل کی تیاری میں آندرے شلوسر کی چار ہزار گھنٹوں کی مسلسل محنت شامل ہے۔ اُس نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ کبھی کبھی وہ اپنے گیراج میں اس حالت میں کھڑا ہوتا تھا کہ گرد اُس کے ٹخنوں تک پہنچ جایا کرتی تھی۔

Yamaha FZR 600 Holzmotorrad von Andre Schlosser
اس چوبی ماڈل کی تیاری میں آندرے شلوسر کی چار ہزار گھنٹوں کی مسلسل محنت شامل ہےتصویر: picture-alliance/dpa/C. Rehder

شلوسر نے بتایا کہ اُس نے لکڑی کو ایک مخصوص شکل دینے والے آلے کے ساتھ لاتعداد شامیں اپنے گیراج میں گزاریں۔ جب کوئی مخصوص حصہ آخر میں درست شکل میں آنے کی بجائے آڑھا ترچھا ہو جاتا تھا تو وہ ڈرائنگ روم کی چمنی کی نذر ہو جایا کرتا تھا:’’کئی کئی حصے ایسے ہیں، جنہیں مَیں نے دو یا تین مرتبہ بنایا۔‘‘

سب سے زیادہ محنت اُسے موٹر سائیکل کا چین بنانے پر صرف کرنا پڑی۔ یہ چین مجموعی طور پر 430 چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں پر مشتمل ہے:’’مَیں نے تمام پیمائشیں اندازے سے کی ہیں اور سارا کام آنکھ کے پیمانے سے انجام دیا ہے۔‘‘

جہاں اصل موٹر سائیکا کا وزن 160 کلوگرام ہے، وہاں لکڑی سے بنائے گئے اس کے ماڈل کا وزن ایک سو کلوگرام بنتا ہے۔ اُس نے بتایا کہ جیسے جیسے اس ماڈل پر اُس کا کام آگے بڑھتا گیا، ویسے ویسے مختلف حصوں کی جزیات میں بھی اُس کی دلچسپی میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ کئی حصے ایسے بھی ہیں، جو باہر سے نظر نہیں آتے لیکن اُن کی تیاری میں بھی لکڑی استعمال کی گئی ہے۔ مثلاً سپارک پلگ باہر سے نظر نہیں آتے لیکن آندرے شلوسر نے یہ پلگ بھی لکڑی سے تیار کیے ہیں۔