1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن ونگز سانحہ: قومی سطح کی دعائیہ تقریب آئندہ ماہ

28 مارچ 2015

فرانس میں جرمن ونگز کے مسافر بردار طیارے کے تباہ ہو جانے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں جرمنی میں قومی سطح پر ایک خصوصی تقریب کا اہتمام اپریل میں کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/1EyuQ
Schweigeminute NRW Germanwings
تصویر: picture-alliance/dpa/Oliver Berg

جرمن حکام کے مطابق قومی سطح پر منعقد ہونے والی خصوصی یادگاری تقریب میں ہلاک ہونے والوں کے لیے دعا اور ان کے لواحقین کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ جرمن شہر کولون کے گرجا گھر میں منعقد ہونے والی مرکزی تقریب سترہ اپریل کو منعقد ہو گی، جس میں متوع طور پر جرمن صدر یواخم گاؤک اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل بھی شریک ہوں گے۔

چند روز قبل فرانسیسی پہاڑی علاقے علاقے آلپس میں ایئر بس A320 کے کریش ہوجانے کے نتیجے میں 150 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس جہاز کے اٹھائیس سالہ معاون پائلٹ آندریاس لویٹس نے مرکزی پائلٹ کے کاک پِٹ سے باہر نکلنے کے بعد مبینہ طور پر کاک پِٹ کو بند کر کے طیارے کو دانستہ پہاڑیوں سے ٹکرا دیا تھا۔ یہ جہاز ہسپانوی شہر بارسلونا سے جرمن شہر ڈسلڈورف کی جانب پرواز کر رہا تھا۔

کولون میں جو تقریب منعقد ہو گی اس میں ہلاک شدگان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب بھی شریک ہوں گے۔

جرمن ونگز، لفتھانزا کی ذیلی کمپنی ہے۔ گزشتہ روز لفتھانزا نے اعلان کیا تھا کہ وہ ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو فی کس پچاس ہزار یورو رقم دے گی۔ یہ اس رقم کے علاوہ ہے جو کہ جرمن وننگز ادا کرے گی۔

قبل ازیں جرمن اخبار ’’بِلڈ‘‘ نے انکشاف کیا تھا کہ لُوبِٹس شدید ڈپریشن کا شکار تھا۔ مغربی جرمن قصبے مونٹاباور سے تعلق رکھنے والے جرمن ونگز کے اس معاون پائلٹ کے بارے میں جرمن اخبار کے اس انکشاف سے کئی سوال کھڑے ہو گئے ہیں کہ اگر وہ شدید ڈپریشن کا مریض تھا تو اسے پائلٹ بننے کا اہل کیسے قرار دیا گیا۔

جرمن تفتیش کار اور فرانزک ماہرین بھی معاون پائلٹ کے ریکارڈ کی چھان بین کر کے اپنی معلومات باضابطہ طور پر فرانسیسی تفتیش کاروں کو فراہم کریں گے۔ جرمن پولیس ڈسلڈورف میں پائلٹ کے اپارٹمنٹ اور اُس کی گرل فرینڈ کے حوالے سے دستیاب معلومات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ اسی طرح مونٹا باور میں لُوبِٹس کے والدین کے گھر کی بھی پولیس نے تلاشی لی ہے۔

اس سانحے پر جرمنی اور اسپین میں شدید دکھ کا اظہار کیا گیا ہے اور متعدد دعائیہ تقریبات کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ تاہم اگلے ماہ ہونے والی تقریب مرکزی نوعیت کی ہے۔

shs/ab

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید