1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن عجائب گھروں میں بھی اَیپس کا دور شروع

امجد علی25 مئی 2015

جرمنی کے عجائب گھروں میں آڈیو گائیڈ کی سہولت کو بہت جدید تصور کیا جاتا رہا ہے تاہم اب بات اس سے بھی کہیں آگے نکل گئی ہے۔ میوزیم اَیپس کی مدد سے آرٹ کے نمونوں کو کہیں زیادہ بہتر طریقے سے دیکھا اور جانا جا سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/1FWBK
تصویر: DW/B. Beekman

اگر آپ نے اپنے اسمارٹ فون میں کسی میوزیم کی اَیپ (ایپلیکیشن) ڈاؤن لوڈ کر رکھی ہے تو آپ ٹَچ اسکرین پر اسکرول کر کے کسی بھی پینٹگ کو ہر زاویے اور ہر پہلو سے دیکھ سکتے ہیں۔ آپ اَیپ کے اندر موجود محدب عدسے کی مدد سے کسی مجسمے کا قریب سے جا کر مشاہدہ کر سکتے ہیں یا پھر راستے کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والا وہ بٹن دبا سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں متعلقہ اَیپ ہوٹل کے کمرے سے لے کر میوزیم کے دروازے تک آپ کی رہنمائی کرے گی۔

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے جرمن شہر ٹیوبنگن کی یونیورسٹی کے ثقافتی علوم کے پروفیسر تھامس تھیمائر نے بتایا:’’زیادہ سے زیادہ عجائب گھر اپنی آڈیو گائیڈز کی جگہ ٹیبلٹس یا پھر اسمارٹ فونز کے لیے بنائی گئی اَیپس متعارف کروا رہے ہیں۔‘‘ ان ڈیجیٹل اَیپس کا مقصد نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ میوزیم اور آرٹ کی جانب راغب کرنا ہے۔

اس سارے معاملے میں صرف ایک قباحت ہے اور وہ یہ کہ اَیپس تیار کروانے پر پیسہ خرچ ہوتا ہےاور اتنا پیسہ کسی کسی عجائب گھر ہی کے پاس ہوتا ہے۔ آنیا شالُوشکے جرمن عجائب گھروں کی ایسوسی ایشن کی ڈائریکٹر ہیں اور کہتی ہیں:’’ڈیجیٹل میڈیا میں قدم رکھنا کسی بھی عجائب گھر کے لیے اپنے مستقبل میں سرمایہ لگانے کے مترادف ہے۔‘‘

جرمنی میں عجائب گھروں کی ایک وَیب سائٹ museum.de کے نام سے قائم ہے۔ اس وَیب سائٹ کے ساتھ جڑے ہوئے جرمن عجائب گھروں کی تعداد پانچ ہزار سے بھی زیادہ ہے۔ اسی نام کی ایک اَیپ بھی ہے۔ اگر آپ نے اپنے سمارٹ فون یا ٹیبلٹ پر یہ اَیپ ڈاؤن لوڈ کر رکھی ہے تو جیسے ہی آپ کسی جرمن شہر میں کسی عجاب گھر کے قریب سے گزریں گے، یہ اَیپ فوراً آپ کو اس بات سے مطلع کرے گی اور ساتھ ساتھ یہ بھی بتائے گی کہ متعلقہ میوزیم میں کیا کیا کچھ دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ اَیپ آپ کو یہ بھی بتائے گی کہ اس میوزیم کے لیے آپ کو ٹکٹ کتنے میں ملے گا اور یہ بھی کہ میوزیم کب سے لے کر کب تک کھلا رہے گا۔

آپ ٹَچ اسکرین پر اسکرول کر کے کسی بھی پینٹگ کو ہر زاویے اور ہر پہلو سے دیکھ سکتے ہیں
آپ ٹَچ اسکرین پر اسکرول کر کے کسی بھی پینٹگ کو ہر زاویے اور ہر پہلو سے دیکھ سکتے ہیںتصویر: Imago

جرمنی کے عجائب گھر سالانہ تقریباً گیارہ کروڑ ٹکٹ فروخت کرتے ہیں۔ دنیا بھر کے سیاحوں میں جرمنی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیشِ نظر جرمن عجائب گھروں کو دیکھنے کے لیے جانے والے افراد کی تعداد میں بھی گزشتہ ایک عشرے کے دوران بارہ ملین کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

جرمنی کے جن عجائب گھروں نے ڈیجیٹل دَور میں قدم رکھنے کے سلسلے میں ایک مثال قائم کی ہے، اُن میں سرِفہرست فرینکفرٹ کا شٹیڈل میوزیم ہے، جس کا آن لائن بلاگ روزانہ ہزارہا لوگ پڑھتے ہیں، لاکھوں افراد اس کے یو ٹیوب ویڈیو دیکھتے ہیں، اِس کے فیس بُک پیج کے لائکس کی تعداد تیس ہزار سے زیادہ ہےجبکہ ٹوئیٹر پر بھی اِس کے گیارہ ہزار سے زیادہ فالوورز ہیں۔