1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ثانیہ مرزا ڈبلز عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر

عدنان اسحاق13 اپریل 2015

ثانیہ مرزا ٹینس ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن کی ڈبلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں اس کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

https://p.dw.com/p/1F6s8
تصویر: AP

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ اعزاز حاصل کرنے پر ثانیہ مرزا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا، ’’یہ بہت بڑی کامیابی ہے‘‘۔ مودی نے ثانیہ کے نام اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا:’’یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی بھارتی کھلاڑی بننے پر دلی مبارکباد‘‘۔

ثانیہ مرزا ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن (WTA)کے ڈبلز کے مقابلوں میں سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگز کے ساتھ حصہ لیتی ہیں۔ ابھی حال ہی میں ان دونوں کھلاڑیوں نے چارلسٹن میں فیملی سرکل ٹورنامنٹ جیتا ہے۔ پیر کو جس وقت ڈبلیو ٹی اے کی جانب سے یہ فہرست جاری کی گئی تواُس وقت تک ثانیہ اور ہنگز ڈبلز کے لگاتار چودہ میچوں میں کامیابی حاصل کر چکی تھیں۔

ثانیہ مرزا کے بقول’’جب آپ بچپن سے ٹینس کھیلنا شروع کرتے ہیں تو نمبر ایک بننا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے جبکہ کچھ ہی اس کی تعبیر حاصل کر پاتے ہیں۔ مجھے پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر بہت فخر محسوس ہو رہا ہے کیونکہ اس کے لیے میں نے زندگی بھر محنت کی ہے‘‘۔

Hochzeiten 2010 Sania Mirza und Shoaib Malik
ثانیہ مرزا نے 2010ء میں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے شادی کی تھیتصویر: Getty Images/AFP

انہوں نے مزید کہا، اس طرح بھارتی لڑکیوں میں یہ امید پیدا ہو گی کہ سب کچھ کیا جا سکتا ہے:’’اگر ہم ذہنی اور جسمانی طور پر محنت کریں تو کسی بھی منزل کا حصول ہمارے لیے مشکل نہیں‘‘۔

وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ ماضی کے مایہ ناز کرکٹر سچن ٹنڈولکر اور بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے بھی ثانیہ مرزا کوتہنیتی پیغامات ارسال کیے ہیں۔ ٹنڈولکر نے اپنے ٹویٹر پیج پر ثانیہ کو نئے کھلاڑیوں کے لیے ایک امید قرار دیا۔’’ثانیہ، عالمی درجہ بندی میں پہلا نمبر حاصل کرنے پر مبارکباد۔‘‘

ثانیہ نہوال بھارت کی معروف بیڈمنٹن کھلاڑی ہیں۔ وہ اس ماہ کے اوائل میں کچھ وقت تک بیڈمنٹن کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر بھی رہیں۔ انہوں نے بھی اپنے ٹویٹر پیج پر لکھا:’’یہ بہت بڑی کامیابی ہے، ثانیہ کے مستقبل کے لیے نیک تمنائیں۔‘‘

کرکٹر ویراٹ کوہلی کے مطابق ’’پہلے نہوال اور اب مرزا بھارت کے لیے فخر کا باعث بنی ہیں۔ بھارتی خواتین پہلی پوزیشنز حاصل کر کے ہمارے سر فخر سے بلند کر رہی ہیں۔ مبارکباد‘‘۔

ڈبلیو ٹی اے کی چیئرپرسن اسٹیسی الیسٹر کے مطابق ’’ثانیہ اپنے ٹینس کیریئر میں کئی سنگ میل عبور کر چکی ہیں اور یہ ٹائیٹل ان کی لگن، صلاحیت اور کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے‘‘۔

28 سالہ ثانیہ مرزا نے 2012ء میں کلائی پر لگنے والی ایک چوٹ کے بعد صرف ڈبلز مقابلوں پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔ یہ تیسری مرتبہ ہے کہ وہ ہنگز کے ساتھ ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن ’ڈبلیو ٹی اے‘ کا کوئی ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ سنگلز کی عالمی رینکنگ میں مرزا 27 ویں نمبر تک ہی پہنچ پائی ہیں۔ ثانیہ مرزا نے 2010ء میں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے شادی کی تھی۔