1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تین بھارتی مردوں نے نوجوان لڑکی کو آگ لگا دی

عصمت جبیں19 دسمبر 2014

بھارت میں آج جمعے کے روز تین ایسے مردوں نے ایک انیس سالہ لڑکی کو آگ لگا دی جسے وہ مبینہ طور پر ہراساں کر رہے تھے۔ اس لڑکی کی حالت ہسپتال میں تشویش ناک ہے۔

https://p.dw.com/p/1E7Qp
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق اس لڑکی کا جسم جل چکا ہے اور ڈاکٹر اس کی جان بچانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ بھارت کے شمال مشرقی شہر واراناسی میں پولیس کے ایک مقامی اہلکار راہول مشرا نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ 19 دسمبر کی صبح

پیش آیا۔ راہول مشرا کے مطابق اس لڑکی کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ آج صبح جب اس انیس سالہ لڑکی نے کسی کام کے لیے اپنے گھر سے باہر جانے کے لیے جیسے ہی دہلیز سے باہر قدم رکھا تو وہاں موجود تین آدمیوں نے اسے گالیاں دینا شروع کر دیں اس پر جب اس لڑکی نے احتجاج کیا تو مبینہ ملزمان نے اس کے جسم پر مٹی کا تیل چھڑک کر اسے آگ لگا دی۔

Gedenken Indien Gruppenvergewaltigung Mord 14.12.2013
دو سال قبل ایک تیئس سالہ طالبہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور بعد میں یہ لڑکی انتقال کر گئی تھیتصویر: Sam Panthaky/AFP/Getty Images

راہول مشرا کے مطابق چند عینی گواہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس لڑکی نے خود ہی اپنے جسم پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی جبکہ ملزمان مبینہ طور پر وہاں موجود ہی نہیں تھے۔

ڈی پی اے نے اس پولیس اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ پولیس اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے تاکہ اصل حقائق کا تعین کیا جا سکے۔

راہول مشرا نے بتایا کہ اس لڑکی کے والدین نے پولیس کو جو شکایت درج کرائی ہے اس کے مطابق تینوں ملزمان نے ان کی بیٹی کو آگ لگانے سے پہلے اسے بری طرح ہراساں کیا تھا۔

واراسانی کی پولیس کے مطابق اس نے تین ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کر لیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق ہسپتال میں اس لڑکی کی حالت تشویس ناک ہے اور اس کا بیان تب ریکارڈ کیا جائے گا جب وہ اپنی حالت بہتر ہونے کے بعد بیان دینے کے قابل ہو جائے گی۔

بھارت میں جنسی نوعیت کے جرائم اور لڑکیوں اور خواتین پر حملے اُس واقعے کے بعد سے ملکی اور بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں جو دسمبر 2012 میں پیش آیا تھا۔

اس واقعے میں مجرمان کے ایک گروپ نے چلتی بس میں ایک تیئس سالہ طالبہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور بعد میں یہ لڑکی انتقال کر گئی تھی۔ دو سال قبل بھارت میں گینگ ریب کا یہ واقعہ نئی دہلی میں پیش آیا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید