1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تحفظ ماحول کے ليے جنگلات ميں توسيع جاری، رپورٹ

عاصم سليم13 نومبر 2014

اقوام متحدہ کے تحفظ ماحول سے متعلق پروگرام کی طرف سے جاری کردہ ايک تازہ رپورٹ ميں بتايا گيا ہے کہ زمينی علاقوں کو جنگلات ميں تبديل کرنے کے معاملے ميں عالمی سطح پر اہداف پورے کيے جا رہے ہيں۔

https://p.dw.com/p/1DmRg
تصویر: picture alliance/ZB/P. Pleul

عالمی سطح پر يہ ہدف مقرر کيا جا چکا ہے کہ 2020ء تک زمين کے کُل سترہ فيصد علاقے کو جنگلات کی صورت ميں يا محفوظ زونز کے قيام کے ذريعے جبکہ سمندری علاقوں کے دس فيصد حصے کو محفوظ بنايا جائے گا۔ ’يونائیٹڈ نيشنز انوائرمنٹ پروگرام‘ يا (UNEP) کی طرف سے جمعرات تيرہ نومبر کے روز جاری کردہ ايک رپورٹ ميں يہ انکشاف کيا گيا ہے کہ مقرر کردہ یہ اہداف پورے ہو رہے ہيں۔

يو اين ای پی کی رپورٹ کے مطابق پچھلے دو برسوں کے دوران ايک ملين اسکوائر کلوميٹر سے زيادہ رقبے کو جنگلات ميں تبديل کيا جا چکا ہے۔ اقوام متحدہ کی اس ايجنسی کے اندازوں کے مطابق اس وقت زمين کے 15.4 فيصد حصے اور سمندر کے 3.4 فيصد حصے کو ’محفوظ مقام‘ کا درجہ حاصل ہے۔ يہ 2012ء کے مقابلے ميں 1.6 ملين اسکوائر کلوميٹر زيادہ ہے۔ البتہ رپورٹ ميں يہ بھی کہا گيا ہے کہ اس بات کو يقينی بنانے کے ليے کہ محفوظ زونز ميں ’بائيو ڈائيورسٹی اور ايکو سسٹم‘ کے فروغ کے ليے انتظامات درست ہوں اور مطلوبہ مقاصد حاصل کيے جا سکيں، مزيد اقدامات کی ضرورت ہے۔

2020ء تک سمندر کے دس فيصد حصے کو ’محفوظ مقام‘ کا درجہ ديا جانا ہے
2020ء تک سمندر کے دس فيصد حصے کو ’محفوظ مقام‘ کا درجہ ديا جانا ہےتصویر: AFP/Getty Images/T. Blackwood

سن 2012 کی ايک پيشن گوئی کا حوالہ ديتے ہوئے رپورٹ ميں بتايا گيا ہے کہ تحفظ ماحول کے ليے دنيا بھر ميں موجود محفوظ زونز کی ديکھ بھال کے ليے سالانہ بنيادوں پر 76.1 بلين امريکی ڈالر درکار ہيں۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے يو اين ای پی کے ايگزيکيٹو ڈائريکٹر آخم اشٹائنر نے کہا ہے کہ بائيو ڈائيورسٹی کے بچاؤ اور منفی ماحولياتی تبديليوں کو روکنے کے ليے محفوظ مقامات کا تحفظ ناگزير عمل ہے۔

يہ رپورٹ ايک ايسے موقع پر جاری کی گئی ہے کہ جب تحفظ ماحول کے ليے کام کرنے والے دنيا بھر سے ہزاروں کارکن اسی ہفتے آسٹريليا کے شہر سڈنی ميں ورلڈ پارکس کانگريس ميں شرکت کے ليے جمع ہو رہے ہيں۔ اس اجتماع کا مقصد آئندہ ايک دہائی کے ليے عالمی ايجنڈا اور اہداف طے کرنا ہے۔ کانگريس کے منتظم ادارے ’انٹرنيشنل يونين فار کنزرويشن آف نيچر‘ يا (IUCN) کے مطابق تحفظ ماحول کے ليے مختص کردہ علاقے نہ صرف سياحت کے ليے اہم ثابت ہو سکتے ہيں بلکہ ان علاقوں کے ديگر کئی فوائد بھی ہيں۔ آئی يو سی اين کے مطابق اس سلسلے ميں اضافی فنڈنگ کی ضرورت ہے جبکہ اس کے اقتصادی فوائد کو بھی اجاگر کيا جانا چاہيے۔