1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بی جے پی اب دنیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت، ارون سنگھ

مقبول ملک30 مارچ 2015

بھارت میں حکمران ہندو قوم پسندوں کی بھارتیہ جنتا پارٹی کے سیکرٹری جنرل ارون سنگھ کا کہنا ہے کہ بی جے پی چینی کمیونسٹ پارٹی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اب دنیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1EziP
بی جے پی کا جھنڈاتصویر: Dibyanshu/AFP/Getty Images

پیر تیس مارچ کی شام نئی دہلی سے موصولہ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے نیشنل سیکرٹری ارون سنگھ نے کہا ہے کہ گزشتہ مہینوں کے دوران اس جماعت نے اپنی رکنیت میں اضافے کی جو کامیاب مہم چلائی تھی، اس کے نتیجے میں مزید کئی ملین بھارتی شہری اس پارٹی میں شامل ہوئے اور اپنے ارکان کی مجموعی تعداد کے لحاظ سے BJP نے چین میں حکمران کمیونسٹ پارٹی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ چین آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے جس کے بعد دوسرے نمبر پر بھارت ہی کا نام آتا ہے۔

Indien - Bharatiya Janta Party
تصویر: Getty Images

ارون سنگھ کے مطابق گزشتہ برس نومبر میں بی جے پی کے رجسٹرڈ ارکان کی تعداد قریب 30 ملین تھی جو نئے ارکان کی شمولیت کی ’انتہائی کامیاب مہم‘ کے بعد اب 89 ملین ہو چکی ہے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا یا CPC کے رجسٹرڈ ارکان کی تعداد گزشتہ برس جون میں 86.86 ملین تھی اور اب بھارتیہ جنتا پارٹی نے دنیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر سی پی سی کو واضح طور پر پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ڈی پی اے کے مطابق بھارت میں قومی سطح پر بی جے پی کی سب سے بڑی حریف پارٹی انڈین نیشنل کانگریس ہے جو گزشتہ برس ہونے والے عام انتخابات سے پہلے مسلسل ایک عشرے تک برسراقتدار رہی تھی۔ 2014ء کے آخر تک اس پارٹی کے رجسٹرڈ ارکان کی تعداد 38.8 ملین تھی اور اب یہ جماعت بھی اپنی رکنیت میں اضافے کے لیے قومی سطح پر ایک مہم شروع کر چکی ہے۔ اس آن لائن ممبرشپ مہم کے لیے کانگریس پارٹی خاص طور پر تیار کردہ ایک سمارٹ فون ایپلیکیشن استعمال کر رہی ہے۔