1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھیڑیوں سے ریوڑ بچانے کے لیے گدھوں کی خدمات

امجد علی31 مارچ 2015

جرمنی میں حالیہ برسوں کے دوران بھیڑیوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ بھیڑیں پالنے والے بہت سے کسان ایک نیا تجربہ کرتے ہوئے اپنے ریوڑوں کو بھیڑیوں کے حملوں سے بچانے کے لیے گدھوں کی خدمات حاصل کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1EzrZ
Deutschland Tier-Inventur im Tierpark Hagenbeck Esel
تصویر: dapd

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے اپنے ایک جائزے میں بتایا ہے کہ جرمنی میں زیادہ سے زیادہ کسان اپنی بھیڑوں کی حفاظت کے لیے اب یہ طریقہ استعمال کرنے کا پروگرام بنا رہے ہیں۔ جرمن صوبے لوئر سیکسنی کے علاقے ٹویسٹرنگن کے ایک کسان ٹِینو بارتھ نے ڈی پی اے کو بتایا:’’بھیڑوں کے برعکس گدھوں کی جبلت میں موقع سے فرار ہونا شامل نہیں ہے۔ گدھا حملہ آور درندے کا سامنا کرتا ہے اور اُسے بھگانے کی کوشش کرتا ہے، پہلے شور مچا کر اور پھر دولتیوں کی مدد سے۔‘‘

بارتھ نے بتایا کہ اُس نے اپنی دو سو بھیڑوں کی حفاظت کے لیے حال ہی میں تین گدھے خریدے ہیں۔ اُس کا کہنا تھا کہ بھیڑیوں، کتوں یا پھر جنگی بِلّوں کی طرف سے حملوں کی صورت میں گدھے بھیڑوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں:’’گدھے خطرے کے وقت جو آوازیں نکالتے ہیں، وہ خوفزدہ کر دینے والی ہوتی ہیں۔‘‘

’ بھیڑوں کے بھاگنے سے بھیڑیوں کو حملہ کرنے کی اور زیادہ تحریک ملتی ہے‘
’ بھیڑوں کے بھاگنے سے بھیڑیوں کو حملہ کرنے کی اور زیادہ تحریک ملتی ہے‘تصویر: NABU/K. Karkow

جب گدھوں کو ریوڑ کا حصہ بنا دیا جاتا ہے تو وہ بھیڑوں کو اکٹھا رکھنے میں مدد دیتے ہیں اور اُنہیں بھاگنے سے روکتے ہیں کیونکہ بھیڑوں کے بھاگنے سے بھیڑیوں کو حملہ کرنے کی اور زیادہ تحریک ملتی ہے۔

ڈی پی اے کی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جرمن صوبے سیکسنی انہالٹ کے بہت سے کسان پہلے ہی اپنے ریوڑوں کی حفاظت کے لیے گدھے حاصل کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ برسوں کے دوران جرمنی میں بھیڑیوں کی تعداد میں بڑے پیمانے پر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ وولفس ریجن لاؤزِٹس نامی منصوے کے اندازوں کے مطابق آج کل جرمنی میں بھیڑیوں کی تعداد دو سو تک پہنچ چکی ہے، جو پچیس مختلف گروپوں کی شکل میں رہ رہے ہیں۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران بھیڑیوں کی تعداد میں دگنا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ نوجوان نر بھیڑیے عام طور پر اپنے گروپ سے الگ ہو کر بھیڑوں کا شکار کرتے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید