1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت نے 43 ممالک کے لیے ویزا آسان کر دیا

افسر اعوان28 نومبر 2014

بھارتی حکومت نے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے 43 ممالک کے شہریوں کے لیے ای ویزا سروس شروع کر کے ویزے کے طریقہ کار کو انتہائی سہل بنا دیا ہے۔ تاہم ان ممالک کی فہرست میں پاکستان شامل نہیں ہے۔

https://p.dw.com/p/1DvZr
Indien Air India Streik Kalkutta Flughafen Flugzeuge
تصویر: Reuters

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق جن ممالک کے لیے ای ویزا سروس شروع کی گئی ہے، ان میں جرمنی، امریکا اور آسٹریلیا بھی شامل ہیں۔ بھارتی حکومت کے مطابق اب ان ممالک کے شہریوں کو ویزا حاصل کرنے لیے متعلقہ بھارتی سفارت خانوں میں نہیں جانا پڑے گا بلکہ وہ اپنے سفر سے چار روز قبل تک ویزے کے لیے آن لائن فارم پُر کر سکتے ہیں۔

زیادہ تر ویزے مختلف ممالک میں موجود بھارتی سفارت خانوں کی جانب سے جاری کیے جاتے تھے۔ پیچیدہ طریقہ کار کے باعث بھارت جانے کے خواہشمند افراد کو ویزا حاصل کرنے کے لیے کئی ہفتوں تک انتظار کرنا پڑتا تھا۔

اس پیشرفت سے ملکی سیاحتی صنعت کو بے حد فائدہ پہنچے گا، بھارتی وزیر سیاحت مہیش شرما
اس پیشرفت سے ملکی سیاحتی صنعت کو بے حد فائدہ پہنچے گا، بھارتی وزیر سیاحت مہیش شرماتصویر: Manjunath Kiran/AFP/Getty Images

ای ویزا سروس سے فائدہ اٹھانے والے سیاحوں کو بھارت کے نو انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر پہنچنے کی صورت میں ایک ماہ یعنی 30 دن کا ویزا دے دیا جائے گا۔ اس ویزے کی معیاد نہیں بڑھائی جا سکے گی۔ مزید یہ کہ سیاحوں کے پاس واپسی کا ٹکٹ ہونا بھی لازمی ہے۔

بھارتی وزیر سیاحت مہیش شرما کے مطابق، ’’یہ اسکیم بھارت کی پوری ٹورازم انڈسٹری کے لیے ایک طرح سے خواب سچ ہونے کے مترادف ہے۔ اس پیشرفت سے ملکی سیاحتی صنعت اور معیشت کو بے حد فائدہ پہنچے گا۔‘‘ ان کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’حکومت کا مقصد ملک میں سیاحت کو فروغ دینا ہے اور اس اسکیم کے باعث یہ واضح پیغام جائے گا کہ بھارت ملک میں سفر کو آسان بنانے کی جانب سنجیدہ ہے۔‘‘

یاد رہے کہ بھارت کی سابق کانگریس حکومت نے اس اسکیم کا اعلان رواں برس کے آغاز میں کیا تھا۔

جن ممالک کے لیے ای ویزا سروس شروع کی گی ہے ان میں برازیل، روس، فن لینڈ، ناروے، جنوبی کوریا، اسرائیل، جاپان، میانمار، عمان، فلسطین، سنگاپور، یو اے ای، یوکرائن اور تھائی لینڈ وغیرہ بھی شامل ہیں۔ جن ممالک کے لیے یہ سروس شروع کی گئی ہے ان میں بھارت کے پڑوسی ممالک پاکستان، بنگلہ دیش، چین اور نیپال وغیرہ شامل نہیں ہیں۔

بھارت کی جانب سے اب بھی قریب ایک درجن کے قریب ممالک کے شہریوں کو ’آن ارائیول‘ یا بھارت پہنچنے پر ویزا دے دیا جاتا ہے۔ بھارتی حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ای ویزا سروس کو بعد ازاں مزید ممالک کے لیے بھی شروع کیا جائے گا۔