1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں سوائن فلو: دو ماہ میں قریب گیارہ سو ہلاکتیں

مقبول ملک2 مارچ 2015

بھارت میں سوائن فلو کی وجہ سے ہونے والی انسانی ہلاکتوں میں گزشتہ پانچ سال کے دوران مسلسل کمی کے بعد اس سال بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ صرف پہلے دو ماہ کے دوران اس وائرس کے ہاتھوں قریب گیارہ سو افراد ہلاک ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/1Ek2u
تصویر: picture alliance/landov

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق حکام نے آج پیر کے روز بتایا کہ اس سال صرف جنوری اور فروری کے دو ماہ کے دوران بھارت میں جتنے شہری سوائن فلو وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو گئے، ان کی مجموعی تعداد کم از کم بھی 1075 بنتی ہے۔ سال رواں کے پہلے دو ماہ کے دوران ان ہلاکتوں کی تعداد پورے 2014ء کے دوران ایسی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد کے چار گنا سے بھی زیادہ ہوگئی۔

ڈی پی اے نے نئی دہلی میں بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ گزشتہ برس پورے ملک میں سوائن فلو وائرس کی وجہ سے انسانی ہلاکتوں کی تعداد صرف 214 رہی تھی لیکن اس سال صرف پہلے دو مہینوں کے دوران ہی یہ تعداد بےتحاشا اضافے کے ساتھ قریب گیارہ سو ہو چکی تھی۔

ان ہلاک شدگان میں بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر کا ایک سیاستدان بھی شامل تھا اور ایک ایسی 70 سالہ خاتون سیاح بھی جس کا تعلق سوئٹزرلینڈ سے تھا اور جو اسی وائرس کا شکار ہو کر ریاست راجستھان میں انتقال کر گئی۔

اخباری رپورٹوں کے مطابق بھارت میں ابھی حال ہی میں جو افراد سوائن فلو کے وائرس کا شکار ہوئے، ان میں ریاست گجرات کی کابینہ کے دو وزراء بھی شامل ہیں اور بالی وُڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور بھی۔

Indien Schweinegrippe
رواں برس کے پہلے دو ماہ میں اس وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں ساڑھے دس ہزار سے زائد ہیںتصویر: picture alliance/AP Photo

نئی دہلی میں ملکی وزارت صحت کے حکام کے مطابق سوائن فلو کے وائرس نے اب تک جن یونین ریاستوں کو متاثر کیا ہے، ان میں گجرات، راجستھان، نئی دہلی، مہاراشٹر اور تیلنگانہ شامل ہیں۔ ان ریاستوں میں سے بھی سوائن فلو کے مہلک ثابت ہو سکنے والے وائرس نے گجرات کو سب سے بری طرح متاثر کیا ہے۔

نئی دہلی میں ملکی وزارت صحت کی خاتون ترجمان منیشا ورما نے صحافیوں کو بتایا کہ سال رواں کے پہلے دو ماہ کے دوران پورے ملک میں سوائن فلو کے وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 19 ہزار 972 ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس 2014ء میں اس بیماری کے رجسٹرڈ واقعات کی سالانہ تعداد 14 ہزار 673 رہی تھی۔

منیشا ورما کے بقول صرف جنوری اور فروری کے دو مہینوں میں اس وائرس کا شکار ہونے والے بھارتی باشندوں کی تعداد پورے 2010ء میں ریکارڈ کی گئی ایسے مریضوں کی تعداد کے تقریباﹰ برابر ہو گئی تھی۔

2010ء بھارت میں سوائن فلو کی وباء کے حوالے سے گزشتہ پانچ برسوں میں سے بدترین سال تھا۔ تب 20 ہزار 604 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے تھے اور ان میں سے 1763 کے لیے یہ وائرس جان لیوا ثابت ہوا تھا۔ بھارت میں انسانوں میں سوائن فلو کے وائرس کی موجودگی کی پہلی مرتبہ تصدیق 2009ء میں ہوئی تھی۔