1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، بائرن میونخ ڈرا کے باوجود بدستور پہلی پوزیشن پر

عاطف توقیر27 اکتوبر 2014

جرمنی کی قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے نویں میچ ڈے کے سلسلے میں اتوار کے روز بائرن میونخ اور میونشن گلاڈباخ کے درمیان کھیلا گیا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

https://p.dw.com/p/1Dcmh
تصویر: picture-alliance/dpa

اتوار کے روز دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ انتہائی تیز رفتار تھا، حریفوں نے ایک دوسرے کے گول پر تابڑتوڑ حملے کیے، تاہم کوئی بھی ٹیم بال گول میں پہنچانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں یہ پہلا موقع ہے کہ بائرن میونخ کی ٹیم کو پوائٹس کے خسارے کا سامنا ہوا ہے، اس سے قبل اس شہرت یافتہ کلب نے اپنے تمام میچز جیتے ہیں۔

اس میچ میں بال زیادہ تر بائرن میونخ کے قبضے میں رہی، تاہم گلاڈباخ کی ٹیم کے پاس جب جب بال آئی، اُس نے اُسے میونخ کے گول پر پہنچانے کی کوشش کی ۔

میزبان میونشن گلاڈباخ کی کوشش یہ تھی کہ میونخ کے حملوں کو روکا جائے اور تیز رفتار جوابی حملہ کیا جائے، تاکہ مہمان ٹیم پر دباؤ بنایا جائے۔ اس منصوبہ بندی میں گلاڈباخ کی ٹیم ایک بار بال گول میں پہنچاتے پہنچاتے رہ گئی، اگر ایسا ہو جاتا، تو جرمن چیمپیئن بائرن میونخ کو اس سیزن کی پہلی شکست کا منہ دیکھنا پڑ سکتا تھا۔

گلاڈباخ کے کوچ لوسین فاورے نے میچ کے بعد پرجوش انداز میں کہا، ’ہم نے ذہانت سے دفاع کیا اور بائرن میونخ کو اپنے دباؤ میں رکھا۔ میں اس پوائنٹس سے خوش ہوں۔‘

اس میچ میں بائرن میونخ کے گول کیپر مانویل نویر نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور گلاڈباخ کے اسٹرائیکر کھلاڑیوں رافائیل، ماکس کروزے، پیٹرک ہیرمان کے کئی شاندار حملے ناکام بنائے۔ دوسری جانب کھیل کے پہلے ہاف میں میونخ کے کھلاڑی ڈیوڈ البا کی زبردست کک گول پوسٹ سے ٹکرا کر لوٹ آئی اور میونخ برتری قائم کرتے کرتے رہ گئی۔

میچ کے بعد گلاڈباخ کے مڈفیلڈر کرسٹوف کرامر کا کہنا تھا، ’اگر بائرن کے پاس گول کیپر نویر نہ ہوتا، تو انہیں ایک یا دو گول کھانے پڑتے۔ ہم نے یہ میچ ایک بہت مضبوط ٹیم کے لیے بہت مشکل بنا دیا تھا۔‘

اس میچ سے قبل وولفس برگ نے سیزن میں اب تک ناقابل شکست مائنز کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ اس فتح کے بعد وولفس برگ نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن نمبر تین کر لی ہے۔ چوتھی پوزیشن پر ہوفن ہائم کی ٹیم براجمان ہے۔ مائنز کے خلاف وولفس برگ کی جانب سے نالڈو، پیریسِک اور کالی گُوری نے گول کیے۔ اس میچ میں 15ویں ہی منٹ میں وولفس برگ کی ٹیم نے برتری حاصل کر لی اور پھر اس میں اضافہ ہی کرتی چلی گئی۔

ادھر ہفتے کے روز کھیلے گیا ایک میچ ڈورٹمنڈ کی ٹیم کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا۔ اس میچ میں ہیننوور کی ٹیم نے ڈورٹمنڈ کی مضبوط ٹیم کو ایک صفر کی اپ سیٹ شکست دی۔ یہ ڈورٹمنڈ کی چوتھی مسلسل شکست تھی۔ اس شکست کے بعد پچھلے سیزن میں دوسرے نمبر پر آنے والی ڈورٹمنڈ کی ٹیم 15 ویں نمبر پر چلی گئی ہے۔ ہیننوور کی ٹیم 16ویں پوزیشن پر ہے۔

اگلے ہفتے ڈورٹمنڈ کا مقابلہ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر موجود ٹیم بائرن میونخ سے ہو گا۔

یہ بات اہم ہے کہ چیمپیئنز لیگ میں ڈورٹمنڈ کی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، تاہم ڈومیسٹک میچوں میں وہ ایک بالکل مختلف ٹیم نظر آ رہی ہے۔ بدھ کے روز چیمپیئنز لیگ کے ایک میچ میں ڈورٹمنڈ نے گالاٹاسرے کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں چار کی گول کی واضح شکست دی تھی۔

ادھر ہفتے کے روز بنڈس لیگا کلب بریمن نے کولون کی ٹیم سے ایک صفر کی شکست کے فوری بعد اپنے کوچ روبن ڈت کو برطرف کر دیا ہے۔ بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں ہیمبرگ کے مرکو زلومکا اور شالکے کے جینز کیلر کی برطرفی کے بعد ڈت وہ تیسرے کوچ ہیں، جنہیں کسی ٹیم نے برطرف کیا ہے۔