1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بن لادن آپریشن سے متعلق پہلی فلم 2.7 ملین ناظرین نے دیکھی

Afsar Awan6 نومبر 2012

القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے لیے کیے جانے والے خفیہ امریکی آپریشن پر تیار کی گئی پہلی فلم اتوار کے روز امریکا میں ٹیلی وژن پر دکھائی گئی۔ نیشنل جیوگرافک چینل کے مطابق یہ فلم قریب 27 لاکھ افراد نے دیکھی۔

https://p.dw.com/p/16doh
تصویر: AP

90 منٹ کی اس ایکشن تھرلر فلم کا نام ’’سِیل ٹیم سِکس: دی ریڈ آن اسامہ بن لادن‘‘ ہے۔ اکتوبر میں جب اس فلم کو امریکی کیبل ٹیلی وژن پر ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان کیا گیا تھا تو اس پر کافی بحث مباحثہ ہوا۔ اس کی وجہ ریلیز کی تاریخ کا امریکی صدارتی انتخابات سے محض دو دن قبل ہونا تھا۔ چہ میگوئیوں میں شدت کی ایک وجہ اس فلم کی تیاری میں ہالی وڈ کی معروف شخصیت ہاروے وائن شٹائن (Harvey Weinstein) کی شرکت ہے، جو امریکی صدر باراک اوباما کی انتخابی مہم کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے والے ایک نمایاں فرد ہیں۔

مئی 2011ء میں پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں امریکی نیوی سیلز کے ایک خفیہ آپریشن میں اسامہ بن لادن کو ہلاک کر دیا گیا تھا
مئی 2011ء میں پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں امریکی نیوی سیلز کے ایک خفیہ آپریشن میں اسامہ بن لادن کو ہلاک کر دیا گیا تھاتصویر: dapd/ABC News

میڈیا ٹائیکون روپرٹ مرڈوک کے عالمی میڈیا ایمپائر میں شامل نیشنل جیوگرافک چینل کا کہنا ہے کہ ’سِیل ٹیم سِکس‘ رواں برس اس کے اہم ترین ٹیلی وژن شوز میں سے ایک تھا۔ مزید یہ کہ اس کی طرف سے ٹیلی کاسٹ کیے جانے والے شوز میں سے یہ فلم ناظرین کی تعداد سے چھٹے نمبر پر رہی ہے۔

نیشنل جیوگرافک کے صدر ہاورڈ اوونز (Howard Owens) کے مطابق، ’’اگر یہ فلم اس اختتام ہفتہ پر سنیما گھروں میں لگتی تو یہ امریکا کی نمبر ایک فلم ثابت ہو سکتی تھی۔‘‘

ڈاکومینٹری طرز کی اس فلم میں کئی مقامات پر آرکائیوز سے حاصل کردہ صدر باراک اوباما کی فوٹیج بھی شامل کی گئی ہے، تاہم فلم ڈائریکٹر جان اسٹاک ویل نے اس تاثر کی نفی کی ہے کہ اس سے ووٹرز پر کوئی اثر پڑے گا۔ اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا، ’’یہ نہ تو کبھی اس حوالے سے لکھی گئی تھی اور نہ ہی اس سوچ کے ساتھ اسے فلمایا گیا ہے۔‘‘

ڈاکومینٹری طرز کی اس فلم میں کئی مقامات پر آرکائیوز سے حاصل کردہ صدر باراک اوباما کی فوٹیج بھی شامل کی گئی ہے
ڈاکومینٹری طرز کی اس فلم میں کئی مقامات پر آرکائیوز سے حاصل کردہ صدر باراک اوباما کی فوٹیج بھی شامل کی گئی ہےتصویر: Reuters

القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن نے نیویارک اور واشنگٹن میں گیارہ ستمبر 2001ء کو ہونے والے حملوں کے احکامات جاری کیے تھے۔ مئی 2011ء میں پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں امریکی نیوی سیلز کے ایک خفیہ آپریشن میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت امریکی صدر کی پہلی مدت میں اہم کامیابی قرار دی جاتی ہے۔

اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے حوالے سے ہی بنائی جانے والی ایک اور فلم ’زیرو ڈارک تھرٹی‘ کی سینماؤں میں ریلیز اگلے برس جنوری میں طے ہے۔ اس فلم کے ڈائریکٹر Kathryn Bigelow عراق جنگ کے حوالے سے بنائی جانے والی فلم ’ہرٹ لاکر‘ پر آسکر ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔

aba/aa (AFP)