1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برلن میں تاثریت اور اظہاریت پسندانہ فن پاروں کی نمائش

کشور مصطفیٰ22 مئی 2015

جرمن دارالحکومت برلن کے مشہور زمانہ اولڈ نیشنل گیلری میوزیم میں آج جمعہ بائیس مئی سے فنِ مصوری کی دو اہم اصناف تاثریت اور اظہاریت پسندی کے ایک سو ساٹھ شاہکاروں کی نمائش شروع ہو رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/1FUR5
تصویر: picture-alliance/dpa

برلن کی اس تاریخی آرٹ گیلری میں منعقد ہونے والی اس نمائش میں رکھی گئی ڈیڑھ سو سے زائد تصاویر میں سے قریب 100 برلن ہی کے مختلف عجائب گھروں سے لی گئی ہیں۔ برلن کے سرکاری عجائب گھروں کے ڈائریکٹر جنرل میشائل آئزن ہاؤزر اس بارے میں بڑے فخر سے کہتے ہیں، ’’یہ ایک سنسنی خیز بات ہے کہ ہمارے فنی خزانوں میں اتنا کچھ موجود ہے کہ ہم ان کی مدد سے اس نوعیت کی نمائش کا اہتمام کر سکتے ہیں۔‘‘

فن مصوری کی دو اہم اصناف تاثریت اور اظہاریت پسندی کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس میں شہری زندگی میں دستیاب سہولتوں مثلاً سڑکوں، پُلوں اور ریل گاڑیوں وغیرہ کی عکاسی کی جاتی ہے۔ مثال کے طور پر جرمن تاثریت پسند مصور لیزراوری نے برلن جیسے بڑے شہر کی ایک بارش والی رات کے منظر کو پیش کرتے ہوئے اپنی تصویر میں 1889ء کے برلن کی ایک سڑک کی منظر کشی میں گیس کے لالٹین کی روشنی میں اس سڑک کے ارد گرد کے علاقوں کے منظر کی جھلک دکھانے کی کوشش کی ہے۔

Stroke urban art fair Berlin Frankreich Shaka
ایک فرانسیسی آرٹسٹ کا فنی شاہکارتصویر: DW/C.Nippard

برلن کی آرٹ گیلری کی زینت بننے والی فرانسیسی مصور کامیل پسارو کی مشہور زمانہ تصویر ’بولیوارڈ موماغتغ‘ کے ساتھ ساتھ ایک جرمن مصور کی ایک تصویر نمائش کے لیے رکھی گئی ہے۔ ایک طرف پیرس کی جگمگاتی شاہراہ کی روشنیوں کی آئل پینٹ کے مدھم چھینٹوں سے اس انداز میں نقاشی والی فن مصوری کی ایک اہم صنف ’تاثریت‘ کا انوکھا شاہکار رکھا گیا ہے تو دوسری طرف اس کے مد مقابل انیسویں صدی کے جرمن مصور اور فن مصوری کی دوسری اہم صنف ’اظہاریت‘ کے ماہر لُڈوِگ کِرشنر کی 1912ء کی وہ شاہکار تصویر نمائش کے لیے رکھی گئی ہے جس میں اُس وقت کے شہر برلن کی ایک سڑک کی شوخ زرد، نیلے اور سیاہ رنگوں سے عکاسی کی گئی ہے۔ اسے دیکھتے ہی کہا جا سکتا ہے کہ یہ فرانسیسی مصور کے ’تاثریت‘ کے شاہکار فن پارے کا رد عمل اور ’اظہاریت‘ کا شاہکار ہے۔

Laura Welch Bush, Frau von Georg W. Bush und Doris Schröder-Köpf im Museum "Alte Nationalgalerie" in Berlin
برلن کی تاریخی آرٹ گیلریتصویر: AP

ان دونوں شاہکاروں کو ایک دوسرے کی ضد کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ برلن آرٹ گیلری کی اس نمائش میں فرانسیسی اور جرمن مصوروں کے ان شاہکاروں کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

برلن کے اولڈ نیشنل گیلری میوزیم میں 22 مئی سے شروع ہونے والی یہ نمائش 20 ستمبر تک جاری رہے گی جس میں شائقین کی ایک بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید